YouVersion Logo
تلاش

یُوحنّا 1:19-16

یُوحنّا 1:19-16 URD

اِس پر پِیلاطُسؔ نے یِسُوعؔ کو لے کر کوڑے لگوائے۔ اور سِپاہِیوں نے کانٹوں کا تاج بنا کر اُس کے سر پر رکھّا اور اُسے ارغوانی پوشاک پہنائی۔ اور اُس کے پاس آ آ کر کہنے لگے اَے یہُودِیوں کے بادشاہ آداب! اور اُس کے طمانچے بھی مارے۔ پِیلاطُسؔ نے پِھر باہر جا کر لوگوں سے کہا کہ دیکھو مَیں اُسے تُمہارے پاس باہر لے آتا ہُوں تاکہ تُم جانو کہ مَیں اُس کا کُچھ جُرم نہیں پاتا۔ یِسُوعؔ کانٹوں کا تاج رکھّے اور اَرغوانی پوشاک پہنے باہر آیا اور پِیلاطُسؔ نے اُن سے کہا دیکھو یہ آدمی! جب سردار کاہِن اور پیادوں نے اُسے دیکھا تو چِلاّ کر کہا مَصلُوب کر مَصلُوب! پِیلاطُسؔ نے اُن سے کہا کہ تُم ہی اِسے لے جاؤ اور مَصلُوب کرو کیونکہ مَیں اِس کا کُچھ جُرم نہیں پاتا۔ یہُودیوں نے اُسے جواب دِیا کہ ہم اہلِ شرِیعت ہیں اور شرِیعت کے مُوافِق وہ قتل کے لائِق ہے کیونکہ اُس نے اپنے آپ کو خُدا کا بیٹا بنایا۔ جب پِیلاطُسؔ نے یہ بات سُنی تو اَور بھی ڈرا۔ اور پِھر قلعہ میں جا کر یِسُوعؔ سے کہا تُو کہاں کا ہے؟ مگر یِسُوعؔ نے اُسے جواب نہ دِیا۔ پس پِیلاطُسؔ نے اُس سے کہا تُو مُجھ سے بولتا نہیں؟ کیا تُو نہیں جانتا کہ مُجھے تُجھ کو چھوڑ دینے کا بھی اِختیار ہے اور مَصلُوب کرنے کا بھی اِختیار ہے؟ یِسُوعؔ نے اُسے جواب دِیا کہ اگر تُجھے اُوپر سے نہ دِیا جاتا تو تیرا مُجھ پر کُچھ اِختیار نہ ہوتا۔ اِس سبب سے جِس نے مُجھے تیرے حوالہ کِیا اُس کا گُناہ زِیادہ ہے۔ اِس پر پِیلاطُسؔ اُسے چھوڑ دینے میں کوشِش کرنے لگا مگر یہُودِیوں نے چِلاّ کر کہا اگر تُو اُس کو چھوڑے دیتا ہے تو قَیصر کا خَیر خواہ نہیں۔ جو کوئی اپنے آپ کو بادشاہ بناتا ہے وہ قَیصر کا مُخالِف ہے۔ پِیلاطُسؔ یہ باتیں سُن کر یِسُوع کو باہِر لایا اور اُس جگہ جو چبُوترہ اور عِبرانی میں گبّتا کہلاتی ہے تختِ عدالت پر بَیٹھا۔ یہ فَسح کی تیّاری کا دِن اور چَھٹے گھنٹے کے قرِیب تھا۔ پِھر اُس نے یہُودِیوں سے کہا دیکھو یہ ہے تُمہارا بادشاہ۔ پس وہ چِلاّئے کہ لے جا! لے جا! اُسے مَصلُوب کر! پِیلاطُسؔ نے اُن سے کہا کیا مَیں تُمہارے بادشاہ کو مصلُوب کرُوں؟ سردار کاہِنوں نے جواب دِیا کہ قَیصر کے سِوا ہمارا کوئی بادشاہ نہیں۔ اِس پر اُس نے اُس کو اُن کے حوالہ کِیا کہ مصلُوب کِیا جائے۔ پس وہ یِسُوع کو لے گئے۔