YouVersion Logo
تلاش

نحمیاہ 27:12-43

نحمیاہ 27:12-43 URD

اور یروشلیِم کی شہر پناہ کی تقدِیس کے وقت اُنہوں نے لاویوں کو اُن کی سب جگہوں سے ڈُھونڈ نِکالا کہ اُن کو یروشلیِم میں لائیں تاکہ وہ خُوشی خُوشی جھانجھ اور سِتار اور بربط کے ساتھ شُکرگُذاری کر کے اور گا کر تقدِیس کریں۔ سو گانے والوں کی نسل کے لوگ یروشلیِم کی گِردونواح کے مَیدان سے اور نطوفاتیوں کے دیہات سے۔ اور بَیت الجِلجاؔل سے بھی اور جبِع اور عزماوؔت کے کھیتوں سے اِکٹّھے ہُوئے کیونکہ گانے والوں نے یروشلیِم کے گِرداگِرد اپنے لِئے دیہات بنا لِئے تھے۔ اور کاہِنوں اور لاویوں نے اپنے آپ کو پاک کِیا اور اُنہوں نے لوگوں کو اور پھاٹکوں کو اور شہر پناہ کو پاک کِیا۔ تب مَیں یہُوداؔہ کے امِیروں کو دِیوار پر لایا اور مَیں نے دو بڑے غول مُقرّر کِئے جو حمد کرتے ہُوئے جلُوس میں نِکلے۔ ایک اُن میں سے دہنے ہاتھ کی طرف دِیوار کے اُوپر اُوپر سے کُوڑے کے پھاٹک کی طرف گیا۔ اور یہ اُن کے پِیچھے پِیچھے گئے یعنی ہُوسعیاؔہ اور یہُوداؔہ کے آدھے سردار۔ عزریاؔہ عزرا اور مُسلاّؔم۔ یہُوداؔہ اور بِنیمِین اور سمعیاؔہ اور یِرمیاؔہ۔ اور کُچھ کاہِن زادے نرسِنگے لِئے ہُوئے یعنی زکریاؔہ بِن یُونتن بِن سمعیاؔہ بِن متّنیاؔہ بِن مِیکاؔیاہ بِن زکُّور بِن آسف۔ اور اُس کے بھائی سمعیاؔہ اور عزراؔیل۔ مِللَی۔ جِللَی۔ ماعَی۔ نتنی ایل اور یہُوداؔہ اور حنانی مَردِ خُدا داؤُد کے باجوں کو لِئے ہُوئے جاتے تھے اور عزُرا فقِیہہ اُن کے آگے آگے تھا۔ اور وہ چشمہ پھاٹک سے ہو کر سِیدھے آگے گئے اور داؤُد کے شہر کی سِیڑھیوں پر چڑھ کر شہر پناہ کی اُونچائی پر پُہنچے اور داؤُد کے محلّ کے اُوپر ہو کر پانی پھاٹک تک مشرِق کی طرف گئے۔ اور شُکرگُذاری کرنے والوں کا دُوسرا غول اور اُن کے پِیچھے پِیچھے مَیں اور آدھے لوگ اُن سے مِلنے کو دِیوار پر تنُوروں کے بُرج کے اُوپر چَوڑی دِیوار تک۔ اور اِفرائیمی پھاٹک کے اُوپر پُرانے پھاٹک اور مچھلی پھاٹک اور حنن ایل کے بُرج اور ہمّیاؔہ کے بُرج پر سے ہوتے ہُوئے بھیڑ پھاٹک تک گئے اور پہرے والوں کے پھاٹک پر کھڑے ہو گئے۔ سو شُکرگُذاری کرنے والوں کے دونوں غول اور مَیں اور میرے ساتھ آدھے حاکِم خُدا کے گھر میں کھڑے ہو گئے۔ اور کاہِن الِیاقِیم معسیاؔہ مِنیمِین مِیکاؔیاہ الیوعینی زکرؔیاہ حننیاؔہ نرسِنگے لِئے ہُوئے تھے۔ اور معسیاؔہ اور سمعیاؔہ اور الِیعزؔر اور عُزّی اور یہُوحناؔن اور ملکیاہ اور عیلاؔم اور عزر اپنے سردار گانے والے اِزرخیاؔہ کے ساتھ بُلند آواز سے گاتے تھے۔ اور اُس دِن اُنہوں نے بُہت سی قُربانِیاں چڑھائِیں اور خُوشی کی کیونکہ خُدا نے اَیسی خُوشی اُن کو بخشی کہ وہ نِہایت شادمان ہُوئے اور عَورتوں اور بچّوں نے بھی خُوشی منائی سو یروشلیِم کی خُوشی کی آواز دُور تک سُنائی دیتی تھی۔

پڑھیں نحمیاہ 12

سنیں نحمیاہ 12