YouVersion Logo
تلاش

ایُّوب 1:23-17

ایُّوب 1:23-17 URD

تب ایُّوب نے جواب دیا:- میری شِکایت آج بھی تلخ ہے۔ میری مار میرے کراہنے سے بھی بھاری ہے۔ کاش کہ مُجھے معلُوم ہوتا کہ وہ مُجھے کہاں مِل سکتا ہے تاکہ مَیں عَین اُس کی مسند تک پُہنچ جاتا! مَیں اپنا مُعاملہ اُس کے حضُور پیش کرتا اور اپنا مُنہ دلِیلوں سے بھر لیتا۔ مَیں اُن لفظوں کو جان لیتا جِن میں وہ مُجھے جواب دیتا اور جو کُچھ وہ مُجھ سے کہتا مَیں سمجھ لیتا۔ کیا وہ اپنی قُدرت کی عظمت میں مُجھ سے لڑتا؟ نہیں۔ بلکہ وہ میری طرف توجُّہ کرتا۔ راست باز وہاں اُس کے ساتھ بحث کر سکتے۔ یُوں مَیں اپنے مُنصِف کے ہاتھ سے ہمیشہ کے لِئے رہائی پاتا۔ دیکھو! مَیں آگے جاتا ہُوں پر وہ وہاں نہیں اور پِیچھے ہٹتا ہُوں پر مَیں اُسے دیکھ نہیں سکتا۔ بائیں ہاتھ پِھرتا ہُوں جب وہ کام کرتا ہے پر وہ مُجھے دِکھائی نہیں دیتا۔ وہ دہنے ہاتھ کی طرف چِھپ جاتا ہے اَیسا کہ مَیں اُسے دیکھ نہیں سکتا۔ لیکن وہ اُس راستہ کو جِس پر مَیں چلتا ہُوں جانتا ہے۔ جب وہ مُجھے تالے گا تو مَیں سونے کی مانِند نِکل آؤں گا۔ میرا پاؤں اُس کے قدموں سے لگا رہا ہے۔ مَیں اُس کے راستہ پر چلتا رہا ہُوں اور برگشتہ نہیں ہُؤا۔ مَیں اُس کے لبوں کے حُکم سے ہٹا نہیں۔ مَیں نے اُس کے مُنہ کی باتوں کو اپنی ضرُوری خُوراک سے بھی زِیادہ ذخِیرہ کِیا۔ لیکن وہ ایک خیال میں رہتا ہے اور کَون اُس کو پِھرا سکتا ہے؟ اور جو کُچھ اُس کا جی چاہتا ہے وہ کرتا ہے۔ کیونکہ جو کُچھ میرے لِئے مُقرّر ہے وہ پُورا کرتا ہے اور بُہت سی اَیسی باتیں اُس کے ہاتھ میں ہیں۔ اِسی لِئے مَیں اُس کے حضُور میں گھبرا جاتا ہُوں۔ مَیں جب سوچتا ہُوں تو اُس سے ڈر جاتا ہُوں کیونکہ خُدا نے میرے دِل کو بودا کر ڈالا ہے اور قادرِ مُطلِق نے مُجھ کو گھبرا دِیا ہے۔ اِس لِئے کہ مَیں اِس ظُلمت سے پہلے کاٹ ڈالا نہ گیا اور اُس نے بڑی تارِیکی کو میرے سامنے سے نہ چِھپایا۔

پڑھیں ایُّوب 23

سنیں ایُّوب 23