YouVersion Logo
تلاش

نحمیاہ 1:6-16

نحمیاہ 1:6-16 URD

جب سنبلّط اور طُوبیاؔہ اور جشم عربی اور ہمارے باقی دُشمنوں نے سُنا کہ مَیں شہر پناہ کو بنا چُکا اور اُس میں کوئی رخنہ باقی نہیں رہا (اگرچہ اُس وقت تک مَیں نے پھاٹکوں میں کواڑے نہیں لگائے تھے)۔ تو سنبلّط اور جشم نے مُجھے یہ کہلا بھیجا کہ آ ہم اونو کے مَیدان کے کِسی گاؤں میں باہم مُلاقات کریں پر وہ مُجھ سے بدی کرنے کی فِکر میں تھے۔ سو مَیں نے اُن کے پاس قاصِدوں سے کہلا بھیجا کہ مَیں بڑے کام میں لگا ہُوں اور آ نہیں سکتا۔ میرے اِسے چھوڑ کر تُمہارے پاس آنے سے یہ کام کیوں مَوقُوف رہے؟ اُنہوں نے چار بار میرے پاس اَیسا ہی پَیغام بھیجا اور مَیں نے اُن کو اِسی طرح کا جواب دِیا۔ پِھر سنبلّط نے پانچوِیں بار اُسی طرح سے اپنے نَوکر کو میرے پاس ہاتھ میں کُھلی چِٹّھی لِئے ہُوئے بھیجا۔ جِس میں لِکھا تھا کہ اَور قَوموں میں یہ افواہ ہے اور جشمُو یِہی کہتا ہے کہ تیرا اور یہُودیوں کا اِرادہ بغاوت کرنے کا ہے۔ اِسی سبب سے تُو شہر پناہ بناتا ہے اور تُو اِن باتوں کے مُطابِق اُن کا بادشاہ بننا چاہتا ہے۔ اور تُو نے نبِیوں کو بھی مُقرّر کِیا کہ یروشلیِم میں تیرے حق میں مُنادی کریں اور کہیں کہ یہُوداؔہ میں ایک بادشاہ ہے۔ پس اِن باتوں کے مُطابِق بادشاہ کو اِطلاع کی جائے گی۔ سو اب آ ہم باہم مشورَہ کریں۔ تب مَیں نے اُس کے پاس کہلا بھیجا جو تُو کہتا ہے اِس طرح کی کوئی بات نہیں ہُوئی بلکہ تُو یہ باتیں اپنے ہی دِل سے بناتا ہے۔ وہ سب تو ہم کو ڈرانا چاہتے تھے اور کہتے تھے کہ اِس کام میں اُن کے ہاتھ اَیسے ڈِھیلے پڑ جائیں گے کہ وہ ہونے ہی کا نہیں پر اب اَے خُدا تُو میرے ہاتھوں کو زور بخش۔ پِھر مَیں سمعیاؔہ بِن دِلایاؔہ بِن مُہیَطبیل کے گھر گیا۔ وہ گھر میں بند تھا۔ اُس نے کہا ہم خُدا کے گھر میں ہَیکل کے اندر مِلیں اور ہَیکل کے دروازوں کو بند کر لیں کیونکہ وہ تُجھے قتل کرنے کو آئیں گے۔ وہ ضرُور رات کو تُجھے قتل کرنے کو آئیں گے۔ مَیں نے کہا کیا مُجھ سا آدمی بھاگے؟ اور کَون ہے جو مُجھ سا ہو اور اپنی جان بچانے کو ہَیکل میں گُھسے؟ مَیں اندر نہیں جانے کا۔ اور مَیں نے معلُوم کر لِیا کہ خُدا نے اُسے نہیں بھیجا تھا لیکن اُس نے میرے خِلاف پیشِین گوئی کی بلکہ سنبلّط اور طُوبیاؔہ نے اُسے اُجرت پر رکھّا تھا۔ اور اُس کو اِس لِئے اُجرت دی گئی تاکہ مَیں ڈر جاؤُں اور اَیسا کام کر کے خطاکار ٹھہرُوں اور اُن کو بُری خبر پَھیلانے کا مضمُون مِل جائے تاکہ مُجھے ملامت کریں۔ اَے میرے خُدا طُوبیاؔہ اور سنبلّط کو اُن کے اِن کاموں کے لِحاظ سے اور نَوعِیدؔیاہ نبِیّہ کو بھی اور باقی نبِیوں کو جو مُجھے ڈرانا چاہتے تھے یاد رکھ۔ غرض باون دِن میں الُول مہِینے کی پچِّیسوِیں تارِیخ کو شہر پناہ بن چُکی۔ جب ہمارے سب دُشمنوں نے یہ سُنا تو ہمارے آس پاس کی سب قَومیں ڈرنے لگِیں اور اپنی ہی نظر میں خُود ذلِیل ہو گئِیں کیونکہ اُنہوں نے جان لِیا کہ یہ کام ہمارے خُدا کی طرف سے ہُؤا۔

پڑھیں نحمیاہ 6

سنیں نحمیاہ 6