YouVersion Logo
تلاش

فِلِپّیوں 1:1-13

فِلِپّیوں 1:1-13 URD

مسِیح یِسُوع کے بندوں پَولُس اور تِیمُتِھیُس کی طرف سے فِلِپّی کے سب مُقدّسوں کے نام جو مسِیح یِسُوعؔ میں ہیں نِگہبانوں اور خادِموں سمیت۔ ہمارے باپ خُدا اور خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کی طرف سے تُمہیں فضل اور اِطمِینان حاصِل ہوتا رہے۔ مَیں جب کبھی تُمہیں یاد کرتا ہُوں تو اپنے خُدا کا شُکر بجا لاتا ہُوں۔ اور ہر ایک دُعا میں جو تُمہارے لِئے کرتا ہُوں ہمیشہ خُوشی کے ساتھ تُم سب کے لِئے درخواست کرتا ہُوں۔ اِس لِئے کہ تُم اوّل روز سے لے کر آج تک خُوشخبری کے پَھیلانے میں شرِیک رہے ہو۔ اور مُجھے اِس بات کا بھروسا ہے کہ جِس نے تُم میں نیک کام شرُوع کِیا ہے وہ اُسے یِسُوع مسِیح کے دِن تک پُورا کر دے گا۔ چُنانچہ واجِب ہے کہ مَیں تُم سب کی بابت اَیسا ہی خیال کرُوں کیونکہ تُم میرے دِل میں رہتے ہو اور میری قَید اور خُوشخبری کی جواب دِہی اور ثبُوت میں تُم سب میرے ساتھ فضل میں شرِیک ہو۔ خُدا میرا گواہ ہے کہ مَیں مسِیح یِسُوعؔ کی سی اُلفت کر کے تُم سب کا مُشتاق ہُوں۔ اور یہ دُعا کرتا ہُوں کہ تُمہاری مُحبّت عِلم اور ہر طرح کی تمِیز کے ساتھ اَور بھی زِیادہ ہوتی جائے۔ تاکہ عُمدہ عُمدہ باتوں کو پسند کر سکو اور مسِیح کے دِن تک صاف دِل رہو اور ٹھوکر نہ کھاؤ۔ اور راست بازی کے پَھل سے جو یِسُوعؔ مسِیح کے سبب سے ہے بھرے رہو تاکہ خُدا کا جلال ظاہِر ہو اور اُس کی سِتایش کی جائے۔ اور اَے بھائِیو! مَیں چاہتا ہُوں تُم جان لو کہ جو مُجھ پر گُذرا وہ خُوشخبری کی ترقّی ہی کا باعِث ہُؤا۔ یہاں تک کہ قَیصری سِپاہیوں کی ساری پلٹن اور باقی سب لوگوں میں مشہُور ہو گیا کہ مَیں مسِیح کے واسطے قَید ہُوں۔