اَے خُداوند جو کُچھ ہم پر گُذرا اُسے یاد کر! نظر کر اور ہماری رُسوائی کو دیکھ۔ ہماری مِیراث اجنبِیوں کے حوالہ کی گئی۔ ہمارے گھر بے گانوں نے لے لِئے۔ ہم یتِیم ہیں۔ ہمارے باپ نہیں۔ ہماری مائیں بیواؤں کی مانِند ہیں۔ ہم نے اپنا پانی مول لے کر پِیا۔ اپنی لکڑی بھی ہم نے دام دے کر لی۔ ہم کو رگیدنے والے ہمارے سر پر ہیں۔ ہم تھکے ہارے اور بے آرام ہیں۔ ہم نے مِصریوں اور اسُوریوں کی اِطاعت قبُول کی تاکہ روٹی سے سیر و آسُودہ ہوں۔ ہمارے باپ دادا گُناہ کر کے چل بسے۔ اور ہم اُن کی بدکرداری کی سزا پا رہے ہیں۔ غُلام ہم پر حُکمرانی کرتے ہیں۔ اُن کے ہاتھ سے چُھڑانے والا کوئی نہیں۔ صحرا نشِینوں کی تلوار کے باعِث ہم جان پر کھیل کر روٹی حاصِل کرتے ہیں۔ قحط کی جُھلسانے والی آگ کے باعِث۔ ہمارا چمڑا تنُور کی مانِند سِیاہ ہو گیا ہے۔ اُنہوں نے صِیُّون میں عَورتوں کو بے حُرمت کِیا اور یہُوداؔہ کے شہروں میں کُنواری لڑکیوں کو۔ اُمرا کو اُن کے ہاتھوں سے لٹکا دِیا۔ بزُرگوں کی رُوداری نہ کی گئی۔ جوانوں نے چکّی پِیسی۔ اور بچّوں نے گِرتے پڑتے لکڑِیاں ڈھوئِیں۔ بزُرگ پھاٹکوں پر دِکھائی نہیں دیتے۔ جوانوں کی نغمہ پردازی سُنائی نہیں دیتی۔ ہمارے دِلوں سے خُوشی جاتی رہی۔ ہمارا رقص ماتم سے بدل گیا۔ تاج ہمارے سر پر سے گِر پڑا۔ ہم پر افسوس! کہ ہم نے گُناہ کِیا۔ اِسی لِئے ہمارے دِل بیتاب ہیں۔ اِن ہی باتوں کے باعِث ہماری آنکھیں دُھندلا گئیں کوہِ صِیُّون کی وِیرانی کے باعِث اُس پر گِیدڑ پِھرتے ہیں پر تُو اَے خُداوند ابد تک قائِم ہے اور تیرا تخت پُشت در پُشت۔ پِھر تُو کیوں ہم کو ہمیشہ کے لِئے فراموش کرتا ہے۔ اور ہم کو مُدّتِ دراز تک ترک کرتا ہے؟ اَے خُداوند ہم کو اپنی طرف پِھرا تو ہم پِھریں گے۔ ہمارے دِن بدل دے جَیسے قدِیم سے تھے۔ کیا تُو نے ہم کو بِالکُل ردّ کر دِیا ہے؟ کیا تُو ہم سے سخت ناراض ہے؟
پڑھیں نَوحہ 5
سنیں نَوحہ 5
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: نَوحہ 1:5-22
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos