دیکھو مَیں اپنے رسُول کو بھیجُوں گا اور وہ میرے آگے راہ درُست کرے گا اور خُداوند جِس کے تُم طالِب ہو ناگہان اپنی ہَیکل میں آ مَوجُود ہو گا۔ ہاں عہد کا رسُول جِس کے تُم آرزُو مند ہو آئے گا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ پر اُس کے آنے کے دِن کی کِس میں تاب ہے؟ اور جب اُس کا ظہُور ہو گا تو کَون کھڑا رہ سکے گا؟ کیونکہ وہ سُنار کی آگ اور دھوبی کے صابُون کی مانِند ہے۔ اور وہ چاندی کو تانے اور پاک صاف کرنے والے کی مانِند بَیٹھے گا اور بنی لاوی کو سونے اور چاندی کی مانِند پاک صاف کرے گا تاکہ وہ راست بازی سے خُداوند کے حضُور ہدئے گُذرانیں۔ تب یہُوداؔہ اور یروشلیِم کا ہدیہ خُداوند کو پسند آئے گا جَیسا ایّامِ قدِیم اور گُذشتہ زمانہ میں۔ اور مَیں عدالت کے لِئے تُمہارے نزدِیک آؤُں گا اور جادُوگروں اور بدکاروں اور جُھوٹی قَسم کھانے والوں کے خِلاف اور اُن کے خِلاف بھی جو مزدُوروں کو مزدُوری نہیں دیتے اور بیواؤں اور یتِیموں پر سِتم کرتے اور مُسافِروں کی حق تلفی کرتے ہیں اور مُجھ سے نہیں ڈرتے مُستعِد گواہ ہُوں گا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ کیونکہ مَیں خُداوند لاتبدِیل ہُوں اِسی لِئے اَے بنی یعقُوب تُم نیست نہیں ہُوئے۔ تُم اپنے باپ دادا کے ایّام سے میرے آئِین سے مُنحرِف رہے اور اُن کو نہیں مانا۔ تُم میری طرف رجُوع ہو تو مَیں تُمہاری طرف رجُوع ہُوں گا ربُّ الافواج فرماتا ہے لیکن تُم کہتے ہو کہ ہم کِس بات میں رجُوع ہوں؟ کیا کوئی آدمی خُدا کو ٹھگے گا؟ پر تُم مُجھ کو ٹھگتے ہو اور کہتے ہو ہم نے کِس بات میں تُجھے ٹھگا؟ دَہ یکی اور ہدیہ میں۔ پس تُم سخت ملعُون ہُوئے کیونکہ تُم نے بلکہ تمام قَوم نے مُجھے ٹھگا۔ پُوری دَہ یکی ذخِیرہ خانہ میں لاؤ تاکہ میرے گھر میں خُوراک ہو اور اِسی سے میرا اِمتحان کرو ربُّ الافواج فرماتا ہے کہ مَیں تُم پر آسمان کے درِیچوں کو کھول کر برکت برساتا ہُوں کہ نہیں یہاں تک کہ تُمہارے پاس اُس کے لِئے جگہ نہ رہے۔ اور مَیں تُمہاری خاطِر ٹِڈّی کو ڈانٹُوں گا اور وہ تُمہاری زمِین کے حاصِل کو برباد نہ کرے گی اور تُمہارے تاکِستانوں کا پَھل کچّا نہ جھڑ جائے گا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ اور سب قَومیں تُم کو مُبارک کہیں گی کیونکہ تُم دِلکُشامُملکت ہو گے ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ خُداوند فرماتا ہے تُمہاری باتیں میرے خِلاف بُہت سخت ہیں تَو بھی تُم کہتے ہو ہم نے تیری مُخالفت میں کیا کہا؟ تُم نے تو کہا خُدا کی عِبادت کرنا عبث ہے۔ ربُّ الافواج کے احکام پر عمل کرنا اور اُس کے حضُور ماتم کرنا لاحاصِل ہے۔ اور اب ہم مغرُوروں کو نیک بخت کہتے ہیں۔ شرِیر برومند ہوتے ہیں اور خُدا کو آزمانے پر بھی رہائی پاتے ہیں۔ تب خُدا ترسوں نے آپس میں گُفتگُو کی اور خُداوند نے مُتوجّہِ ہو کر سُنا اور اُن کے لِئے جو خُداوند سے ڈرتے اور اُس کے نام کو یاد کرتے تھے اُس کے حضُور یادگار کا دفتر لِکھا گیا۔ ربُّ الافواج فرماتا ہے اُس روز وہ میرے لوگ بلکہ میری خاص مِلکِیّت ہوں گے اور مَیں اُن پر اَیسا رحِیم ہُوں گا جَیسا باپ اپنے خِدمت گُذار بیٹے پر ہوتا ہے۔ تب تُم رجُوع لاؤ گے اور صادِق اور شرِیر میں اور خُدا کی عِبادت کرنے والے اور نہ کرنے والے میں اِمتِیاز کرو گے۔
پڑھیں ملاکی 3
سنیں ملاکی 3
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: ملاکی 1:3-18
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos