پِھر یشُوع اور قدمی ایل اور بانی اور حسبنیاؔہ اور سرِبیاؔہ اور ہُودیاؔہ اور سبنیاؔہ اور فتحیاہ لاویوں نے کہا کھڑے ہو جاؤ اور کہو خُداوند ہمارا خُدا ازل سے ابد تک مُبارک ہے تیرا جلالی نام مُبارک ہو جو سب حمد و تعرِیف سے بالا ہے۔ تُو ہی اکیلا خُداوند ہے۔ تُو نے آسمان اور آسمانوں کے آسمان کو اور اُن کے سارے لشکر کو اور زمِین کو اور جو کُچھ اُس پر ہے اور سمُندروں کو اور جو کُچھ اُن میں ہے بنایا اور تو اُن سبھوں کا پروردِگار ہے اور آسمان کا لشکر تُجھے سِجدہ کرتا ہے۔ تُو وہ خُداوند خُدا ہے جِس نے ابرامؔ کو چُن لِیا اور اُسے کسدیوں کے اُور سے نِکال لایا اور اُس کا نام ابرہامؔ رکھّا۔ تُو نے اُس کا دِل اپنے حضُور وفادار پایا اور کنعانیوں اور حتّیوں اور امُوریوں اور فرِزّیوں اور یبُوسیوں اور جرجاسیوں کا مُلک دینے کا عہد اُس سے باندھا تاکہ اُسے اُس کی نسل کو دے اور تُو نے اپنے سُخن پُورے کِئے کیونکہ تُو صادِق ہے۔ اور تُو نے مِصرؔ میں ہمارے باپ دادا کی مُصِیبت پر نظر کی اور بحرِ قُلزؔم کے کِنارے اُن کی فریاد سُنی۔ اور فرِعونؔ اور اُس کے سب نَوکروں اور اُس کے مُلک کی سب رعیّت پر نِشان اور عجائِب کر دِکھائے کیونکہ تُو جانتا تھا کہ وہ غرُور کے ساتھ اُن سے پیش آئے سو تیرا بڑا نام ہُؤا جَیسا آج ہے۔ اور تُو نے اُن کے آگے سمُندر کو دو حِصّے کِیا اَیسا کہ وہ سمُندر کے بِیچ سُوکھی زمِین پر ہو کر چلے اور تُو نے اُن کا پِیچھا کرنے والوں کو گہراؤ میں ڈالا جَیسا پتّھر سمُندر میں پھینکا جاتا ہے۔ اور تُو نے دِن کو بادل کے سُتُون میں ہو کر اُن کی راہنُمائی کی اور رات کو آگ کے سُتُون میں تاکہ جِس راستے اُن کو چلنا تھا اُس میں اُن کو رَوشنی مِلے۔ اور تُو کوہِ سِینا پر اُتر آیا اور تُو نے آسمان پر سے اُن کے ساتھ باتیں کِیں اور راست احکام اور سچّے قانُون اور اچھّے آئِین و فرمان اُن کو دِئے۔ اور اُن کو اپنے مُقدّس سبت سے واقِف کِیا اور اپنے بندہ مُوسیٰ کی معرفت اُن کو احکام اور آئِین اور شرِیعت دی۔ اور تُو نے اُن کی بُھوک مِٹانے کو آسمان پر سے روٹی دی اور اُن کی پِیاس بُجھانے کو چٹان میں سے اُن کے لِئے پانی نِکالا اور اُن کو فرمایا کہ وہ جا کر اُس مُلک پر قبضہ کریں جِس کو اُن کو دینے کی تُو نے قَسم کھائی تھی۔ لیکن اُنہوں نے اور ہمارے باپ دادا نے گھمنڈ کِیا اور گردن کش بنے اور تیرے حُکموں کو نہ مانا۔ اور فرمانبرداری سے اِنکار کِیا اور تیرے عجائِب کو جو تُو نے اُن کے درمِیان کِئے یاد نہ رکھّا بلکہ گردن کش بنے اور اپنی بغاوت میں اپنے لِئے ایک سردار مُقرّر کِیا تاکہ اپنی غُلامی کی طرف لَوٹ جائیں پر تُو وہ خُدا ہے جو رحِیم و کرِیم مُعاف کرنے کو تیّار اور قہر کرنے میں دِھیما اور شفقت میں غنی ہے۔ سو تُو نے اُن کو ترک نہ کِیا۔ پر جب اُنہوں نے اپنے لِئے ڈھالا ہُؤا بچھڑا بنا کر کہا یہ تیرا خُدا ہے جو تُجھے مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لایا اور یُوں غُصّہ دِلانے کے بڑے بڑے کام کِئے۔ تَو بھی تُو نے اپنی گُوناگُون رحمتوں سے اُن کو بیابان میں چھوڑ نہ دِیا۔ دِن کو بادل کا سُتُون اُن کے اُوپر سے دُور نہ ہُؤا تاکہ راستہ میں اُن کی راہنُمائی کرے اور نہ رات کو آگ کا سُتُون دُور ہُؤا تاکہ وہ اُن کو روشنی اور وہ راستہ دِکھائے جِس سے اُن کو چلنا تھا۔ اور تُو نے اپنی نیک رُوح بھی اُن کی تربِیّت کے لِئے بخشی اور منّ کو اُن کے مُنہ سے نہ روکا اور اُن کو پِیاس بُجھانے کو پانی دِیا۔ چالِیس برس تک تُو بیابان میں اُن کی پرورِش کرتا رہا۔ وہ کِسی چِیز کے مُحتاج نہ ہُوئے۔ نہ تو اُن کے کپڑے پُرانے ہُوئے اور نہ اُن کے پاؤں سُوجے۔ اِس کے سِوا تُو نے اُن کو مُملکتیں اور اُمّتیں بخشِیں جِن کو تُو نے اُن کے حِصّوں کے مُطابِق اُن کو بانٹ دِیا۔ چُنانچہ وہ سِیحُوؔن کے مُلک اور شاہِ حسبوؔن کے مُلک اور بسن کے بادشاہ عوج کے مُلک پر قابِض ہُوئے۔ اور تُو نے اُن کی اَولاد کو بڑھا کر آسمان کے سِتاروں کی مانِند کر دِیا اور اُن کو اُس مُلک میں لایا جِس کی بابت تُو نے اُن کے باپ دادا سے کہا تھا کہ وہ جا کر اُس پر قبضہ کریں۔ سو اُن کی اَولاد نے آ کر اِس مُلک پر قبضہ کِیا اور تُو نے اُن کے آگے اِس مُلک کے باشِندوں یعنی کنعانیوں کو مغلُوب کِیا اور اُن کو اُن کے بادشاہوں اور اِس مُلک کے لوگوں سمیت اُن کے ہاتھ میں کر دِیا کہ جَیسا چاہیں وَیسا اُن سے کریں۔ سو اُنہوں نے فصِیل دار شہروں اور زرخیز مُلک کو لے لِیا اور وہ سب طرح کے اچّھے مال سے بھرے ہُوئے گھروں اور کھودے ہُوئے کنُوؤں اور بُہت سے انگُورِستانوں اور زَیتُون کے باغوں اور پَھل دار درختوں کے مالِک ہُوئے۔ پِھر وہ کھا کر سیر ہُوئے اور موٹے تازہ ہو گئے اور تیرے بڑے اِحسان سے نِہایت حظ اُٹھایا۔ تَو بھی وہ نافرمان ہو کر تُجھ سے باغی ہُوئے اور اُنہوں نے تیری شرِیعت کو پِیٹھ پِیچھے پھینکا اور تیرے نبیوں کو جو اُن کے خِلاف گواہی دیتے تھے تاکہ اُن کو تیری طرف پِھرا لائیں قتل کِیا اور اُنہوں نے غُصّہ دِلانے کے بڑے بڑے کام کِئے۔ اِس لِئے تُو نے اُن کو اُن کے دُشمنوں کے ہاتھ میں کر دِیا جِنہوں نے اُن کو ستایا اور اپنے دُکھ کے وقت میں جب اُنہوں نے تُجھ سے فریاد کی تو تُو نے آسمان پر سے سُن لِیا اور اپنی گُوناگُون رحمتوں کے مُطابِق اُن کو چُھڑانے والے دِئے جِنہوں نے اُن کو اُن کے دُشمنوں کے ہاتھ سے چُھڑایا۔ لیکن جب اُن کو آرام مِلا تو اُنہوں نے پِھر تیرے آگے بدکاری کی اِس لِئے تُو نے اُن کو اُن کے دُشمنوں کے قبضہ میں چھوڑ دِیا سو وہ اُن پر مُسلّط رہے تَو بھی جب وہ رجُوع لائے اور تُجھ سے فریاد کی تو تُو نے آسمان پر سے سُن لِیا اور اپنی رحمتوں کے مُطابِق اُن کو بار بار چُھڑایا۔ اور تُو نے اُن کے خِلاف گواہی دی تاکہ اپنی شرِیعت کی طرف اُن کو پھیر لائے پر اُنہوں نے گھمنڈ کِیا اور تیرے فرمان نہ مانے بلکہ تیرے اِحکام کے برخِلاف گُناہ کِیا (جِن کو اگر کوئی مانے تو اُن کے سبب سے جِیتا رہے گا) اور اپنے کندھے کو ہٹا کر گردن کش بن گئے اور نہ سُنا۔ تَو بھی تُو بُہت برسوں تک اُن کی برداشت کرتا رہا اور اپنی رُوح سے اپنے نبیوں کی معرفت اُن کے خِلاف گواہی دیتا رہا تَو بھی اُنہوں نے کان نہ لگایا اِس لِئے تُو نے اُن کو اَور مُلکوں کے لوگوں کے ہاتھ میں کر دِیا۔ باوُجُود اِس کے تُو نے اپنی گُوناگُون رحمتوں کے باعِث اُن کو نابُود نہ کر دِیا اور نہ اُن کو ترک کِیا کیونکہ تُو رحِیم و کرِیم خُدا ہے۔ سو اب اَے ہمارے خُدا بزُرگ اور قادِر و مُہِیب خُدا جو عہد و رحمت کو قائِم رکھتا ہے وہ دُکھ جو ہم پر اور ہمارے بادشاہوں پر اور ہمارے سرداروں اور ہمارے کاہِنوں پر اور ہمارے نبِیوں اور ہمارے باپ دادا پر اور تیرے سب لوگوں پر اسُور کے بادشاہوں کے زمانہ سے آج تک پڑا ہے سو تیرے حضُور ہلکا نہ معلُوم ہو۔ تَو بھی جو کُچھ ہم پر آیا ہے اُس سب میں تُو عادِل ہے کیونکہ تُو سچّائی سے پیش آیا پر ہم نے شرارت کی۔ اور ہمارے بادشاہوں اور سرداروں اور ہمارے کاہِنوں اور باپ دادا نے نہ تو تیری شرِیعت پر عمل کِیا اور نہ تیرے احکام اور شہادتوں کو مانا جِن سے تُو اُن کے خِلاف گواہی دیتا رہا۔ کیونکہ اُنہوں نے اپنی مُملکت میں اور تیرے بڑے اِحسان کے وقت جو تُو نے اُن پر کِیا اور اِس وسِیع اور زرخیز مُلک میں جو تُو نے اُن کے حوالہ کر دِیا تیری عِبادت نہ کی اور نہ وہ اپنی بدکارِیوں سے باز آئے۔ دیکھ آج ہم غُلام ہیں بلکہ اُسی مُلک میں جو تُو نے ہمارے باپ دادا کو دِیا کہ اُس کا پَھل اور پَیداوار کھائیں سو دیکھ ہم اُسی میں غُلام ہیں۔ وہ اپنی کثِیر پَیداوار اُن بادشاہوں کو دیتا ہے جِن کو تُو نے ہمارے گُناہوں کے سبب سے ہم پر مُسلّط کِیا ہے وہ ہمارے جِسموں اور ہماری مواشی پر بھی جَیسا چاہتے ہیں اِختیار رکھتے ہیں اور ہم سخت مُصِیبت میں ہیں۔ اِن سب باتوں کے سبب سے ہم سچّا عہد کرتے اور لِکھ بھی دیتے ہیں اور ہمارے اُمرا اور ہمارے لاوی اور ہمارے کاہِن اُس پر مُہر کرتے ہیں۔
پڑھیں نحمیاہ 9
سنیں نحمیاہ 9
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: نحمیاہ 5:9-38
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos