اور دوپہر سے لے کر تِیسرے پہر تک تمام مُلک میں اندھیرا چھایا رہا۔ اور تِیسرے پہر کے قرِیب یِسُوعؔ نے بڑی آواز سے چِلاّ کر کہا ایلی۔ ایلی۔ لَما شَبقتَنِی؟ یعنی اَے میرے خُدا! اَے میرے خُدا! تُو نے مُجھے کیوں چھوڑ دِیا؟ جو وہاں کھڑے تھے اُن میں سے بعض نے سُن کر کہا یہ ایلیّاہؔ کو پُکارتا ہے۔ اور فوراً اُن میں سے ایک شخص دَوڑا اور سپنج لے کر سِرکہ میں ڈبویا اور سرکنڈے پر رکھ کر اُسے چُسایا۔ مگر باقِیوں نے کہا ٹھہر جاؤ۔ دیکھیں تو ایلیّاہؔ اُسے بچانے آتا ہے یا نہیں۔ یِسُوعؔ نے پِھر بڑی آواز سے چِلاّ کر جان دے دی۔ اور مَقدِس کا پردہ اُوپر سے نِیچے تک پھٹ کر دو ٹُکڑے ہو گیا اور زمِین لرزی اور چٹانیں تڑک گئِیں۔ اور قبریں کُھل گئِیں اور بُہت سے جِسم اُن مُقدّسوں کے جو سو گئے تھے جی اُٹھے۔ اور اُس کے جی اُٹھنے کے بعد قبروں سے نِکل کر مُقدّس شہر میں گئے اور بُہتوں کو دِکھائی دِئے۔ پس صُوبہ دار اور جو اُس کے ساتھ یِسُوعؔ کی نِگہبانی کرتے تھے بَھونچال اور تمام ماجرا دیکھ کر بُہت ہی ڈر کر کہنے لگے کہ بیشک یہ خُدا کا بیٹا تھا۔ اور وہاں بُہت سی عَورتیں جو گلِیل سے یِسُوعؔ کی خِدمت کرتی ہُوئی اُس کے پِیچھے پِیچھے آئی تِھیں دُور سے دیکھ رہی تِھیں۔ اُن میں مریمؔ مگدلِینی تھی اور یعقُوبؔ اور یوسیسؔ کی ماں مریمؔ اور زبدؔی کے بیٹوں کی ماں۔ جب شام ہُوئی تو یُوسفؔ نام ارِمَتِیاؔہ کا ایک دَولت مند آدمی آیا جو خُود بھی یِسُوعؔ کا شاگِرد تھا۔ اُس نے پِیلاطُسؔ کے پاس جا کر یِسُوعؔ کی لاش مانگی اور پِیلاطُسؔ نے دے دینے کا حُکم دِیا۔ اور یُوسفؔ نے لاش کو لے کر صاف مہِین چادر میں لپیٹا۔ اور اپنی نئی قبر میں جو اُس نے چٹان میں کُھدوائی تھی رکھّا۔ پِھر وہ ایک بڑا پتّھر قبر کے مُنہ پر لُڑھکا کر چلا گیا۔ اور مریمؔ مگدلِینی اور دُوسری مریمؔ وہاں قبر کے سامنے بَیٹھی تِھیں۔ دُوسرے دِن جو تیّاری کے بعد کا دِن تھا سردار کاہِنوں اور فرِیسیِوں نے پِیلاطُسؔ کے پاس جمع ہو کر کہا۔ خُداوند! ہمیں یاد ہے کہ اُس دھوکے باز نے جِیتے جی کہا تھا مَیں تِین دِن کے بعد جی اُٹُھوں گا۔ پس حُکم دے کہ تِیسرے دِن تک قبر کی نِگہبانی کی جائے۔ کہِیں اَیسا نہ ہو کہ اُس کے شاگِرد آ کر اُسے چُرا لے جائیں اور لوگوں سے کہہ دیں کہ وہ مُردوں میں سے جی اُٹھا اور یہ پِچھلا دھوکا پہلے سے بھی بُرا ہو۔ پِیلاطُسؔ نے اُن سے کہا تُمہارے پاس پہرے والے ہیں۔ جاؤ جہاں تک تُم سے ہو سکے اُس کی نِگہبانی کرو۔ پس وہ پہرے والوں کو ساتھ لے کر گئے اور پتّھر پر مُہر کر کے قبر کی نِگہبانی کی۔
پڑھیں متّی 27
سنیں متّی 27
شئیر
مختلف ترجموں سے موازنہ: متّی 45:27-66
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos