اور سب لوگ یک تن ہو کر پانی پھاٹک کے سامنے کے مَیدان میں اِکٹّھے ہُوئے اور اُنہوں نے عزرا فقِیہہ سے عرض کی کہ مُوسیٰ کی شرِیعت کی کِتاب کو جِس کا خُداوند نے اِسرائیل کو حُکم دِیا تھا لائے۔ اور ساتویں مہِینے کی پہلی تارِیخ کو عزرا کاہِن تَورَیت کو جماعت کے یعنی مَردوں اور عَورتوں اور اُن سب کے سامنے لے آیا جو سُن کر سمجھ سکتے تھے۔ اور وہ اُس میں سے پانی پھاٹک کے سامنے کے مَیدان میں صُبح سے دوپہر تک مَردوں اور عَورتوں اور سبھوں کے آگے جو سمجھ سکتے تھے پڑھتا رہا اور سب لوگ شرِیعت کی کِتاب پر کان لگائے رہے۔ اور عزرا فقِیہ ایک چوبی مِنبر پر جو اُنہوں نے اِسی کام کے لِئے بنایا تھا کھڑا ہُؤا اور اُس کے پاس متِّتیاؔہ اور سمع اور عنایاؔہ اور اُوریاؔہ اور خِلقیاہ اور معسیاؔہ اُس کے دہنے کھڑے تھے اور اُس کے بائیں فِدایاؔہ اور مِساایل اور ملکیاہ اور حاشُوؔم اور حسبداؔنہ اور زکریاؔہ اور مُسلاّؔم تھے۔ اور عزرا نے سب لوگوں کے سامنے کِتاب کھولی (کیونکہ وہ سب لوگوں سے اُوپر تھا) اور جب اُس نے اُسے کھولا تو سب لوگ اُٹھ کھڑے ہُوئے۔ اور عزرا نے خُداوند خُدایِ عظِیم کو مُبارک کہا اور سب لوگوں نے اپنے ہاتھ اُٹھا کر جواب دِیا۔ آمِین۔ آمِین۔ اور اُنہوں نے اَوندھے مُنہ زمِین تک جُھک کر خُداوند کو سِجدہ کِیا۔ اور یشُوع اور بانی اور سرِبیاؔہ اور یامِن اور عقُّوؔب اور سبّتی اور ہُودیاؔہ اور معسیاؔہ اور قلِیطا اور عزریاؔہ اور یُوزؔبد اور حنان اور فِلایاؔہ اور لاوی لوگوں کو شرِیعت سمجھاتے گئے اور لوگ اپنی اپنی جگہ پر کھڑے رہے۔ اور اُنہوں نے اُس کِتاب یعنی خُدا کی شرِیعت میں سے صاف آواز سے پڑھا۔ پِھر اُس کے معنی بتائے اور اُن کو عِبارت سمجھا دی۔
پڑھیں نحمیاہ 8
سنیں نحمیاہ 8
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: نحمیاہ 1:8-8
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos