YouVersion Logo
تلاش

نحمیاہ 1:3-32

نحمیاہ 1:3-32 URD

تب الِیاسب سردار کاہِن اپنے بھائیوں یعنی کاہِنوں کے ساتھ اُٹھا اور اُنہوں نے بھیڑ پھاٹک کو بنایا اور اُسے مُقدّس کِیا اور اُس کے کِواڑوں کو لگایا۔ اُنہوں نے ہمّیاؔہ کے بُرج بلکہ حنن اؔیل کے بُرج تک اُسے مُقدّس کِیا۔ اُس سے آگے یرِیحُو کے لوگوں نے بنایا اور اُن سے آگے زکُّور بِن اِمرؔی نے بنایا۔ اور مچھلی پھاٹک کو بنی ہسّناہ نے بنایا۔ اُنہوں نے اُس کی کڑیاں رکھِّیں اور اُس کے کواڑے اور چٹکنیاں اور اڑبنگے لگائے۔ اور اُن سے آگے مرِیموؔت بِن اُوریاؔہ بِن ہقُّوص نے مرمّت کی اور اُن سے آگے مُسلاّؔم بِن برکیاؔہ بِن مشیز بیل نے مرمّت کی اور اُن سے آگے صدُوؔق بِن بعنہ نے مرمّت کی۔ اور اُن سے آگے تقُوعیوں نے مرمّت کی پر اُن کے امِیروں نے اپنے مالِک کے کام کے لِئے گردن نہ جُھکائی۔ اور پُرانے پھاٹک کی یہویدؔع بِن فاسخ اور مُسلاّؔم بِن بسُودؔیاہ نے مرمّت کی۔ اُنہوں نے اُس کی کڑیاں رکھِّیں اور اُس کے کِواڑے اور چٹکنیاں اور اڑبنگے لگائے۔ اور اُن سے آگے ملطیاؔہ جِبعُونی اور یدُوؔن مرُونوتی اور جِبعُوؔن اور مِصفاؔہ کے لوگوں نے جو دریا پار کے حاکِم کی عمل داری میں سے تھے مرمّت کی۔ اور اُن سے آگے سُناروں کی طرف سے عُزِّیئیل بِن حرہیاؔہ نے اور اُس سے آگے عطّاروں میں سے حننیاؔہ نے مرمّت کی اور اُنہوں نے یروشلیِم کو چَوڑی دِیوار تک مُحکم کِیا۔ اور اُن آگے رِفایاؔہ جو حُور کا بیٹا اور یروشلیِم کے آدھے حلقہ کا سردار تھا مرمّت کی۔ اور اُس سے آگے یدایاؔہ بِن حرُومف نے اپنے ہی گھر کے سامنے تک کی مرمّت کی اور اُس سے آگے حطُّوش بِن حسبنیاؔہ نے مرمّت کی۔ ملکیاہ بِن حارِم اور حسُوب بِن پخت موآب نے دُوسرے حِصّہ کی اور تنُوروں کے بُرج کی مرمّت کی۔ اور اُس سے آگے سلُوؔم بِن ہلُوحیش نے جو یروشلیِم کے آدھے حلقہ کا سردار تھا اور اُس کی بیٹِیوں نے مرمّت کی۔ وادی کے پھاٹک کی مرمّت حنُون اور زنواح کے باشِندوں نے کی۔ اُنہوں نے اُسے بنایا اور اُس کے کِواڑے اور چٹکنیاں اور اڑبنگے لگائے اور کُوڑے کے پھاٹک تک ایک ہزار ہاتھ دِیوار تیّار کی۔ اور کُوڑے کے پھاٹک کی مرمّت ملکیاہ بِن رَیکاؔب نے کی جو بیت ہکّرم کے حلقہ کا سردار تھا اُس نے اُسے بنایا اور اُس کے کواڑے اور چٹکنیاں اور اڑبنگے لگائے۔ اور چشمہ پھاٹک کو سلُوؔم بِن کلحوزؔہ نے جو مِصفاؔہ کے حلقہ کا سردار تھا مرمّت کِیا۔ اُس نے اُسے بنایا اور اُس کو پاٹا اور اُس کے کواڑے اور چٹکنیاں اور اُس کے اڑبنگے لگائے اور بادشاہی باغ کے پاس شِیلوؔخ کے حَوض کی دِیوار کو اُس سِیڑھی تک جو داؤُد کے شہر سے نِیچے آتی ہے بنایا۔ پِھر نحمیاؔہ بِن عزبُوؔق نے جو بیت سُور کے آدھے حلقہ کا سردار تھا داؤُد کی قبروں کے سامنے کی جگہ اور اُس حَوض تک جو بنایا گیا تھا اور سُورماؤں کے گھر تک مرمّت کی۔ پِھر لاویوں میں سے رحُوم بِن بانی نے مرمّت کی۔ اُس سے آگے حسبیاؔہ نے جو قعیلاؔہ کے آدھے حلقہ کا سردار تھا اپنے حلقہ کی طرف سے مرمّت کی۔ پِھر اُن کے بھائیوں میں سے بوَی بِن حنداد نے جو قعیلاؔہ کے آدھے حلقہ کا سردار تھا مرمّت کی۔ اور اُس سے آگے عیزر بِن یشُوع مِصفاؔہ کے سردار نے دُوسرے ٹُکڑے کی جو موڑ کے پاس سِلاح خانہ کی چڑھائی کے سامنے ہے مرمّت کی۔ پِھر بارُوؔک بِن زبّیَ نے سرگرمی سے اُس موڑ سے سردار کاہِن الِیاسب کے گھر کے دروازہ تک ایک اَور ٹُکڑے کی مرمّت کی۔ پِھر مرِیموؔت بِن اُوریاؔہ بِن ہقّوص نے ایک اَور ٹُکڑے کی الِیاؔسب کے گھر کے دروازہ سے الِیاسب کے گھر کے آخِر تک مرمّت کی۔ اور پِھر نشیب کے رہنے والے کاہِنوں نے مرمّت کی۔ پِھر بِنیمِین اور حسُوب نے اپنے گھر کے سامنے تک مرمّت کی پِھر عزریاؔہ بِن معسیاؔہ بِن عننیاؔہ نے اپنے گھر کے برابر تک مرمّت کی۔ پِھر بِنوی بِن حنداد نے عزریاؔہ کے گھر سے دِیوار کے موڑ اور کونے تک ایک اَور ٹُکڑے کی مرمّت کی۔ فالال بِن اُوزَی نے موڑ کے سامنے کے حِصّہ کی اور اُس بُرج کی جو قَید خانہ کے صحن کے پاس کے شاہی محلّ سے باہر نِکلا ہُؤا ہے مرمّت کی۔ پِھر فِدایاؔہ بِن پرعوؔس نے مرمّت کی۔ (اور نتنیِم مشرِق کی طرف عوفل میں پانی پھاٹک کے سامنے اور اُس بُرج تک بسے ہُوئے تھے جو باہر نِکلا ہُؤا ہے)۔ پِھر تقُوعیوں نے اُس بڑے بُرج کے سامنے جو باہر نِکلا ہُؤا ہے اور عوفل کے دِیوار تک ایک اَور ٹُکڑے کی مرمّت کی۔ گھوڑا پھاٹک کے اُوپر کاہِنوں نے اپنے اپنے گھر کے سامنے مرمّت کی۔ اُن کے پِیچھے صدُوؔق بِن اِمّیر نے اپنے گھر کے سامنے مرمّت کی اَور پِھر مشرِقی پھاٹک کے دربان سمعیاؔہ بِن سِکنیاؔہ نے مرمّت کی۔ پِھر حننیاؔہ بِن سلمیاؔہ اور حنُون نے جو صلف کا چھٹا بیٹا تھا ایک اَور ٹُکڑے کی مرمّت کی۔ پِھر مُسلاّؔم بِن برکیاؔہ نے اپنی کوٹھری کے سامنے مرمّت کی۔ پِھر سُناروں میں سے ایک شخص ملکیاہ نے نتنیِم اور سَوداگروں کے گھر تک ہِمّفقاد کے پھاٹک کے سامنے اور کونے کی چڑھائی تک مرمّت کی۔ اور اُس کونے کی چڑھائی اور بھیڑ پھاٹک کے بِیچ سُناروں اور سَوداگروں نے مرمّت کی۔

پڑھیں نحمیاہ 3

سنیں نحمیاہ 3