YouVersion Logo
تلاش

گِنتی 21:21-35

گِنتی 21:21-35 URD

اور اِسرائیلِیوں نے امورِیوں کے بادشاہ سِیحوؔن کے پاس ایلچی روانہ کِئے اور یہ کہلا بھیجا کہ ہم کو اپنے مُلک سے گُذر جانے دے۔ ہم کھیتوں اور انگُور کے باغوں میں نہیں گُھسیں گے اور نہ کُنوؤں کا پانی پِئیں گے بلکہ شاہراہ سے سِیدھے چلے جائیں گے جب تک تیری حد کے باہر نہ ہو جائیں۔ پر سِیحوؔن نے اِسرائیلِیوں کو اپنی حد میں سے گُذرنے نہ دِیا بلکہ سِیحوؔن اپنے سب لوگوں کو اِکٹّھا کر کے اِسرائیلِیوں کے مُقابلہ کے لِئے بیابان میں پُہنچا اور اُس نے یَہض میں آ کر اِسرائیلِیوں سے جنگ کی۔ اور اِسرائیلؔ نے اُسے تلوار کی دھار سے مارا اور اُس کے مُلک پر اَرنوؔن سے لے کر یَبّوق تک جہاں بنی عَمّون کی سرحد ہے قبضہ کر لِیا کیونکہ بنی عَمّون کی سرحد مضبُوط تھی۔ سو بنی اِسرائیل نے یہاں کے سب شہروں کو لے لِیا اور امورِیوں کے سب شہروں میں یعنی حسبون اور اُس کے آس پاس کے قصبوں میں بنی اِسرائیل بس گئے۔ حسبون امورِیوں کے بادشاہ سِیحوؔن کا شہر تھا۔ اِس نے موآب کے اگلے بادشاہ سے لڑ کر اُس کے سارے مُلک کو اَرنوؔن تک اُس سے چِھین لِیا تھا۔ اِسی سبب سے مثل کہنے والوں کی یہ کہاوت ہے کہ حسبون میں آؤ تاکہ سِیحوؔن کا شہر بنایا اور مضبُوط کِیا جائے۔ کیونکہ حسبون سے آگ نِکلی۔ سِیحوؔن کے شہر سے شُعلہ برآمد ہُؤا۔ اِس نے موآب کے عار شہر کو اور اَرنون کے اُونچے مقامات کے سرداروں کو بھسم کر دِیا۔ اَے موآب! تُجھ پر نَوحہ ہے۔ اَے کموس کے ماننے والو! تُم ہلاک ہُوئے۔ اُس نے اپنے بیٹوں کو جو بھاگے تھے اور اپنی بیٹِیوں کو اسِیروں کی مانِند امورِیوں کے بادشاہ سِیحوؔن کے حوالہ کِیا۔ ہم نے اُن پر تِیر چلائے سو حسبوؔن دِیبوؔن تک تباہ ہو گیا بلکہ ہم نے نفَح تک سب کُچھ اُجاڑ دِیا۔ وہ نفَح جو مِیدؔبا سے مُتّصِل ہے۔ پس بنی اِسرائیل امورِیوں کے مُلک میں رہنے لگے۔ اور مُوسیٰ نے یَعزیر کی جاسُوسی کرائی۔ پِھر اُنہوں نے اُس کے گاؤں لے لِئے اور امورِیوں کو جو وہاں تھے نِکال دِیا۔ اور وہ گُھوم کر بسن کے راستہ سے آگے کو بڑھے اور بسن کا بادشاہ عوج اپنے سارے لشکر کو لے کر نِکلا تاکہ ادرؔعی میں اُن سے جنگ کرے۔ اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا اُس سے مت ڈر کیونکہ مَیں نے اُسے اور اُس کے سارے لشکر کو اور اُس کے مُلک کو تیرے حوالہ کر دِیا ہے۔ سو جَیسا تُو نے امورِیوں کے بادشاہ سِیحوؔن کے ساتھ جو حسبوؔن میں رہتا تھا کِیا ہے وَیسا ہی اِس کے ساتھ بھی کرنا۔ چُنانچہ اُنہوں نے اُس کو اور اُس کے بیٹوں اور سب لوگوں کو یہاں تک مارا کہ اُس کا کوئی باقی نہ رہا اور اُس کے مُلک کو اپنے قبضہ میں کر لِیا۔ موآب کا بادشاہ بلعام کو بُلواتا ہے

پڑھیں گِنتی 21

سنیں گِنتی 21