خُداوند کا کلام جو یُوایل بِن فتُوایل پر نازِل ہُؤا۔:- اَے بُوڑھو سُنو! اَے زمِین کے سب باشِندو کان لگاؤ! کیا تُمہارے یا تُمہارے باپ دادا کے ایّام میں کبھی اَیسا ہُؤا؟ تُم اپنی اَولاد سے اِس کا تذکرہ کرو اور تُمہاری اَولاد اپنی اَولاد سے اور اُن کی اَولاد اپنی نسل سے بیان کرے۔ کہ جو کُچھ ٹِڈّیوں کے ایک غول سے بچا اُسے دُوسرا غول نِگل گیا اور جو کُچھ دُوسرے سے بچا اُسے تِیسرا غول چَٹ کر گیا اور جو کُچھ تِیسرے سے بچا اُسے چَوتھا غول کھا گیا۔ اَے متوالو جاگو اور ماتم کرو! اَے مَے نوشی کرنے والو نئی مَے کے لِئے چِلاّؤ کیونکہ وہ تُمہارے مُنہ سے چِھن گئی ہے۔ کیونکہ میرے مُلک پر ایک قَوم چڑھ آئی ہے جِس کے لوگ زورآور اور بے شُمار ہیں۔ اُن کے دانت شیرِ بَبر کے سے ہیں اور اُن کی داڑھیں شیرنی کی سی ہیں۔ اُنہوں نے میرے تاکِستان کو اُجاڑ ڈالا اور میرے انجِیر کے درختوں کو توڑ ڈالا ہے۔ اُنہوں نے اُن کو بِالکُل چِھیل چھال کر پھینک دِیا۔ اُن کی ڈالِیاں سفید نِکل آئِیں۔ تُم ماتم کرو جِس طرح دُلہن اپنی جوانی کے شَوہر کے لِئے ٹاٹ اوڑھ کر ماتم کرتی ہے۔ نذر کی قُربانی اور تپاون خُداوند کے گھر سے مَوقُوف ہو گئے۔ خُداوند کے خِدمت گُذار کاہِن ماتم کرتے ہیں۔ کھیت اُجڑ گئے۔ زمِین ماتم کرتی ہے کیونکہ غلّہ خراب ہو گیا۔ نئی مَے ختم ہو گئی اور رَوغن ضائِع ہو گیا۔ اَے کِسانو خجالت اُٹھاؤ۔ اَے تاکِستان کے باغبانو نَوحہ کرو کیونکہ گیہُوں اور جَو اور مَیدان کے تیّار کھیت برباد ہو گئے۔ تاک خُشک ہو گئی۔ انجِیر کا درخت مُرجھا گیا۔ انار اور کھجُور اور سیب کے درخت ہاں مَیدان کے تمام درخت مُرجھا گئے اور بنی آدمؔ سے خُوشی جاتی رہی۔
پڑھیں یُوایل 1
سنیں یُوایل 1
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: یُوایل 1:1-12
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos