YouVersion Logo
تلاش

یُوحنّا 1:20-18

یُوحنّا 1:20-18 URD

ہفتہ کے پہلے دِن مریمؔ مگدلِینی اَیسے تڑکے کہ ابھی اندھیرا ہی تھا قبر پر آئی اور پتّھر کو قبر سے ہٹا ہُؤا دیکھا۔ پس وہ شمعُوؔن پطرس اور اُس دُوسرے شاگِرد کے پاس جِسے یِسُوعؔ عزِیز رکھتا تھا دَوڑی ہُوئی گئی اور اُن سے کہا کہ خُداوند کو قبر سے نِکال لے گئے اور ہمیں معلُوم نہیں کہ اُسے کہاں رکھ دِیا۔ پس پطرؔس اور وہ دُوسرا شاگِرد نِکل کر قبر کی طرف چلے۔ اور دونوں ساتھ ساتھ دَوڑے مگر وہ دُوسرا شاگِرد پطرؔس سے آگے بڑھ کر قبر پر پہلے پُہنچا۔ اُس نے جُھک کر نظر کی اور سُوتی کپڑے پڑے ہُوئے دیکھے مگر اندر نہ گیا شمعُوؔن پطرس اُس کے پِیچھے پِیچھے پُہنچا اور اُس نے قبر کے اندر جا کر دیکھا کہ سُوتی کپڑے پڑے ہیں۔ اور وہ رُومال جو اُس کے سر سے بندھا ہُؤا تھا سُوتی کپڑوں کے ساتھ نہیں بلکہ لِپٹا ہُؤا ایک جگہ اَلگ پڑا ہے۔ اِس پر دُوسرا شاگِرد بھی جو پہلے قبر پر آیا تھا اندر گیا اور اُس نے دیکھ کر یقِین کِیا۔ کیونکہ وہ اب تک اُس نوِشتہ کو نہ جانتے تھے جِس کے مُطابِق اُس کا مُردوں میں سے جی اُٹھنا ضرُور تھا۔ پس یہ شاگِرد اپنے گھر کو واپس گئے۔ لیکن مریمؔ باہر قبر کے پاس کھڑی روتی رہی اور جب روتے روتے قبر کی طرف جُھک کر اندر نظر کی۔ تو دو فرِشتوں کو سفید پوشاک پہنے ہُوئے ایک کو سرہانے اور دُوسرے کو پَینتانے بَیٹھے دیکھا جہاں یِسُوعؔ کی لاش پڑی تھی۔ اُنہوں نے اُس سے کہا اَے عَورت تُو کیوں روتی ہے؟ اُس نے اُن سے کہا اِس لِئے کہ میرے خُداوند کو اُٹھا لے گئے ہیں اور معلُوم نہیں کہ اُسے کہاں رکھّا ہے۔ یہ کہہ کر وہ پِیچھے پِھری اور یِسُوعؔ کو کھڑے دیکھا اور نہ پہچانا کہ یہ یِسُوعؔ ہے۔ یِسُوعؔ نے اُس سے کہا اَے عَورت تُو کیوں روتی ہے؟ کِس کو ڈُھونڈتی ہے؟ اُس نے باغبان سمجھ کر اُس سے کہا مِیاں اگر تُو نے اُس کو یہاں سے اُٹھایا ہو تو مُجھے بتا دے کہ اُسے کہاں رکھّا ہے تاکہ مَیں اُسے لے جاؤں۔ یِسُوعؔ نے اُس سے کہا مریمؔ! اُس نے مُڑ کر اُس سے عِبراؔنی زُبان میں کہا ربُّونی! یعنی اَے اُستاد! یِسُوعؔ نے اُس سے کہا مُجھے نہ چُھو کیونکہ مَیں اب تک باپ کے پاس اُوپر نہیں گیا لیکن میرے بھائِیوں کے پاس جا کر اُن سے کہہ کہ مَیں اپنے باپ اور تُمہارے باپ اور اپنے خُدا اور تُمہارے خُدا کے پاس اُوپر جاتا ہُوں۔ مریمؔ مگدلِینی نے آ کر شاگِردوں کو خبر دی کہ مَیں نے خُداوند کو دیکھا اور اُس نے مُجھ سے یہ باتیں کہِیں۔