پِھر خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا اور اُس نے فرمایا کہ تُو جا اور یروشلیِم کے کان میں پُکار کر کہہ کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ مَیں تیری جوانی کی اُلفت اور تیرے بیاہ کی مُحبّت کو یاد کرتا ہُوں کہ تُو بیابان یعنی بنجر زمِین میں میرے پِیچھے پِیچھے چلی۔ اِسرائیل خُداوند کا مُقدّس اور اُس کی افزایش کا پہلا پَھل تھا۔ خُداوند فرماتا ہے اُسے نِگلنے والے سب مُجرِم ٹھہریں گے اُن پر آفت آئے گی۔ اَے اہلِ یعقُوبؔ اور اہلِ اِسرائیل کے سب خاندانو! خُداوند کا کلام سُنو۔ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُمہارے باپ دادا نے مُجھ میں کَون سی بے اِنصافی پائی جِس کے سبب سے وہ مُجھ سے دُور ہو گئے اور بُطلان کی پیرَوی کر کے باطِل ہُوئے؟ اور اُنہوں نے یہ نہ کہا کہ خُداوند کہاں ہے جو ہم کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لایا اور بیابان اور بنجر اور گڑھوں کی زمِین میں سے خُشکی اور مَوت کے سایہ کی سرزمِین میں سے جہاں سے نہ کوئی گُذرتا اور نہ کوئی بُود و باش کرتا تھا ہم کو لے آیا؟ اور مَیں تُم کو باغوں والی زمِین میں لایا کہ تُم اُس کے میوے اور اُس کے اچّھے پَھل کھاؤ لیکن جب تُم داخِل ہُوئے تو تُم نے میری زمِین کو ناپاک کر دِیا اور میری مِیراث کو مکرُوہ بنایا۔ کاہِنوں نے نہ کہا کہ خُداوند کہاں ہے؟ اور اہلِ شرِیعت نے مُجھے نہ جانا اور چرواہوں نے مُجھ سے سرکشی کی اور نبِیوں نے بعل کے نام سے نبُوّت کی اور اُن چِیزوں کی پَیروی کی جِن سے کُچھ فائِدہ نہیں۔ اِس لِئے خُداوند فرماتا ہے مَیں پِھر تُم سے جھگڑُوں گا اور تُمہارے بیٹوں کے بیٹوں سے جھگڑا کرُوں گا۔ کیونکہ پار گُذر کر کِتّیِم کے جزِیروں میں دیکھو اور قِیداؔر میں قاصِد بھیج کر دریافت کرو اور دیکھو کہ اَیسی بات کہِیں ہُوئی ہے؟ کیا کِسی قَوم نے اپنے معبُودوں کو حالانکہ وہ خُدا نہیں بدل ڈالا؟ پر میری قَوم نے اپنے جلال کو بے فائِدہ چِیز سے بدلا۔ خُداوند فرماتا ہے اَے آسمانو! اِس سے حَیران ہو۔ شِدّت سے تھرتھراؤ اور بِالکُل وِیران ہو جاؤ۔ کیونکہ میرے لوگوں نے دو بُرائیاں کِیں۔ اُنہوں نے مُجھ آبِ حیات کے چشمہ کو ترک کر دِیا اور اپنے لِئے حَوض کھودے ہیں۔ شِکستہ حَوض جِن میں پانی نہیں ٹھہر سکتا۔ کیا اِسرائیل غُلام ہے؟ کیا وہ خانہ زاد ہے؟ وہ کِس لِئے لُوٹا گیا؟ جوان شیرِ بَبر اُس پر غُرّائے اور گرجے اور اُنہوں نے اُس کا مُلک اُجاڑ دِیا۔ اُس کے شہر جل گئے۔ وہاں کوئی بسنے والا نہ رہا۔ بنی نُوف اور بنی تحفنیِس نے بھی تیری کھوپڑی پھوڑی۔ کیا تُو خُود ہی یہ اپنے اُوپر نہیں لائی کہ تُو نے خُداوند اپنے خُدا کو ترک کِیا جب کہ وہ تیری راہبری کرتا تھا؟ اور اب سِیحور کا پانی پِینے کو مِصرؔ کی راہ میں تُجھے کیا کام؟ اور دریایِ فراؔت کا پانی پِینے کو اسُور کی راہ میں تیرا کیا مطلب؟ تیری ہی شرارت تیری تادِیب کرے گی اور تیری برگشتگی تُجھ کو سزا دے گی۔ خُداوند ربُّ الافواج فرماتا ہے دیکھ اور جان لے کہ یہ بُرا اور بے نِہایت بیجا کام ہے کہ تُو نے خُداوند اپنے خُدا کو ترک کِیا اور تُجھ کو میرا خَوف نہیں۔ کیونکہ مُدّت ہُوئی کہ تُو نے اپنے جُوئے کو توڑ ڈالا اور اپنے بندھنوں کے ٹُکڑے کر ڈالے اور کہا کہ مَیں تابِع نہ رہُوں گی۔ ہاں ہر ایک اُونچے پہاڑ پر اور ہر ایک ہرے درخت کے نِیچے تُو بدکاری کے لِئے لیٹ گئی۔ مَیں نے تو تُجھے کامِل تاک لگایا اور عُمدہ بِیج بویا تھا پِھر تُو کیونکر میرے لِئے بے حقِیقت جنگلی انگُور کا درخت ہو گئی؟ ہر چند تُو اپنے کو سجّی سے دھوئے اور بُہت سا صابُون اِستعمال کرے تَو بھی خُداوند خُدا فرماتا ہے تیری شرارت کا داغ میرے حضُور عیان ہے۔ تُو کیونکر کہتی ہے مَیں ناپاک نہیں ہُوں۔ مَیں نے بعلِیم کی پَیروی نہیں کی؟ وادی میں اپنی روِش دیکھ اور جو کُچھ تُو نے کِیا ہے معلُوم کر۔ تُو تیز رَو اُونٹنی کی مانِند ہے جو اِدھر اُدھر دَوڑتی ہے۔ مادہ گورخر کی مانِند جو بیابان کی عادی ہے۔ جو شہوت کے جوش میں ہوا کو سُونگھتی ہے۔ اُس کی مَستی کی حالت میں کَون اُسے روک سکتا ہے؟ اُس کے طالِب ماندہ نہ ہوں گے۔ اُس کی مَستی کے ایّام میں وہ اُسے پا لیں گے۔ تُو اپنے پاؤں کو برہنگی سے اور اپنے حلق کو پِیاس سے بچا لیکن تُو نے کہا کہ کُچھ اُمّید نہیں۔ ہرگِز نہیں کیونکہ مَیں بے گانوں پر عاشِق ہُوں اور اُن ہی کے پِیچھے جاؤُں گی۔ جِس طرح چور پکڑا جانے پر رُسوا ہوتا ہے اُسی طرح اِسرائیل کا گھرانا رُسوا ہُؤا۔ وہ اور اُس کے بادشاہ اور اُمرا اور کاہِن اور نبی۔ جو لکڑی سے کہتے ہیں کہ تُو میرا باپ ہے اور پتّھر سے کہ تُو نے مُجھے جنم دِیا کیونکہ اُنہوں نے میری طرف مُنہ نہ کِیا بلکہ پِیٹھ کی پر اپنی مُصِیبت کے وقت وہ کہیں گے کہ اُٹھ کر ہم کو بچا۔ لیکن تیرے بُت کہاں ہیں جِن کو تُو نے اپنے لِئے بنایا؟ اگر وہ تیری مُصِیبت کے وقت تُجھے بچا سکتے ہیں تو اُٹھیں کیونکہ اَے یہُوداؔہ! جِتنے تیرے شہر ہیں اُتنے ہی تیرے معبُود ہیں۔ تُم مُجھ سے کیوں حُجّت کرو گے؟ تُم سب نے مُجھ سے بغاوت کی ہے خُداوند فرماتا ہے۔ مَیں نے بے فائِدہ تُمہارے بیٹوں کو پِیٹا۔ وہ تربِیّت پذِیر نہ ہُوئے۔ تُمہاری ہی تلوار پھاڑنے والے شیرِ بَبر کی طرح تُمہارے نبِیوں کو کھا گئی۔ اَے اِس پُشت کے لوگو! خُداوند کے کلام کا لِحاظ کرو۔ کیا مَیں اِسرائیل کے لِئے بیابان یا تارِیکی کی زمِین ہُؤا؟ میرے لوگ کیوں کہتے ہیں ہم آزاد ہو گئے۔ پِھر تیرے پاس نہ آئیں گے؟ کیا کُنواری اپنے زیور یا دُلہن اپنی آرایش بُھول سکتی ہے؟ پر میرے لوگ تو مُدّتِ مدِید سے مُجھ کو بُھول گئے۔ تُو طلبِ عِشق میں اپنی راہ کو کَیسی آراستہ کرتی ہے! یقِیناً تُو نے فاحِشہ عَورتوں کو بھی اپنی راہیں سِکھائی ہیں۔ تیرے ہی دامن پر بے گُناہ مِسکِینوں کا خُون بھی پایا گیا۔ تُو نے اُن کو نقب لگاتے نہیں پکڑا بلکہ اِن ہی سب باتوں کے سبب سے۔ تَو بھی تُو کہتی ہے مَیں بے قُصُور ہُوں۔ اُس کا غضب یقِیناً مُجھ پر سے ٹل جائے گا۔ دیکھ مَیں تُجھ پر فتویٰ دُوں گا کیونکہ تُو کہتی ہے مَیں نے گُناہ نہیں کِیا۔ تُو اپنی راہ بدلنے کو اَیسی بے قرار کیوں پِھرتی ہے؟ تُو مِصرؔ سے بھی شرمِندہ ہو گی جَیسے اسُور سے ہُوئی۔ وہاں سے بھی تُو اپنے سر پر ہاتھ رکھ کر نِکلے گی کیونکہ خُداوند نے اُن کو جِن پر تُو نے اِعتماد کِیا حقِیر جانا اور تُو اُن سے کامیاب نہ ہو گی۔
پڑھیں یرمِیاہ 2
سنیں یرمِیاہ 2
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: یرمِیاہ 1:2-37
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos