یرمِیاہ 5
5
یروشلیِم کا گُناہ
1اب یروشلیِم کے کُوچوں میں اِدھر اُدھر گشت کرو
اور دیکھو اور دریافت کرو
اور اُس کے چَوکوں میں ڈُھونڈو
اگر کوئی آدمی وہاں مِلے جو اِنصاف کرنے والا
اور سچّائی کا طالِب ہو
تو مَیں اُسے مُعاف کرُوں گا۔
2اور اگرچہ وہ کہتے ہیں زِندہ خُداوند کی قَسم تَو بھی یقِیناً وہ جُھوٹی قَسم کھاتے ہیں۔
3اَے خُداوند! کیا تیری آنکھیں سچّائی پر نہیں ہیں؟
تُو نے اُن کو مارا ہے پر اُنہوں نے افسوس نہیں کِیا۔
تُو نے اُن کو غارت کِیا پر وہ تربِیّت پذِیر نہ ہُوئے۔
اُنہوں نے اپنے چِہروں کو چٹان سے بھی زِیادہ سخت بنایا۔
اُنہوں نے واپس آنے سے اِنکار کِیا ہے۔
4تب مَیں نے کہا کہ یقِیناً یہ بیچارے جاہِل ہیں
کیونکہ یہ خُداوند کی راہ اور اپنے خُدا کے احکام کو نہیں جانتے۔
5مَیں بزُرگوں کے پاس جاؤُں گا
اور اُن سے کلام کرُوں گا
کیونکہ وہ خُداوند کی راہ اور اپنے خُدا کے احکام کو جانتے ہیں
لیکن اِنہوں نے جُؤا بِالکُل توڑ ڈالا
اور بندھنوں کے ٹُکڑے کر ڈالے۔
6اِس لِئے جنگل کا شیرِ بَبر اُن کو پھاڑے گا۔
بیابان کا بھیڑِیا اُن کو ہلاک کرے گا۔
چِیتا اُن کے شہروں کی گھات میں بَیٹھا رہے گا۔
جو کوئی اُن میں سے نِکلے پھاڑا جائے گا
کیونکہ اُن کی سرکشی بُہت ہُوئی اور اُن کی برگشتگی بڑھ گئی۔
7مَیں تُجھے کیونکر مُعاف کرُوں؟
تیرے فرزندوں نے مُجھ کو چھوڑا اور اُن کی قَسم
کھائی جو خُدا نہیں ہیں۔
جب مَیں نے اُن کو سیر کِیا
تو اُنہوں نے بدکاری کی اور پرے باندھ کر
قحبہ خانوں میں اِکٹّھے ہُوئے۔
8وہ پیٹ بھرے گھوڑوں کی مانِند ہو گئے۔
ہر ایک صُبح کے وقت اپنے پڑوسی کی بِیوی پر ہِنہنانے لگا۔
9خُداوند فرماتا ہے کیا مَیں اِن باتوں کے لِئے سزا نہ دُوں گا
اور کیا میری رُوح اَیسی قَوم سے اِنتقام نہ لے گی؟
10اُس کی دِیواروں پر چڑھ جاؤ اور توڑ ڈالو
لیکن بِالکُل برباد نہ کرو۔
اُس کی شاخیں کاٹ دو
کیونکہ وہ خُداوند کی نہیں ہیں۔
11اِس لِئے کہ خُداوند فرماتا ہے
اِسرائیل کے گھرانے اور یہُوداؔہ کے گھرانے
نے مُجھ سے نِہایت بے وفائی کی۔
خُداوند اِسرائیل کو رَدّ کرتا ہے
12اُنہوں نے خُداوند کا اِنکار کِیا اور کہا کہ وہ نہیں ہے۔ ہم پر ہرگِز آفت نہ آئے گی اور تلوار اور کال کو ہم نہ دیکھیں گے۔ 13اور نبی محض ہوا ہو جائیں گے اور کلام اُن میں نہیں ہے۔ اُن کے ساتھ اَیسا ہی ہو گا۔ 14پس اِس لِئے کہ تُم یُوں کہتے ہو خُداوند ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں اپنے کلام کو تیرے مُنہ میں آگ اور اِن لوگوں کو لکڑی بناؤُں گا۔ اور وہ اِن کو بھسم کر دے گی۔
15اَے اِسرائیل کے گھرانے دیکھ مَیں ایک قَوم کو دُور سے تُجھ پر چڑھا لاؤُں گا خُداوند فرماتا ہے۔ وہ زبردست قَوم ہے۔ وہ قدِیم قَوم ہے۔ وہ اَیسی قَوم ہے جِس کی زُبان تُو نہیں جانتا اور اُن کی بات کو تُو نہیں سمجھتا۔ 16اُن کے ترکش کُھلی قبریں ہیں۔ وہ سب بہادُر مَرد ہیں۔ 17اور وہ تیری فصل کا اناج اور تیری روٹی جو تیرے بیٹوں اور بیٹِیوں کے کھانے کی تھی کھا جائیں گے۔ تیرے گائے بَیل اور تیری بھیڑ بکرِیوں کو چٹ کر جائیں گے۔ تیرے انگُور اور انجِیر نِگل جائیں گے۔ تیرے حصِین شہروں کو جِن پر تیرا بھروسا ہے تلوار سے وِیران کر دیں گے۔
18لیکن خُداوند فرماتا ہے اُن ایّام میں بھی مَیں تُم کو بِالکُل برباد نہ کرُوں گا۔ 19اور یُوں ہو گا کہ جب وہ کہیں گے کہ خُداوند ہمارے خُدا نے یہ سب کُچھ ہم سے کیوں کِیا؟ تو تُو اُن سے کہے گا کہ جِس طرح تُم نے مُجھے چھوڑ دِیا اور اپنے مُلک میں غَیر معبُودوں کی عِبادت کی اُسی طرح تُم اُس مُلک میں جو تُمہارا نہیں ہے اجنبِیوں کی خِدمت کرو گے۔
خُداوند اپنی اُمّت کو خبردار کرتا ہے
20یعقُوب کے گھرانے میں اِس بات کا اِشتہار دو اور یہُوداؔہ میں اِس کی مُنادی کرو اور کہو۔ 21اب ذرا سُنو اَے نادان اور بے عقل لوگو جو آنکھیں رکھتے ہو پر دیکھتے نہیں۔ جو کان رکھتے ہو پر سُنتے نہیں۔ 22خُداوند فرماتا ہے کیا تُم مُجھ سے نہیں ڈرتے؟ کیا تُم میرے حضُور میں تھرتھراؤ گے نہیں جِس نے ریت کو سمُندر کی حد پر ابدی حُکم سے قائِم کِیا کہ وہ اُس سے آگے نہیں بڑھ سکتا اور ہر چند اُس کی لہریں اُچھلتی ہیں تَو بھی غالِب نہیں آتِیں اور ہر چند شور کرتی ہیں تَو بھی اُس سے تجاوُز نہیں کر سکتِیں؟ 23لیکن اِن لوگوں کے دِل باغی اور سرکش ہیں۔ اِنہوں نے سرکشی کی اور دُور ہو گئے۔ 24اِنہوں نے اپنے دِل میں نہ کہا کہ ہم خُداوند اپنے خُدا سے ڈریں جو پہلی اور پِچھلی برسات وقت پر بھیجتا ہے اور فصل کے مُقرّرہ ہفتوں کو ہمارے لِئے مَوجُود کر رکھتا ہے۔ 25تُمہاری بدکرداری نے اِن چِیزوں کو تُم سے دُور کر دِیا اور تُمہارے گُناہوں نے اچّھی چِیزوں کو تُم سے باز رکھّا۔
26کیونکہ میرے لوگوں میں شرِیر پائے جاتے ہیں۔ وہ پھندا لگانے والوں کی مانِند گھات میں بَیٹھتے ہیں۔ وہ جال پَھیلاتے اور آدمِیوں کو پکڑتے ہیں۔ 27جَیسے پِنجرا چِڑیوں سے بھرا ہو وَیسے ہی اُن کے گھر مکر سے پُر ہیں۔ پس وہ بڑے اور مال دار ہو گئے۔ 28وہ موٹے ہو گئے۔ وہ چِکنے ہیں۔ وہ بُرے کاموں میں سبقت لے جاتے ہیں۔ وہ فریاد یعنی یتِیموں کی فریاد نہیں سُنتے تاکہ اُن کا بھلا ہو اور مُحتاجوں کا اِنصاف نہیں کرتے۔
29خُداوند فرماتا ہے کیا مَیں اِن باتوں کے لِئے سزا نہ دُوں گا؟ اور کیا میری رُوح اَیسی قَوم سے اِنتقام نہ لے گی؟ 30مُلک میں ایک حَیرت افزا اور ہَولناک بات ہُوئی۔ 31نبی جُھوٹی نبُوّت کرتے ہیں اور کاہِن اُن کے وسِیلہ سے حُکمرانی کرتے ہیں اور میرے لوگ اَیسی حالت کو پسند کرتے ہیں۔ اب تُم اِس کے آخِر میں کیا کرو گے؟
موجودہ انتخاب:
یرمِیاہ 5: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.