YouVersion Logo
تلاش

مرقس 11:11-21

مرقس 11:11-21 URD

اور وہ یروشلِیم میں داخِل ہو کر ہَیکل میں آیا اور چاروں طرف سب چِیزیں مُلاحظہ کر کے اُن بارہ کے ساتھ بَیت عَنِیاؔہ کو گیا کیونکہ شام ہو گئی تھی۔ دُوسرے دِن جب وہ بَیت عَنِیاؔہ سے نِکلے تو اُسے بُھوک لگی۔ اور وہ دُور سے انجِیر کا ایک درخت جِس میں پتّے تھے دیکھ کر گیا کہ شاید اُس میں کُچھ پائے۔ مگر جب اُس کے پاس پُہنچا تو پتّوں کے سِوا کُچھ نہ پایا کیونکہ انجِیر کا مَوسم نہ تھا۔ اُس نے اُس سے کہا آیندہ کوئی تُجھ سے کبھی پَھل نہ کھائے اور اُس کے شاگِردوں نے سُنا۔ پِھر وہ یروشلِیم میں آئے اور یِسُوعؔ ہَیکل میں داخِل ہو کر اُن کو جو ہَیکل میں خرِید و فروخت کر رہے تھے باہر نِکالنے لگا اور صرّافوں کے تختوں اور کبُوتر فروشوں کی چَوکیوں کو اُلٹ دِیا۔ اور اُس نے کِسی کو ہَیکل میں سے ہو کر کوئی برتن لے جانے نہ دِیا۔ اور اپنی تعلِیم میں اُن سے کہا کیا یہ نہیں لِکھا ہے کہ میرا گھر سب قَوموں کے لِئے دُعا کا گھر کہلائے گا؟ مگر تُم نے اُسے ڈاکُوؤں کی کھوہ بنا دِیا ہے۔ اور سردار کاہِن اور فقِیہہ یہ سُن کر اُس کے ہلاک کرنے کا موقع ڈُھونڈنے لگے کیونکہ اُس سے ڈرتے تھے اِس لِئے کہ سب لوگ اُس کی تعلِیم سے حَیران تھے۔ اور ہر روز شام کو وہ شہر سے باہر جایا کرتا تھا۔ پِھر صُبح کو جب وہ اُدھر سے گُذرے تو اُس انجِیر کے درخت کو جڑ تک سُوکھا ہُؤا دیکھا۔ پطرؔس کو وہ بات یاد آئی اور اُس سے کہنے لگا اَے ربیّ! دیکھ یہ انجِیر کا درخت جِس پر تُو نے لَعنت کی تھی سُوکھ گیا ہے۔

پڑھیں مرقس 11

سنیں مرقس 11