احبار 22
22
نذرانوں اور قُربانیوں کی پاکِیزگی
1اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 2ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں سے کہہ کہ وہ بنی اِسرائیل کی پاک چِیزوں سے جِن کو وہ میرے لِئے مُقدّس کرتے ہیں اپنے آپ کو بچائے رکھّیں اور میرے پاک نام کو بے حُرمت نہ کریں۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 3اُن کو کہہ دے کہ تُمہاری پُشت در پُشت جو کوئی تُمہاری نسل میں سے اپنی ناپاکی کی حالت میں اُن پاک چِیزوں کے پاس جائے جِن کو بنی اِسرائیل خُداوند کے لِئے مُقدّس کرتے ہیں وہ شخص میرے حضُور سے کاٹ ڈالا جائے گا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
4ہارونؔ کی نسل میں جو کوڑھی یا جریان کا مرِیض ہو وہ جب تک پاک نہ ہو جائے پاک چِیزوں میں سے کُچھ نہ کھائے اور جو کوئی اَیسی چِیز کو جو مُردہ کے سبب سے ناپاک ہو گئی ہے یا اُس شخص کو جِس کی دھات بہتی ہو چُھوئے۔ 5یا جو کوئی کِسی رینگنے والے جاندار کو جِس کے چُھونے سے وہ ناپاک ہو سکتا ہے چُھوئے یا کِسی اَیسے شخص کو چُھوئے جِس سے اُس کی ناپاکی خواہ وہ کِسی قِسم کی ہو اُس کو بھی لگ سکتی ہو۔ 6تو وہ آدمی جو اِن میں سے کِسی کو چُھوئے شام تک ناپاک رہے گا اور جب تک پانی سے غُسل نہ کر لے پاک چِیزوں میں سے کُچھ نہ کھائے۔ 7اور وہ اُس وقت پاک ٹھہرے گا جب آفتاب غرُوب ہو جائے۔ اِس کے بعد وہ پاک چِیزوں میں سے کھائے کیونکہ یہ اُس کی خُوراک ہے۔ 8اور مُردار یا درِندہ کے پھاڑے ہُوئے جانور کو کھانے سے وہ اپنے آپ کو نجِس نہ کر لے۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
9اِس لِئے وہ میری شرع کو مانیں تا نہ ہو کہ اُس کے سبب سے اُن کے سر گُناہ لگے اور اُس کی بے حُرمتی کرنے کی وجہ سے وہ مَر بھی جائیں۔ مَیں خُداوند اُن کا مُقدّس کرنے والا ہُوں۔
10کوئی اجنبی پاک چِیز کو نہ کھانے پائے خواہ وہ کاہِن ہی کے ہاں ٹھہرا ہو یا اُس کا نوکر ہو تَو بھی وہ کوئی پاک چِیز نہ کھائے۔ 11لیکن وہ جِسے کاہِن نے اپنے زر سے خریدا ہو اُسے کھا سکتا ہے اور وہ جو اُس کے گھر میں پَیدا ہُوئے ہوں وہ بھی اُس کے کھانے میں سے کھائیں۔ 12اگر کاہِن کی بیٹی کِسی اجنبی سے بیاہی گئی ہو تو وہ پاک چِیزوں کی قُربانی میں سے کُچھ نہ کھائے۔ 13پر اگر کاہِن کی بیٹی بیوہ ہو جائے یا مُطلّقہ ہو اور بے اَولاد ہو اور لڑکپن کے دِنوں کی طرح اپنے باپ کے گھر میں پِھر آ کر رہے تو وہ اپنے باپ کے کھانے میں سے کھائے لیکن کوئی اجنبی اُسے نہ کھائے۔
14اور اگر کوئی نادانِستہ پاک چِیز کو کھا جائے تو وہ اُس کے پانچویں حِصّہ کے برابر اپنے پاس سے اُس میں مِلا کر وہ پاک چِیز کاہِن کو دے۔ 15اور وہ بنی اِسرائیل کی پاک چِیزوں کو جِن کو وہ خُداوند کی نذر کرتے ہوں بے حُرمت کر کے۔ 16اُن کے سر اُس گُناہ کا جُرم نہ لادیں جو اُن کی پاک چِیزوں کے کھانے سے ہو گا کیونکہ مَیں خُداوند اُن کا مُقدّس کرنے والا ہُوں۔
17اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 18ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں اور سب بنی اِسرائیل سے کہہ کہ اِسرائیلؔ کے گھرانے کا یا اُن پردیسیوں میں سے جو اِسرائیلِیوں کے درمِیان رہتے ہیں جو کوئی شخص اپنی قُربانی لائے خواہ وہ کوئی مَنّت کی قُربانی ہو یا رضا کی قُربانی جِسے وہ سوختنی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور گُذرانا کرتے ہیں۔ 19تو اپنے مقبُول ہونے کے لِئے تُم بَیلوں یا برّوں یا بکروں میں سے بے عَیب نر چڑھانا۔ 20اور جِس میں عَیب ہو اُسے نہ چڑھانا کیونکہ وہ تُمہاری طرف سے مقبُول نہ ہو گا۔ 21اور جو کوئی اپنی مَنّت پُوری کرنے کے لِئے یا رضا کی قُربانی کے طَور پر گائے بَیل یا بھیڑ بکری میں سے سلامتی کا ذبِیحہ خُداوند کے حضُور گُذرانے تو وہ جانور مقبُول ٹھہرنے کے لِئے بے عَیب ہو۔ اُس میں کوئی نقص نہ ہو۔ 22جو اندھا یا شِکستہ عضُو یا لُولا ہو یا جِس کے رسَولی یا کُھجلی یا پپڑیاں ہوں اَیسوں کو خُداوند کے حضُور نہ چڑھانا اور نہ مذبح پر اُن کی آتِشِین قُربانی خُداوند کے حضُور گُذراننا۔ 23جِس بچھڑے یا برّے کا کوئی عضُو زِیادہ یا کم ہو اُسے تو رضا کی قُربانی کے طَور پر گُذران سکتا ہے پر مَنّت پُوری کرنے کے لِئے وہ مقبُول نہ ہو گا۔ 24جِس جانور کے خُصئے کُچلے ہُوئے یا چُور کِئے ہُوئے یا ٹُوٹے یا کٹے ہُوئے ہوں اُسے تُم خُداوند کے حضُور نہ چڑھانا اور نہ اپنے مُلک میں اَیسا کام کرنا۔
25اور نہ اِن میں سے کِسی کو لے کر تُم اپنے خُدا کی غِذا پردیسی یا اجنبی کے ہاتھ سے چڑھوانا کیونکہ اُن کا بِگاڑ اُن میں مَوجُود ہوتا ہے۔ اُن میں عَیب ہے۔ سو وہ تُمہاری طرف سے مقبُول نہ ہوں گے۔
26اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 27جِس وقت بچھڑا یا بھیڑ یا بکری کا بچّہ پَیدا ہو تو سات دِن تک وہ اپنی ماں کے ساتھ رہے اور آٹھویں دِن سے اور اُس کے بعد سے وہ خُداوند کی آتِشِین قُربانی کے لِئے مقبُول ہو گا۔ 28اور خواہ گائے ہو یا بھیڑ بکری تُم اُسے اور اُس کے بچّے دونوں کو ایک ہی دِن ذبح نہ کرنا۔ 29اور جب تُم خُداوند کے شُکرانہ کا ذبِیحہ قُربانی کرو تو اُسے اِس طرح قُربانی کرنا کہ تُم مقبُول ٹھہرو۔ 30اور وہ اُسی دِن کھا بھی لِیا جائے۔ تُم اُس میں سے کُچھ بھی دُوسرے دِن کی صُبح تک باقی نہ چھوڑنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
31سو تُم میرے حُکموں کو ماننا اور اُن پر عمل کرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 32تُم میرے پاک نام کو ناپاک نہ ٹھہرانا کیونکہ مَیں بنی اِسرائیل کے درمِیان ضرُور ہی پاک مانا جاؤُں گا۔ مَیں خُداوند تُمہارا مُقدّس کرنے والا ہُوں۔ 33جو تُم کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لایا ہُوں تاکہ تُمہارا خُدا بنا رہُوں۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
موجودہ انتخاب:
احبار 22: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.