امثال 1:9-12

امثال 1:9-12 URD

حِکمت نے اپنا گھر بنا لِیا۔ اُس نے اپنے ساتوں سُتُون تراش لِئے ہیں۔ اُس نے اپنے جانوروں کو ذبح کر لِیا اور اپنی مَے مِلا کر تیّار کر لی۔ اُس نے اپنا دسترخوان بھی چُن لِیا۔ اُس نے اپنی سہیلیوں کو روانہ کِیا ہے۔ وہ خُود شہر کی اُونچی جگہوں پر پُکارتی ہے۔ جو سادہ دِل ہے اِدھر آ جائے۔ اور بے عقل سے وہ یہ کہتی ہے آؤ! میری روٹی میں سے کھاؤ اور میری مِلائی ہُوئی مَے میں سے پِیو۔ اَے سادہ دِلو! باز آؤ اور زِندہ رہو اور فہم کی راہ پر چلو۔ ٹھٹھّاباز کو تنبِیہ کرنے والا لَعن طعن اُٹھائے گا اور شرِیر کو ملامت کرنے والے پر دھبّا لگے گا۔ ٹھٹّھاباز کو ملامت نہ کر۔ نہ ہو کہ وہ تُجھ سے عداوت رکھنے لگے۔ دانا کو ملامت کر اور وہ تُجھ سے مُحبّت رکھّے گا۔ دانا کو تربِیّت کر اور وہ اَور بھی دانا بن جائے گا۔ صادِق کو سِکھا اور وہ عِلم میں ترقّی کرے گا۔ خُداوند کا خَوف حِکمت کا شرُوع ہے اور اُس قُدُّوس کی پہچان فہم ہے۔ کیونکہ میری بدَولت تیرے ایّام بڑھ جائیں گے اور تیری زِندگی کے سال زِیادہ ہوں گے۔ اگر تُو دانا ہے تو اپنے لِئے اور اگر تُو ٹھٹّھاباز ہے تو خُود ہی بُھگتے گا۔