YouVersion Logo
تلاش

متّی 1:2-23

متّی 1:2-23 URD

جب یِسُوعؔ ہیرودؔیس بادشاہ کے زمانہ میں یہُودیہ کے بَیت لحم میں پَیدا ہُؤا تو دیکھو کئی مجُوسی پُورب سے یروشلِیم میں یہ کہتے ہُوئے آئے کہ یہُودِیوں کا بادشاہ جو پَیدا ہُؤا ہے وہ کہاں ہے؟ کیونکہ پُورب میں اُس کا ستارہ دیکھ کر ہم اُسے سِجدہ کرنے آئے ہیں۔ یہ سُن کر ہیرودؔیس بادشاہ اور اُس کے ساتھ یروشلِیم کے سب لوگ گھبرا گئے۔ اور اُس نے قَوم کے سب سردار کاہِنوں اور فقِیہوں کو جمع کر کے اُن سے پُوچھا کہ مسِیح کی پَیدایش کہاں ہونی چاہئے؟ اُنہوں نے اُس سے کہا یہُودیہ کے بَیت لحم میں کیونکہ نبی کی معرفت یُوں لِکھا گیا ہے کہ اَے بَیت لحم یہُوداؔہ کے علاقے تُو یہُوداؔہ کے حاکِموں میں ہرگِز سب سے چھوٹا نہیں۔ کیونکہ تُجھ میں سے ایک سردار نکِلے گا جو میری اُمّت اِسرائیلؔ کی گلّہ بانی کرے گا۔ اِس پر ہیرودؔیس نے مجُوسِیوں کو چُپکے سے بُلا کر اُن سے تحقِیق کی کہ وہ ستارہ کِس وقت دِکھائی دِیا تھا۔ اور یہ کہہ کر اُنہیں بَیت لحم کو بھیجا کہ جا کر اُس بچّے کی بابت ٹِھیک ٹِھیک دریافت کرو اور جب وہ مِلے تو مُجھے خبر دو تاکہ مَیں بھی آ کر اُسے سِجدہ کرُوں۔ وہ بادشاہ کی بات سُن کر روانہ ہُوئے اور دیکھو جو ستارہ اُنہوں نے پُورب میں دیکھا تھا وہ اُن کے آگے آگے چلا۔ یہاں تک کہ اُس جگہ کے اُوپر جا کر ٹھہر گیا جہاں وہ بچّہ تھا۔ وہ ستارے کو دیکھ کر نِہایت خُوش ہُوئے۔ اور اُس گھر میں پُہنچ کر بچّے کو اُس کی ماں مریمؔ کے پاس دیکھا اور اُس کے آگے گِر کر سِجدہ کِیا اور اپنے ڈِبّے کھول کر سونا اور لُبان اور مُر اُس کو نذر کِیا۔ اور ہیرودؔیس کے پاس پِھر نہ جانے کی ہدایت خواب میں پا کر دُوسری راہ سے اپنے مُلک کو روانہ ہُوئے۔ جب وہ روانہ ہو گئے تو دیکھو خُداوند کے فرِشتہ نے یُوسفؔ کو خواب میں دِکھائی دے کر کہا اُٹھ۔ بچّے اور اُس کی ماں کو ساتھ لے کر مِصرؔ کو بھاگ جا اور جب تک کہ مَیں تُجھ سے نہ کہُوں وہیں رہنا کیونکہ ہیرودؔیس اِس بچّے کو تلاش کرنے کو ہے تاکہ اِسے ہلاک کرے۔ پس وہ اُٹھا اور رات کے وقت بچّے اور اُس کی ماں کو ساتھ لے کر مِصرؔ کو روانہ ہو گیا۔ اور ہیرودؔیس کے مَرنے تک وہیں رہا تاکہ جو خُداوند نے نبی کی معرفت کہا تھا وہ پُورا ہو کہ مِصرؔ میں سے مَیں نے اپنے بیٹے کو بُلایا۔ جب ہیرودؔیس نے دیکھا کہ مجُوسِیوں نے میرے ساتھ ہنسی کی تو نِہایت غُصّے ہُؤا اور آدمی بھیج کر بَیت لحم اور اُس کی سب سرحدّوں کے اندر کے اُن سب لڑکوں کو قتل کروا دِیا جو دو دو برس کے یا اِس سے چھوٹے تھے۔ اُس وقت کے حِساب سے جو اُس نے مجُوسِیوں سے تحقِیق کی تھی۔ اُس وقت وہ بات پُوری ہُوئی جو یِرمیاؔہ نبی کی معرفت کہی گئی تھی کہ رامہ میں آواز سُنائی دی۔ رونا اور بڑا ماتم۔ راخِل اپنے بچّوں کو رو رہی ہے اور تسلّی قبُول نہیں کرتی اِس لِئے کہ وہ نہیں ہیں۔ جب ہیرودؔیس مَر گیا تو دیکھو خُداوند کے فرِشتہ نے مِصرؔ میں یُوسفؔ کو خواب میں دِکھائی دے کر کہا کہ اُٹھ اِس بچّے اور اِس کی ماں کو لے کر اِسرائیلؔ کے مُلک میں چلا جا کیونکہ جو بچّے کی جان کے خواہاں تھے وہ مَر گئے۔ پس وہ اُٹھا اور بچّے اور اُس کی ماں کو ساتھ لے کر اِسرائیلؔ کے مُلک میں آ گیا۔ مگر جب سُنا کہ اَرخلاؔؤس اپنے باپ ہیرودؔیس کی جگہ یہُودیہ میں بادشاہی کرتا ہے تو وہاں جانے سے ڈرا اور خواب میں ہدایت پا کر گلِیل کے عِلاقہ کو روانہ ہو گیا۔ اور ناصرۃ نام ایک شہر میں جا بسا تاکہ جو نبِیوں کی معرفت کہا گیا تھا وہ پُورا ہو کہ وہ ناصری کہلائے گا۔

پڑھیں متّی 2

سنیں متّی 2

اس متّی 1:2-23 کے مطابق مفت مطالعاتی منصوبے اور عقیدت بھرے پیغام