یَرمِیاؔہ بِن خِلقیاہ کی باتیں جو بِنیمِین کی مُملکت میں عنتُوتی کاہِنوں میں سے تھا۔ جِس پر خُداوند کا کلام شاہِ یہُوداؔہ یوسیاؔہ بِن امُون کے دِنوں میں اُس کی سلطنت کے تیرھویں سال میں نازِل ہُؤا۔ شاہِ یہُوداؔہ یہُویقِیم بِن یوسیاؔہ کے دِنوں میں بھی شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاہ بِن یوسیاؔہ کے گیارھویں سال کے تمام ہونے تک اہلِ یروشلیِم کے اسِیری میں جانے تک جو پانچویں مہِینے میں تھا نازِل ہوتا رہا۔ تب خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا اور اُس نے فرمایا۔ اِس سے پیشتر کہ مَیں نے تُجھے بطن میں خلق کِیا۔ مَیں تُجھے جانتا تھا اور تیری وِلادت سے پہلے مَیں نے تُجھے مخصُوص کِیا اور قَوموں کے لِئے تُجھے نبی ٹھہرایا۔ تب مَیں نے کہا ہائے خُداوند خُدا! دیکھ مَیں بول نہیں سکتا کیونکہ مَیں تو بچّہ ہُوں۔ لیکن خُداوند نے مُجھے فرمایا یُوں نہ کہہ کہ مَیں بچّہ ہُوں کیونکہ جِس کِسی کے پاس مَیں تُجھے بھیجُوں گا تُو جائے گا اور جو کُچھ مَیں تُجھے فرماؤُں گا تُو کہے گا۔ تُو اُن کے چِہروں کو دیکھ کر نہ ڈر کیونکہ خُداوند فرماتا ہے مَیں تُجھے چُھڑانے کو تیرے ساتھ ہُوں۔ تب خُداوند نے اپنا ہاتھ بڑھا کر میرے مُنہ کو چُھؤا اور خُداوند نے مُجھے فرمایا دیکھ مَیں نے اپنا کلام تیرے مُنہ میں ڈال دِیا۔ دیکھ آج کے دِن مَیں نے تُجھے قَوموں پر اور سلطنتوں پر مُقرّر کِیا کہ اُکھاڑے اور ڈھائے اور ہلاک کرے اور گِرائے اور تعمِیر کرے اور لگائے۔ پِھر خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا اور اُس نے فرمایا اَے یَرمِیاؔہ تُو کیا دیکھتا ہے؟ مَیں نے عرض کی کہ بادام کے درخت کی ایک شاخ دیکھتا ہُوں۔ اور خُداوند نے مُجھے فرمایا کہ تُو نے خُوب دیکھا کیونکہ مَیں اپنے کلام کو پُورا کرنے کے لِئے بیدار رہتا ہُوں۔ دُوسری بار خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا اور اُس نے فرمایا تُو کیا دیکھتا ہے؟ مَیں نے عرض کی کہ اُبلتی ہُوئی دیگ دیکھتا ہُوں جِس کا مُنہ شِمال کی طرف سے ہے۔ تب خُداوند نے مُجھے فرمایا کہ شِمال کی طرف سے اِس مُلک کے تمام باشِندوں پر آفت آئے گی۔ کیونکہ خُداوند فرماتا ہے دیکھ! مَیں شِمال کی سلطنتوں کے تمام خاندانوں کو بُلاؤُں گا اور وہ آئیں گے اور ہر ایک اپنا تخت یروشلیِم کے پھاٹکوں کے مدخل پر اور اُس کی سب دِیواروں کے گِرداگِرد اور یہُوداؔہ کے تمام شہروں کے مُقابِل قائِم کرے گا۔ اور مَیں اُن کی ساری شرارت کے باعِث اُن پر فتویٰ دُوں گا کیونکہ اُنہوں نے مُجھے ترک کِیا اور غَیر معبُودوں کے سامنے لُبان جلایا اور اپنی ہی دست کاری کو سِجدہ کِیا۔ اِس لِئے تُو اپنی کمر کَس کر اُٹھ کھڑا ہو اور جو کُچھ مَیں تُجھے فرماؤں اُن سے کہہ۔ اُن کے چِہروں کو دیکھ کر نہ ڈر۔ اَیسا نہ ہو کہ مَیں تُجھے اُن کے سامنے سراسِیمہ کرُوں۔ کیونکہ دیکھ مَیں آج کے دِن تُجھ کو اِس تمام مُلک اور یہُوداؔہ کے بادشاہوں اور اُس کے امِیروں اور اُس کے کاہِنوں اور مُلک کے لوگوں کے مُقابِل ایک فصِیل دار شہر اور لوہے کا سُتُون اور پِیتل کی دِیوار بناتا ہُوں۔ اور وہ تُجھ سے لڑیں گے لیکن تُجھ پر غالِب نہ آئیں گے کیونکہ خُداوند فرماتا ہے مَیں تُجھے چُھڑانے کو تیرے ساتھ ہُوں۔
پڑھیں یرمِیاہ 1
سنیں یرمِیاہ 1
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: یرمِیاہ 1:1-19
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos