عبدؔیاہ کی رویا:- ہم نے خُداوند سے خبر سُنی اور قَوموں کے درمِیان ایلچی یہ پَیغام لے گیا کہ چلو اُس پر حملہ کریں۔ خُداوند خُدا ادُوؔم کی بابت یُوں فرماتا ہے۔ کہ دیکھ مَیں نے تُجھے قَوموں کے درمِیان حقِیر کر دِیا ہے۔ تُو نِہایت ذلِیل ہے۔ اَے چٹانوں کے شِگافوں میں رہنے والے تیرے دِل کے گھمنڈ نے تُجھے دھوکا دِیا ہے۔ تیرا مکان بُلند ہے اور تُو دِل میں کہتا ہے کَون مُجھے نِیچے اُتارے گا؟ خُداوند فرماتا ہے اگرچہ تُو عُقاب کی مانِند بُلند پرواز ہو اور سِتاروں میں اپنا آشیانہ بنائے تَو بھی مَیں تُجھے وہاں سے نِیچے اُتارُوں گا۔ اگر تیرے گھر میں چور آئیں یا رات کو ڈاکُو آ گُھسیں (تیری کَیسی بربادی ہے!) تو کیا وہ حسبِ خواہِش ہی نہ لیں گے؟ اگر انگُور توڑنے والے تیرے پاس آئیں تو کیا کُچھ دانے باقی نہ چھوڑیں گے؟ عیسَو کا مال کَیسا ڈُھونڈ نِکالا گیا اور اُس کے پوشِیدہ خزانوں کی کَیسی تلاش ہُوئی! تیرے سب حِمایتیوں نے تُجھے سرحد تک ہانک دِیا ہے اور اُن لوگوں نے جو تُجھ سے میل رکھتے تھے تُجھے فریب دِیا اور مغلُوب کِیا اور اُنہوں نے جو تیری روٹی کھاتے تھے تیرے نِیچے جال بِچھایا۔ اُس میں ذرّہ دانائی نہیں۔ خُداوند فرماتا ہے کیا مَیں اُس روز ادُوؔم سے داناؤں کو اور عقل مندی کو کوہِستانِ عیسَو سے نابُود نہ کرُوں گا؟ اَے تِیماؔن تیرے بہادُر گھبرا جائیں گے یہاں تک کہ کوہِستانِ عیسَو کے باشِندوں میں سے ہر ایک کاٹ ڈالا جائے گا۔ اُس قتل کے باعِث اور اُس ظُلم کے سبب سے جو تُو نے اپنے بھائی یعقُوبؔ پر کِیا ہے تُو خجالت سے مُلبّس اور ہمیشہ کے لِئے نیست ہو گا۔ جِس روز تُو اُس کے مُخالِفوں کے ساتھ کھڑا تھا۔ جِس روز اجنبی اُس کے لشکر کو اسِیر کر کے لے گئے اور بیگانوں نے اُس کے پھاٹکوں سے داخِل ہو کر یروشلیِم پر قُرعہ ڈالا تُو بھی اُن کے ساتھ تھا۔ تُجھے لازِم نہ تھا کہ تُو اُس روز اپنے بھائی کی جلاوطنی کو کھڑا دیکھتا رہتا اور بنی یہُوداؔہ کی ہلاکت کے روز شادمان ہوتا اور مُصِیبت کے روز لاف زنی کرتا۔ تُجھے مُناسب نہ تھا کہ تُو میرے لوگوں کی مُصِیبت کے روز اُن کے پھاٹکوں میں گُھستا اور اُن کی مُصِیبت کے روز اُن کی بد حالی کو کھڑا دیکھتا رہتا اور اُن کے لشکر پر ہاتھ بڑھاتا۔ تُجھے لازِم نہ تھا کہ گھاٹی میں کھڑا ہو کر اُس کے فراریوں کو قتل کرتا اور اُس دُکھ کے دِن میں اُس کے باقی ماندہ لوگوں کو حوالہ کرتا۔ کیونکہ سب قَوموں پر خُداوند کا دِن آ پُہنچا ہے۔ جَیسا تُو نے کِیا ہے وَیسا ہی تُجھ سے کِیا جائے گا۔ تیرا کِیا تیرے سر پر آئے گا۔ کیونکہ جِس طرح تُم نے میرے کوہِ مُقدّس پر پِیا اُسی طرح سب قَومیں پِیا کریں گی ہاں پِیتی اور نِگلتی رہیں گی اور وہ اَیسی ہوں گی گویا کبھی تِھیں ہی نہیں۔ لیکن جو بچ نِکلیں گے کوہِ صِیُّون پر رہیں گے اور وہ مُقدّس ہو گا اور یعقُوبؔ کا گھرانا اپنی مِیراث پر قابِض ہو گا۔ تب یعقُوبؔ کا گھرانا آگ ہو گا اور یُوسفؔ کا گھرانا شُعلہ اور عیسَو کا گھرانا پُھوس اور وہ اُس میں بھڑکیں گے اور اُس کو کھا جائیں گے اور عیسَو کے گھرانے میں سے کوئی نہ بچے گا کیونکہ یہ خُداوند کا فرمان ہے۔ اور جنُوب کے رہنے والے کوہِستانِ عیسَو اور مَیدان کے باشِندے فلِستِین کے مالِک ہوں گے اور وہ اِفرائِیم اور سامرؔیہ کے کھیتوں پر قابِض ہوں گے اور بِنیمِین جِلعاد کا وارِث ہو گا۔ اور بنی اِسرائیل کے لشکر کے سب اسِیر جو کنعانیوں میں صارؔپت تک ہیں اور یروشلیِم کے اسِیر جو سِفاراد میں ہیں جنُوب کے شہروں پر قابِض ہو جائیں گے۔ اور رہائی دینے والے کوہِ صِیُّون پر چڑھیں گے تاکہ کوہِستانِ عیسَو کی عدالت کریں اور سلطنت خُداوند کی ہو گی۔
پڑھیں عبدیاہ 1
سنیں عبدیاہ 1
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: عبدیاہ 1:1-21
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos