یرمِیاہ 24
24
اِنجِیر کی ٹوکریاں
1جب شاہِ بابل نبُوکدنضرؔ شاہِ یہُوداؔہ یکُونیاؔہ بِن یہُویقِیم کو اور یہُوداؔہ کے اُمرا کو کارِیگروں اور لُہاروں سمیت یروشلیِم سے اسِیر کر کے بابل کو لے گیا تو خُداوند نے مُجھ پر نُمایاں کِیا اور کیا دیکھتا ہُوں کہ خُداوند کی ہَیکل کے سامنے اِنجِیر کی دو ٹوکریاں دھری تِھیں۔ 2ایک ٹوکری میں اچّھے سے اچّھے اِنجِیر تھے۔ اُن کی مانِند جو پہلے پکتے ہیں اور دُوسری ٹوکری میں نِہایت خراب اِنجِیر تھے۔ اَیسے خراب کہ کھانے کے قابِل نہ تھے۔ 3اور خُداوند نے مُجھ سے فرمایا اَے یَرمِیاؔہ! تُو کیا دیکھتا ہے؟
اور مَیں نے عرض کی اِنجِیر۔ اچّھے اِنجِیر۔ نِہایت اچّھے اور خراب اِنجِیر۔ بُہت خراب۔ اَیسے خراب کہ کھانے کے قابِل نہیں۔
4پِھر خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا کہ 5خُداوند اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اِن اچّھے اِنجِیروں کی مانِند مَیں یہُوداؔہ کے اُن اسِیروں پر جِن کو مَیں نے اِس مقام سے کسدیوں کے مُلک میں بھیجا ہے کرم کی نظر رکُھّوں گا۔ 6کیونکہ اُن پر میری نظرِ عِنایت ہو گی اور مَیں اُن کو اِس مُلک میں واپس لاؤُں گا اور مَیں اُن کو برباد نہیں بلکہ آباد کرُوں گا۔ مَیں اُن کو لگاؤُں گا اور اُکھاڑُوں گا نہیں۔ 7اور مَیں اُن کو اَیسا دِل دُوں گا کہ مُجھے پہچانیں کہ مَیں خُداوند ہُوں اور وہ میرے لوگ ہوں گے اور مَیں اُن کا خُدا ہُوں گا اِس لِئے کہ وہ پُورے دِل سے میری طرف پِھریں گے۔
8پر اُن خراب اِنجِیروں کی بابت جو اَیسے خراب ہیں کہ کھانے کے قابِل نہیں خُداوند یقِیناً یُوں فرماتا ہے کہ اِسی طرح مَیں شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاہ کو اور اُس کے اُمرا کو اور یروشلیِم کے باقی لوگوں کو جو اِس مُلک میں بچ رہے ہیں اور مُلکِ مِصرؔ میں بستے ہیں ترک کر دُوں گا۔ 9ہاں مَیں اُن کو ترک کر دُوں گا کہ دُنیا کی سب مُملکتوں میں دھکّے کھاتے پِھریں تاکہ وہ ہر ایک جگہ میں جہاں جہاں مَیں اُن کو ہانک دُوں گا ملامت اور مِثل اور طَعن اور لَعنت کا باعِث ہوں۔ 10اور مَیں اُن میں تلوار اور کال اور وبا بھیجُوں گا یہاں تک کہ وہ اُس مُلک سے جو مَیں نے اُن کو اور اُن کے باپ دادا کو دِیا نیست ہو جائیں گے۔
موجودہ انتخاب:
یرمِیاہ 24: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.