YouVersion Logo
تلاش

ایُّوب 4:38-41

ایُّوب 4:38-41 URD

تُو کہاں تھا جب مَیں نے زمِین کی بُنیاد ڈالی؟ تُو دانِش مند ہے تو بتا۔ کیا تُجھے معلُوم ہے کِس نے اُس کی ناپ ٹھہرائی؟ یا کِس نے اُس پر سُوت کھینچا؟ کِس چِیز پر اُس کی بُنیاد ڈالی گئی؟ یا کِس نے اُس کے کونے کا پتّھر بِٹھایا جب صُبح کے سِتارے مِل کر گاتے تھے اور خُدا کے سب بیٹے خُوشی سے للکارتے تھے؟ یا کِس نے سمُندر کو دروازوں سے بند کِیا جب وہ اَیسا پُھوٹ نِکلا گویا رَحِم سے۔ جب مَیں نے بادل کو اُس کا لِباس بنایا اور گہری تارِیکی کو اُس کا لپیٹنے کا کپڑا اور اُس کے لِئے حد ٹھہرائی اور بینڈے اور کِواڑ لگائے اور کہا یہاں تک تُو آنا پر آگے نہیں اور یہاں تیری بِپھرتی ہُوئی مَوجیں رُک جائیں گی؟ کیا تُو نے اپنی عُمر میں کبھی صُبح پر حُکمرانی کی اور کیا تُو نے فجر کو اُس کی جگہ بتائی تاکہ وہ زمِین کے کناروں پر قبضہ کرے اور شرِیر لوگ اُس میں سے جھاڑ دِئے جائیں؟ وہ اَیسے بدلتی ہے جَیسے مُہر کے نیچے چِکنی مِٹّی اور تمام چِیزیں کپڑے کی طرح نُمایاں ہو جاتی ہیں۔ اور شرِیروں سے اُن کی رَوشنی روک لی جاتی ہے اور بُلند بازُو توڑا جاتا ہے۔ کیا تُو سمُندر کے سوتوں میں داخِل ہُؤا ہے؟ یا گہراؤ کی تھاہ میں چلا ہے؟ کیا مَوت کے پھاٹک تُجھ پر ظاہِر کر دِئے گئے ہیں؟ یا تُو نے مَوت کے سایہ کے پھاٹکوں کو دیکھ لِیا ہے؟ کیا تُو نے زمِین کی چَوڑائی کو سمجھ لِیا ہے؟ اگر تُو یہ سب جانتا ہے تو بتا۔ نُور کے مسکن کا راستہ کہاں ہے۔ رہی تارِیکی۔ سو اُس کا مکان کہاں ہے تاکہ تُو اُسے اُس کی حد تک پُہنچا دے اور اُس کے مکان کی راہوں کو پہچانے؟ بے شک تُو جانتا ہو گا کیونکہ تُو اُس وقت پَیدا ہُؤا تھا اور تیرے دِنوں کا شُمار بڑا ہے! کیا تُو برف کے مخزنوں میں داخِل ہُؤا ہے یا اولوں کے مخزنوں کو تُو نے دیکھا ہے جِن کو مَیں نے تکلِیف کے وقت کے لِئے اور لڑائی اور جنگ کے دِن کی خاطِر رکھ چھوڑا ہے؟ رَوشنی کِس طرِیق سے تقسِیم ہوتی ہے یا مشرِقی ہوا زمِین پر پَھیلائی جاتی ہے؟ سَیلاب کے لِئے کِس نے نالی کاٹی یا رعد کی بِجلی کے لِئے راستہ تاکہ اُسے غَیر آباد زمِین پر برسائے اور بیابان پر جِس میں اِنسان نہیں بستا تاکہ اُجڑی اور سُونی زمِین کو سیراب کرے اور نرم نرم گھاس اُگائے؟ کیا بارِش کا کوئی باپ ہے؟ یا شبنم کے قطرے کِس سے تولُّد ہُوئے؟ یخ کِس کے بطن سے نِکلا اور آسمان کے سفید پالے کو کِس نے پَیدا کِیا؟ پانی پتّھر سا ہو جاتا ہے اور گہراؤ کی سطح جم جاتی ہے۔ کیا تُو عقدِ ثُریّا کو باندھ سکتا یا جبّار کے بندھن کو کھول سکتا ہے؟ کیا تُو مِنطقتُہ البُرُوج کو اُن کے وقتوں پر نِکال سکتا ہے؟ یا بناتُ النّعش کی اُن کی سہیلِیوں کے ساتھ رہبری کر سکتا ہے؟ کیا تُو آسمان کے قوانِین کو جانتا ہے اور زمِین پر اُن کا اِختیار قائِم کر سکتا ہے؟ کیا تُو بادلوں تک اپنی آواز بُلند کر سکتا ہے تاکہ پانی کی فراوانی تُجھے چِھپا لے؟ کیا تُو بِجلی کو روانہ کر سکتا ہے کہ وہ جائے اور تُجھ سے کہے مَیں حاضِر ہُوں؟ باطِن میں حِکمت کِس نے رکھّی؟ اور دِل کو دانِش کِس نے بخشی؟ بادلوں کو حِکمت سے کَون گِن سکتا ہے؟ یا کَون آسمان کی مشکوں کو اُنڈیل سکتا ہے جب گرد مِل کر تُودہ بن جاتی ہے اور ڈھیلے باہم سٹ جاتے ہیں؟ کیا تُو شیرنی کے لِئے شِکار مار دے گا یا بَبر کے بچّوں کو آسُودہ کر دے گا جب وہ اپنی ماندوں میں بَیٹھے ہوں اور گھات لگائے آڑ میں دبکے ہوں؟ پہاڑی کوّے کے لِئے کَون خُوراک مُہیّا کرتا ہے جب اُس کے بچّے خُدا سے فریاد کرتے اور خُوراک نہ مِلنے سے اُڑتے پِھرتے ہیں؟

پڑھیں ایُّوب 38

سنیں ایُّوب 38