لیکن یُوناؔہ اِس سے نِہایت ناخُوش اور ناراض ہُؤا۔ اور اُس نے خُداوند سے یُوں دُعا کی کہ اَے خُداوند جب مَیں اپنے وطن ہی میں تھا اور ترسِیس کو بھاگنے والا تھا تو کیا مَیں نے یِہی نہ کہا تھا؟ مَیں جانتا تھا کہ تُو رحِیم و کرِیم خُدا ہے جو قہر کرنے میں دھِیما اور شفقت میں غنی ہے اور عذاب نازِل کرنے سے باز رہتا ہے۔ اب اَے خُداوند مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کہ میری جان لے لے کیونکہ میرے اِس جِینے سے مَر جانا بِہتر ہے۔ تب خُداوند نے فرمایا کیا تُو اَیسا ناراض ہے؟ اور یُوناؔہ شہر سے باہر مشرِق کی طرف جا بَیٹھا اور وہاں اپنے لِئے ایک چھپّر بنا کر اُس کے سایہ میں بَیٹھ رہا کہ دیکھے شہر کا کیا حال ہوتا ہے۔ تب خُداوند خُدا نے کدُّو کی بیل اُگائی اور اُسے یُوناؔہ کے اُوپر پَھیلایا کہ اُس کے سر پر سایہ ہو اور وہ تکلِیف سے بچے اور یُوناؔہ اُس بیل کے سبب سے نِہایت خُوش ہُؤا۔ لیکن دُوسرے دِن صُبح کے وقت خُدا نے ایک کِیڑا بھیجا جِس نے اُس بیل کو کاٹ ڈالا اور وہ سُوکھ گئی۔ اور جب آفتاب بُلند ہُؤا تو خُدا نے مشرِق سے لُو چلائی اور آفتاب کی گرمی نے یُوناؔہ کے سر میں اثر کِیا اور وہ بیتاب ہو گیا اور مَوت کا آرزُو مند ہو کر کہنے لگا کہ میرے اِس جِینے سے مَر جانا بِہتر ہے۔ اور خُدا نے یُوناؔہ سے فرمایا کیا تُو اِس بیل کے سبب سے اَیسا ناراض ہے؟ اُس نے کہا مَیں یہاں تک ناراض ہُوں کہ مَرنا چاہتا ہُوں۔ تب خُداوند نے فرمایا کہ تُجھے اِس بیل کا اِتنا خیال ہے جِس کے لِئے تُو نے نہ کُچھ مِحنت کی اور نہ اُسے اُگایا۔ جو ایک ہی رات میں اُگی اور ایک ہی رات میں سُوکھ گئی۔ اور کیا مُجھے لازِم نہ تھا کہ مَیں اِتنے بڑے شہر نِینوؔہ کا خیال کرُوں جِس میں ایک لاکھ بِیس ہزار سے زیادہ اَیسے ہیں جو اپنے دہنے اور بائیں ہاتھ میں اِمتِیاز نہیں کر سکتے اور بے شُمار مویشی ہیں؟
پڑھیں یُوناہ 4
سنیں یُوناہ 4
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: یُوناہ 1:4-11
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos