YouVersion Logo
تلاش

نَوحہ 1:3-24

نَوحہ 1:3-24 URD

مَیں ہی وہ شخص ہُوں جِس نے اُس کے غضب کے عصا سے دُکھ پایا۔ وہ میرا رہبر ہُؤا اور مُجھے رَوشنی میں نہیں بلکہ تارِیکی میں چلایا۔ یقِیناً اُس کا ہاتھ دِن بھر میری مُخالفت کرتا رہا۔ اُس نے میرا گوشت اور چمڑا خُشک کر دِیا اور میری ہڈِّیاں توڑ ڈالِیں۔ اُس نے میرے اِردگِرد دِیوار کھینچی اور مُجھے تلخی و مشقّت سے گھیر لِیا۔ اُس نے مُجھے مُدّتِ دراز کے مُردوں کی مانِند تارِیک مکانوں میں رکھّا۔ اُس نے میرے گِرد اِحاطہ بنا دِیا کہ مَیں باہر نہیں نِکل سکتا اُس نے میری زنجِیر بھاری کر دی بلکہ جب مَیں پُکارتا اور دُہائی دیتا ہُوں تو وہ میری فریاد نہیں سُنتا اُس نے تراشے ہُوئے پتّھروں سے میرے راستے بند کر دِئے۔ اُس نے میری راہیں ٹیڑھی کر دِیں۔ وہ میرے لِئے گھات میں بَیٹھا ہُؤا رِیچھ اور کمِین گاہ کا شیرِ بَبر ہے۔ اُس نے میری راہیں کج کر دِیں اور مُجھے ریزہ ریزہ کر کے برباد کر دیا اُس نے اپنی کمان کھینچی اور مُجھے اپنے تِیروں کا نِشانہ بنایا۔ اُس نے اپنے ترکش کے تِیروں سے میرے گُردوں کو چھید ڈالا۔ مَیں اپنے سب لوگوں کے لِئے مضحکہ اور دِن بھر اُن کا راگ ہُوں اُس نے مُجھے تلخی سے بھر دِیا اور ناگدَونے سے مدہوش کِیا۔ اُس نے سنگریزوں سے میرے دانت توڑے اور مُجھے خاکِستر میں لِٹایا۔ تُو نے میری جان کو سلامتی سے دُور کر دِیا۔ مَیں خُوش حالی کو بُھول گیا۔ اور مَیں نے کہا مَیں ناتوان ہُؤا اور خُداوند سے میری اُمّید جاتی رہی۔ میرے دُکھ کا خیال کر۔ میری مُصِیبت یعنی تلخی اور ناگدَونے کو یاد کر۔ اِن باتوں کی یاد سے میری جان مُجھ مَیں بیتاب ہے۔ مَیں اِس پر سوچتا رہتا ہُوں۔ اِسی لِئے مَیں اُمّیدوار ہُوں یہ خُداوند کی شفقت ہے کہ ہم فنا نہیں ہُوئے کیونکہ اُس کی رحمت لازوال ہے۔ وہ ہر صُبح تازہ ہے۔ تیری وفاداری عظِیم ہے۔ میری جان نے کہا میرا بخرہ خُداوند ہے اِس لِئے میری اُمّید اُسی سے ہے۔

پڑھیں نَوحہ 3

سنیں نَوحہ 3