YouVersion Logo
تلاش

گِنتی 1:13-33

گِنتی 1:13-33 URD

اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ تُو آدمِیوں کو بھیج کہ وہ مُلکِ کنعاؔن کا جو مَیں بنی اِسرائیل کو دیتا ہُوں حال دریافت کریں۔ اُن کے باپ دادا کے ہر قبِیلہ سے ایک آدمی بھیجنا جو اُن کے ہاں کا رئِیس ہو۔ چُنانچہ مُوسیٰؔ نے خُداوند کے اِرشاد کے مُوافِق دشتِ فارانؔ سے اَیسے آدمی روانہ کِئے جو بنی اِسرائیل کے سردار تھے۔ اُن کے یہ نام تھے۔ رُوبنؔ کے قبِیلہ سے زکُورؔ کا بیٹا سَمّوؔعَ۔ اور شمعُوؔن کے قبِیلہ سے حورؔی کا بیٹا سافطؔ۔ اور یہُوداؔہ کے قبِیلہ سے یفُنّہؔ کا بیٹا کالِبؔ۔ اور اِشکارؔ کے قبِیلہ سے یُوسفؔ کا بیٹا اِجالؔ۔ اور اِفرائِیمؔ کے قبِیلہ سے نُونؔ کا بیٹا ہوسِیعؔ۔ اور بِنیمِینؔ کے قبِیلہ سے رفُوؔ کا بیٹا فَلتیؔ۔ اور زبُولُونؔ کے قبِیلہ سے سودؔی کا بیٹا جدّی ایلؔ۔ اور یُوسفؔ کے قبِیلہ یعنی منَسّیؔ کے قبِیلہ سے سُوسیؔ کا بیٹا جدّؔی۔ اور دانؔ کے قبِیلہ سے جملّیؔ کا بیٹا عَمی ایلؔ۔ اور آشرؔ کے قبِیلہ سے مِیکااؔیل کا بیٹا ستُورؔ۔ اور نفتالیؔ کے قبِیلہ سے وُفسیؔ کا بیٹا نخبیؔ۔ اور جدؔ کے قبِیلہ سے ماکیؔ کا بیٹا جیُوایلؔ۔ یِہی اُن لوگوں کے نام ہیں جِن کو مُوسیٰؔ نے مُلک کا حال دریافت کرنے کو بھیجا تھا اور نُونؔ کے بیٹے ہوسِیعؔ کا نام مُوسیٰؔ نے یشُوعؔ رکھّا۔ اور مُوسیٰؔ نے اُن کو روانہ کِیا تاکہ مُلکِ کنعاؔن کا حال دریافت کریں اور اُن سے کہا کہ تُم اِدھر جنُوب کی طرف سے جا کر پہاڑوں میں چلے جانا۔ اور دیکھنا کہ وہ مُلک کَیسا ہے اور جو لوگ وہاں بسے ہُوئے ہیں وہ کَیسے ہیں۔ زورآور ہیں یا کمزور اور تھوڑے سے ہیں یا بُہت۔ اور جِس مُلک میں وہ آباد ہیں وہ کَیسا ہے۔ اچھّا ہے یا بُرا اور جِن شہروں میں وہ رہتے ہیں وہ کَیسے ہیں۔ آیا وہ خَیموں میں رہتے ہیں یا قلعوں میں۔ اور وہاں کی زمِین کَیسی ہے زرخیز ہے یا بنجر اور اُس میں درخت ہیں یا نہیں۔ تُمہاری ہمت بندھی رہے اور تُم اُس مُلک کا کُچھ پَھل لیتے آنا اور وہ مَوسم انگُور کی پہلی فصل کا تھا۔ سو وہ روانہ ہُوئے اور دشتِ صِینؔ سے رحوبؔ تک جو حَمات ؔکے راستہ میں ہے مُلک کو خُوب دیکھا بھالا۔ اور وہ جنُوب کی طرف سے ہوتے ہُوئے حبُرونؔ تک گئے جہاں عناقؔ کے بیٹے اخیمانؔ اور سِیسیؔ اور تلمَیؔ رہتے تھے (اور حبُرونؔ ضُعنؔ سے جو مِصرؔ میں ہے سات برس آگے بسا تھا)۔ اور وہ وادیِ اِسکالؔ میں پُہنچے۔ وہاں سے اُنہوں نے انگُور کی ایک ڈالی کاٹ لی جِس میں ایک ہی گُچّھا تھا اور جِسے دو آدمی ایک لاٹھی پر لٹکائے ہُوئے لے کر گئے اور وہ کُچھ انار اور انجِیر بھی لائے۔ اُسی گُچّھے کے سبب سے جِسے اِسرائیلِیوں نے وہاں سے کاٹا تھا اُس جگہ کا نام وادیِ اِسکالؔ پڑ گیا۔ اور چالِیس دِن کے بعد وہ اُس مُلک کا حال دریافت کر کے لَوٹے۔ اور وہ چلے اور مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے پاس دشتِ فارانؔ کے قادِسؔ میں آئے اور اُن کو اور ساری جماعت کو سب کَیفِیّت سُنائی اور اُس مُلک کا پَھل اُن کو دِکھایا۔ اور مُوسیٰؔ سے کہنے لگے کہ جِس مُلک میں تُو نے ہم کو بھیجا تھا ہم وہاں گئے اور واقِعی دُودھ اور شہد اُس میں بہتا ہے اور یہ وہاں کا پَھل ہے۔ لیکن جو لوگ وہاں بسے ہُوئے ہیں وہ زورآور ہیں اور اُن کے شہر بڑے بڑے اور فصِیل دار ہیں اور ہم نے بنی عناقؔ کو بھی وہاں دیکھا۔ اُس مُلک کے جنُوبی حِصّہ میں تو عَمالیقی آباد ہیں اور حِتّی اور یبُوسی اور امُوری پہاڑوں پر رہتے ہیں اور سمُندر کے ساحِل پر اور یَردنؔ کے کنارے کنارے کنعانی بسے ہُوئے ہیں۔ تب کالِبؔ نے مُوسیٰؔ کے سامنے لوگوں کو چُپ کرایا اور کہا کہ چلو ہم ایک دَم جا کر اُس پر قبضہ کریں کیونکہ ہم اِس قابِل ہیں کہ اُس پر تصرُّف کر لیں۔ لیکن جو اور آدمی اُس کے ساتھ گئے تھے وہ کہنے لگے کہ ہم اِس لائِق نہیں ہیں کہ اُن لوگوں پر حملہ کریں کیونکہ وہ ہم سے زِیادہ زورآور ہیں۔ اِن آدمِیوں نے بنی اِسرائیل کو اُس مُلک کی جِسے وہ دیکھنے گئے تھے بُری خبر دی اور یہ کہا کہ وہ مُلک جِس کا حال دریافت کرنے کو ہم اُس میں سے گُذرے ایک اَیسا مُلک ہے جو اپنے باشِندوں کو کھا جاتا ہے اور وہاں جِتنے آدمی ہم نے دیکھے وہ سب بڑے قدآور ہیں۔ اور ہم نے وہاں بنی عَناقؔ کو بھی دیکھا جو جبّار ہیں اور جبّاروں کی نسل سے ہیں اور ہم تو اپنی ہی نِگاہ میں اَیسے تھے جَیسے ٹِڈّے ہوتے ہیں اور اَیسے ہی اُن کی نِگاہ میں تھے۔

پڑھیں گِنتی 13

سنیں گِنتی 13