اِن باتوں کے بعد یِسُوعؔ گلِیل کی جِھیل یعنی تِبرؔیاس کی جِھیل کے پار گیا۔ اور بڑی بِھیڑ اُس کے پِیچھے ہو لی کیونکہ جو مُعجِزے وہ بِیماروں پر کرتا تھا اُن کو وہ دیکھتے تھے۔ یِسُوعؔ پہاڑ پر چڑھ گیا اور اپنے شاگِردوں کے ساتھ وہاں بَیٹھا۔ اور یہُودِیوں کی عِیدِ فَسح نزدِیک تھی۔ پس جب یِسُوعؔ نے اپنی آنکھیں اُٹھا کر دیکھا کہ میرے پاس بڑی بِھیڑ آ رہی ہے تو فِلپُّس سے کہا کہ ہم اِن کے کھانے کے لِئے کہاں سے روٹِیاں مول لیں؟ مگر اُس نے اُسے آزمانے کے لِئے یہ کہا کیونکہ وہ آپ جانتا تھا کہ مَیں کیا کرُوں گا۔ فِلپُّس نے اُسے جواب دِیا کہ دو سَو دِینار کی روٹِیاں اِن کے لِئے کافی نہ ہوں گی کہ ہر ایک کو تھوڑی سی مِل جائے۔ اُس کے شاگِردوں میں سے ایک نے یعنی شمعُوؔن پطرس کے بھائی اندرؔیاس نے اُس سے کہا۔ یہاں ایک لڑکا ہے جِس کے پاس جَو کی پانچ روٹِیاں اور دو مچھلِیاں ہیں مگر یہ اِتنے لوگوں میں کیا ہیں؟ یِسُوعؔ نے کہا کہ لوگوں کو بِٹھاؤ اور اُس جگہ بُہت گھاس تھی۔ پس وہ مَرد جو تخمِیناً پانچ ہزار تھے بَیٹھ گئے۔ یِسُوعؔ نے وہ روٹِیاں لِیں اور شُکر کر کے اُنہیں جو بَیٹھے تھے بانٹ دِیں اور اِسی طرح مچھلِیوں میں سے جِس قدر چاہتے تھے بانٹ دِیا۔ جب وہ سیر ہو چُکے تو اُس نے اپنے شاگِردوں سے کہا کہ بچے ہُوئے ٹُکڑوں کو جمع کرو تاکہ کُچھ ضائع نہ ہو۔ چُنانچہ اُنہوں نے جمع کِیا اور جَو کی پانچ روٹِیوں کے ٹُکڑوں سے جو کھانے والوں سے بچ رہے تھے بارہ ٹوکرِیاں بھرِیں۔ پس جو مُعجِزہ اُس نے دِکھایا وہ لوگ اُسے دیکھ کر کہنے لگے جو نبی دُنیا میں آنے والا تھا فی الحقِیقت یِہی ہے۔ پس یِسُوعؔ یہ معلُوم کر کے کہ وہ آ کر مُجھے بادشاہ بنانے کے لِئے پکڑا چاہتے ہیں پِھر پہاڑ پر اکیلا چلا گیا۔ پِھر جب شام ہُوئی تو اُس کے شاگِرد جِھیل کے کنارے گئے۔ اور کشتی میں بَیٹھ کر جِھیل کے پار کَفرؔنحُوم کو چلے جاتے تھے۔ اُس وقت اندھیرا ہو گیا تھا اور یِسُوعؔ ابھی تک اُن کے پاس نہ آیا تھا۔ اور آندھی کے سبب سے جِھیل میں مَوجیں اُٹھنے لگِیں۔ پس جب وہ کھیتے کھیتے تِین چار مِیل کے قرِیب نِکل گئے تو اُنہوں نے یِسُوعؔ کو جِھیل پر چلتے اور کشتی کے نزدِیک آتے دیکھا اور ڈر گئے۔ مگر اُس نے اُن سے کہا مَیں ہُوں۔ ڈرو مت۔ پس وہ اُسے کشتی میں چڑھا لینے کو راضی ہُوئے اور فوراً وہ کشتی اُس جگہ جا پُہنچی جہاں وہ جاتے تھے۔
پڑھیں یُوحنّا 6
سنیں یُوحنّا 6
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: یُوحنّا 1:6-21
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos