YouVersion Logo
تلاش

متّی 13:2-23

متّی 13:2-23 URD

جب وہ روانہ ہو گئے تو دیکھو خُداوند کے فرِشتہ نے یُوسفؔ کو خواب میں دِکھائی دے کر کہا اُٹھ۔ بچّے اور اُس کی ماں کو ساتھ لے کر مِصرؔ کو بھاگ جا اور جب تک کہ مَیں تُجھ سے نہ کہُوں وہیں رہنا کیونکہ ہیرودؔیس اِس بچّے کو تلاش کرنے کو ہے تاکہ اِسے ہلاک کرے۔ پس وہ اُٹھا اور رات کے وقت بچّے اور اُس کی ماں کو ساتھ لے کر مِصرؔ کو روانہ ہو گیا۔ اور ہیرودؔیس کے مَرنے تک وہیں رہا تاکہ جو خُداوند نے نبی کی معرفت کہا تھا وہ پُورا ہو کہ مِصرؔ میں سے مَیں نے اپنے بیٹے کو بُلایا۔ جب ہیرودؔیس نے دیکھا کہ مجُوسِیوں نے میرے ساتھ ہنسی کی تو نِہایت غُصّے ہُؤا اور آدمی بھیج کر بَیت لحم اور اُس کی سب سرحدّوں کے اندر کے اُن سب لڑکوں کو قتل کروا دِیا جو دو دو برس کے یا اِس سے چھوٹے تھے۔ اُس وقت کے حِساب سے جو اُس نے مجُوسِیوں سے تحقِیق کی تھی۔ اُس وقت وہ بات پُوری ہُوئی جو یِرمیاؔہ نبی کی معرفت کہی گئی تھی کہ رامہ میں آواز سُنائی دی۔ رونا اور بڑا ماتم۔ راخِل اپنے بچّوں کو رو رہی ہے اور تسلّی قبُول نہیں کرتی اِس لِئے کہ وہ نہیں ہیں۔ جب ہیرودؔیس مَر گیا تو دیکھو خُداوند کے فرِشتہ نے مِصرؔ میں یُوسفؔ کو خواب میں دِکھائی دے کر کہا کہ اُٹھ اِس بچّے اور اِس کی ماں کو لے کر اِسرائیلؔ کے مُلک میں چلا جا کیونکہ جو بچّے کی جان کے خواہاں تھے وہ مَر گئے۔ پس وہ اُٹھا اور بچّے اور اُس کی ماں کو ساتھ لے کر اِسرائیلؔ کے مُلک میں آ گیا۔ مگر جب سُنا کہ اَرخلاؔؤس اپنے باپ ہیرودؔیس کی جگہ یہُودیہ میں بادشاہی کرتا ہے تو وہاں جانے سے ڈرا اور خواب میں ہدایت پا کر گلِیل کے عِلاقہ کو روانہ ہو گیا۔ اور ناصرۃ نام ایک شہر میں جا بسا تاکہ جو نبِیوں کی معرفت کہا گیا تھا وہ پُورا ہو کہ وہ ناصری کہلائے گا۔

پڑھیں متّی 2

سنیں متّی 2