یُوحنّا 16:19-30

یُوحنّا 16:19-30 URD

اِس پر اُس نے اُس کو اُن کے حوالہ کِیا کہ مصلُوب کِیا جائے۔ پس وہ یِسُوع کو لے گئے۔ اور وہ اپنی صلِیب آپ اُٹھائے ہُوئے اُس جگہ تک باہر گیا جو کھوپڑی کی جگہ کہلاتی ہے۔ جِس کا تَرجُمہ عِبرانی میں گُلگُتا ہے۔ وہاں اُنہوں نے اُس کو اور اُس کے ساتھ اَور دو شخصوں کو مصلُوب کِیا۔ ایک کو اِدھر ایک کو اُدھر اور یِسُوعؔ کو بِیچ میں۔ اور پِیلاطُسؔ نے ایک کِتابہ لِکھ کر صلِیب پر لگا دِیا۔ اُس میں لِکھا تھا یِسُوعؔ ناصری یہُودِیوں کا بادشاہ۔ اُس کِتابہ کو بُہت سے یہُودِیوں نے پڑھا۔ اِس لِئے کہ وہ مقام جہاں یِسُوعؔ مصلُوب ہُؤا شہر کے نزدِیک تھا اور وہ عِبرانی۔ لتِینی اور یُونانی میں لِکھا ہُؤا تھا۔ پس یہُودِیوں کے سردار کاہِنوں نے پِیلاطُسؔ سے کہا کہ یہُودِیوں کا بادشاہ نہ لِکھ بلکہ یہ کہ اُس نے کہا مَیں یہُودِیوں کا بادشاہ ہُوں۔ پِیلاطُسؔ نے جواب دِیا کہ مَیں نے جو لِکھ دِیا وہ لِکھ دِیا۔ جب سِپاہی یِسُوعؔ کو مصلُوب کر چُکے تو اُس کے کپڑے لے کر چار حِصّے کِئے۔ ہر سِپاہی کے لِئے ایک حِصّہ اور اُس کا کُرتہ بھی لِیا۔ یہ کُرتہ بِن سِلا سراسر بُنا ہُؤا تھا۔ اِس لِئے اُنہوں نے آپس میں کہا کہ اِسے پھاڑیں نہیں بلکہ اِس پر قُرعہ ڈالیں تاکہ معلُوم ہو کہ کِس کا نِکلتا ہے۔ یہ اِس لِئے ہُؤا کہ وہ نوِشتہ پُورا ہو جو کہتا ہے کہ اُنہوں نے میرے کپڑے بانٹ لِئے اور میری پوشاک پر قُرعہ ڈالا۔ چُنانچہ سِپاہِیوں نے اَیسا ہی کِیا۔ اور یِسُوعؔ کی صلِیب کے پاس اُس کی ماں اور اُس کی ماں کی بہن مریمؔ کلوپاؔس کی بِیوی اور مریمؔ مگدلِینی کھڑی تِھیں۔ یِسُوع نے اپنی ماں اور اُس شاگِرد کو جِس سے مُحبّت رکھتا تھا پاس کھڑے دیکھ کر ماں سے کہا کہ اَے عَورت! دیکھ تیرا بیٹا یہ ہے۔ پِھر شاگِرد سے کہا دیکھ تیری ماں یہ ہے اور اُسی وقت سے وہ شاگِرد اُسے اپنے گھر لے گیا۔ اِس کے بعد جب یِسُوعؔ نے جان لِیا کہ اب سب باتیں تمام ہُوئِیں تاکہ نوِشتہ پُورا ہو تو کہا کہ مَیں پیاسا ہُوں۔ وہاں سِرکہ سے بھرا ہُؤا ایک برتن رکھا تھا۔ پس اُنہوں نے سِرکہ میں بِھگوئے ہُوئے سپنج کو زُوفے کی شاخ پر رکھ کر اُس کے مُنہ سے لگایا۔ پس جب یِسُوعؔ نے وہ سِرکہ پِیا تو کہا کہ تمام ہُؤا اور سر جُھکا کر جان دے دی۔