خُداوند فرماتا ہے مَیں اُس وقت اِسرائیل کے سب گھرانوں کا خُدا ہُوں گا اور وہ میرے لوگ ہوں گے۔ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اِسرائیل میں سے جو لوگ تلوار سے بچے جب وہ راحت کی تلاش میں گئے تو بیابان میں مقبُول ٹھہرے۔ خُداوند قدِیم سے مُجھ پر ظاہِر ہُؤا اور کہا کہ مَیں نے تُجھ سے ابدی مُحبّت رکھّی اِسی لِئے مَیں نے اپنی شفقت تُجھ پر بڑھائی۔ اَے اِسرائیل کی کُنواری! مَیں تُجھے پِھر آباد کرُوں گا اور تُو آباد ہو جائے گی۔ تُو پِھر دف اُٹھا کر آراستہ ہو گی اور خُوشی کرنے والوں کے ناچ میں شامِل ہونے کو نِکلے گی۔ تُو پِھر سامرِؔیہ کے پہاڑوں پر تاکِستان لگائے گی۔ باغ لگانے والے لگائیں گے اور اُس کا پَھل کھائیں گے۔ کیونکہ ایک دِن آئے گا کہ اِفرائِیم کی پہاڑِیوں پر نِگہبان پُکاریں گے کہ اُٹھو ہم صِیُّون پر خُداوند اپنے خُدا کے حضُور چلیں۔ کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ یعقُوبؔ کے لِئے خُوشی سے گاؤ اور قَوموں کی سرتاج کے لِئے للکارو۔ مُنادی کرو۔ حمد کرو اور کہو اَے خُداوند اپنے لوگوں کو یعنی اِسرائیل کے بقِیّہ کو بچا۔ دیکھو مَیں شِمالی مُلک سے اُن کو لاؤُں گا اور زمِین کی سرحدّوں سے اُن کو جمع کرُوں گا اور اُن میں اندھے اور لنگڑے اور حامِلہ اور زچّہ سب ہوں گے۔ اُن کی بڑی جماعت یہاں واپس آئے گی۔ وہ روتے اور مُناجات کرتے ہُوئے آئیں گے۔ مَیں اُن کی راہبری کرُوں گا۔ مَیں اُن کو پانی کی ندِیوں کی طرف راہِ راست پر چلاؤُں گا جِس میں وہ ٹھوکر نہ کھائیں گے کیونکہ مَیں اِسرائیل کا باپ ہُوں اور اِفرائِیم میرا پہلوٹھا ہے۔ اَے قَومو! خُداوند کا کلام سُنو اور دُور کے جزِیروں میں مُنادی کرو اور کہو کہ جِس نے اِسرائیل کو تِتّربِتّر کِیا وُہی اُسے جمع کرے گا اور اُس کی اَیسی نِگہبانی کرے گا جَیسی گڈریا اپنے گلّہ کی۔ کیونکہ خُداوند نے یعقُوبؔ کا فِدیہ دِیا ہے اور اُسے اُس کے ہاتھ سے جو اُس سے زورآور تھا رہائی بخشی ہے۔ پس وہ آئیں گے اور صِیُّون کی چوٹی پر گائیں گے اور خُداوند کی نِعمتوں یعنی اناج اور مَے اور تیل اور گائے بَیل کے اور بھیڑ بکری کے بچّوں کی طرف اِکٹّھے رواں ہوں گے اور اُن کی جان سیراب باغ کی مانِند ہو گی اور وہ پِھر کبھی غم زدہ نہ ہوں گے۔ اُس وقت کُنواریاں اور پِیر و جوان خُوشی سے رقص کریں گے کیونکہ مَیں اُن کے غم کو خُوشی سے بدل دُوں گا اور اُن کو تسلّی دے کر غم کے بعد شادمان کرُوں گا۔ اور مَیں کاہِنوں کی جان کو چِکنائی سے سیر کرُوں گا اور میرے لوگ میری نِعمتوں سے آسُودہ ہوں گے خُداوند فرماتا ہے۔
پڑھیں یرمِیاہ 31
سنیں یرمِیاہ 31
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: یرمِیاہ 1:31-14
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos