YouVersion Logo
تلاش

نحمیاہ 10:4-23

نحمیاہ 10:4-23 URD

اور یہُوداؔہ کہنے لگا کہ بوجھ اُٹھانے والوں کا زور گھٹ گیا اور ملبہ بُہت ہے۔ سو ہم دِیوار نہیں بنا سکتے ہیں۔ اور ہمارے دُشمن کہنے لگے کہ جب تک ہم اُن کے بِیچ پُہنچ کر اُن کو قتل نہ کر ڈالیں اور کام مَوقُوف نہ کر دیں تب تک اُن کو نہ معلُوم ہو گا نہ وہ دیکھیں گے۔ اور جب وہ یہُودی جو اُن کے آس پاس رہتے تھے آئے تو اُنہوں نے سب جگہوں سے دس بار آ کر ہم سے کہا کہ تُم کو ہمارے پاس لَوٹ آنا ضرُور ہے۔ اِس لِئے مَیں نے شہر پناہ کے پِیچھے کی جگہ کے سب سے نِیچے حِصّوں میں جہاں جہاں کُھلا تھا لوگوں کو اپنی اپنی تلوار اور برچھی اور کمان لِئے ہُوئے اُن کے گھرانوں کے مُطابِق بِٹھا دِیا۔ تب مَیں دیکھ کر اُٹھا اور امِیروں اور حاکِموں اور باقی لوگوں سے کہا کہ تُم اُن سے مت ڈرو خُداوند کو جو بزُرگ اور مُہِیب ہے یاد کرو اور اپنے بھائیوں اور بیٹے بیٹیوں اور اپنی بِیویوں اور گھروں کے لِئے لڑو۔ اور جب ہمارے دُشمنوں نے سُنا کہ یہ بات ہم کو معلُوم ہو گئی اور خُدا نے اُن کا منصُوبہ باطِل کر دِیا تو ہم سب کے سب شہر پناہ کو اپنے اپنے کام پر لَوٹے۔ اور اَیسا ہُؤا کہ اُس دِن سے میرے آدھے نَوکر کام میں لگ جاتے اور آدھے برچھیاں اور ڈھالیں اور کمانیں لِئے اور بکتر پہنے رہتے تھے اور وہ جو حاکِم تھے یہُوداؔہ کے سارے خاندان کے پِیچھے مَوجُود رہتے تھے۔ سو جو لوگ دِیوار بناتے تھے اور جو بوجھ اُٹھاتے اور ڈھوتے تھے ہر ایک اپنے ایک ہاتھ سے کام کرتا تھا اور دُوسرے میں اپنا ہتھیار لِئے رہتا تھا۔ اور مِعماروں میں سے ہر ایک آدمی اپنی تلوار اپنی کمر سے باندھے ہُوئے کام کرتا تھا اور وہ جو نرسِنگا پھُونکتا تھا میرے پاس رہتا تھا۔ اور مَیں نے امِیروں اور حاکِموں اور باقی لوگوں سے کہا کہ کام تو بڑا اور پَھیلا ہُؤا ہے اور ہم دِیوار پر الگ الگ ایک دُوسرے سے دُور رہتے ہیں۔ سو جِدھر سے نرسِنگا تُم کو سُنائی دے اُدھر ہی تُم ہمارے پاس چلے آنا۔ ہمارا خُدا ہمارے لِئے لڑے گا۔ یُوں ہم کام کرتے رہے اور اُن میں سے آدھے لوگ پَو پھٹنے کے وقت سے تاروں کے دِکھائی دینے تک برچھیاں لِئے رہتے تھے۔ اور مَیں نے اُسی مَوقع پر لوگوں سے یہ بھی کہہ دِیا تھا کہ ہر شخص اپنے نَوکر کولے کر یروشلیِم میں رات کاٹا کرے تاکہ رات کو وہ ہمارے لِئے پہرا دِیا کریں اور دِن کو کام کریں۔ سو نہ تو مَیں نہ میرے بھائی نہ میرے نَوکر اور نہ پہرے کے لوگ جو میرے پَیرو تھے کبھی اپنے کپڑے اُتارتے تھے بلکہ ہر شخص اپنا ہتھیار لِئے ہُوئے پانی کے پاس جاتا تھا۔

پڑھیں نحمیاہ 4

سنیں نحمیاہ 4