YouVersion Logo
تلاش

قُضاۃ 12:2-23

قُضاۃ 12:2-23 URD

اور اُنہوں نے خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا کو جو اُن کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لایا تھا چھوڑ دِیا اور دُوسرے معبُودوں کی جو اُن کے چَوگِرد کی قَوموں کے دیوتاؤں میں سے تھے پَیروی کرنے اور اُن کو سِجدہ کرنے لگے اور خُداوند کو غُصّہ دِلایا۔ اور وہ خُداوند کو چھوڑ کر بعل اور عستاراؔت کی پرستِش کرنے لگے۔ اور خُداوند کا قہر اِسرائیلؔ پر بھڑکا اور اُس نے اُن کو غارت گروں کے ہاتھ میں کر دِیا جو اُن کو لُوٹنے لگے اور اُس نے اُن کو اُن کے دُشمنوں کے ہاتھ جو آس پاس تھے بیچا۔ سو وہ پِھر اپنے دُشمنوں کے سامنے کھڑے نہ ہو سکے۔ اور وہ جہاں کہِیں جاتے خُداوند کا ہاتھ اُن کی اذِیّت ہی پر تُلا رہتا تھا جَیسا خُداوند نے کہہ دِیا تھا اور اُن سے قَسم کھائی تھی۔ سو وہ نِہایت تنگ آ گئے۔ پِھر خُداوند نے اُن کے لِئے اَیسے قاضی برپا کِئے جِنہوں نے اُن کو اُن کے غارت گروں کے ہاتھ سے چُھڑایا۔ لیکن اُنہوں نے اپنے قاضِیوں کی بھی نہ سُنی بلکہ اَور معبُودوں کی پَیروی میں زِنا کرتے اور اُن کو سِجدہ کرتے تھے اور وہ اُس راہ سے جِس پر اُن کے باپ دادا چلتے اور خُداوند کی فرمانبرداری کرتے تھے بُہت جلد پِھر گئے اور اُنہوں نے اُن کے سے کام نہ کِئے۔ اور جب خُداوند اُن کے لِئے قاضِیوں کو برپا کرتا تو خُداوند اُس قاضی کے ساتھ ہوتا اور اُس قاضی کے جِیتے جی اُن کو اُن کے دُشمنوں کے ہاتھ سے چُھڑایا کرتا تھا۔ اِس لِئے کہ جب وہ اپنے ستانے والوں اور دُکھ دینے والوں کے باعِث کُڑھتے تھے تو خُداوند ملُول ہوتا تھا۔ لیکن جب وہ قاضی مَر جاتا تو وہ برگشتہ ہو کر اَور معبُودوں کی پَیروی میں اپنے باپ دادا سے بھی زِیادہ بِگڑ جاتے اور اُن کی پرستِش کرتے اور اُن کو سِجدہ کرتے تھے۔ وہ نہ تو اپنے کاموں سے اور نہ اپنی خُودسری کی روِش سے باز آئے۔ سو خُداوند کا غضب اِسرائیلؔ پر بھڑکا اور اُس نے کہا چُونکہ اِن لوگوں نے میرے اُس عہد کو جِس کا حُکم مَیں نے اِن کے باپ دادا کو دِیا تھا توڑ ڈالا اور میری بات نہیں سُنی۔ اِس لِئے مَیں بھی اب اُن قَوموں میں سے جِن کو یشُوع چھوڑ کر مَرا ہے کِسی کو بھی اِن کے آگے سے دَفع نہیں کرُوں گا۔ تاکہ مَیں اِسرائیلؔ کو اُن ہی کے ذرِیعہ سے آزماؤُں کہ وہ خُداوند کی راہ پر چلنے کے لِئے اپنے باپ دادا کی طرح قائِم رہیں گے یا نہیں۔ سو خُداوند نے اُن قَوموں کو رہنے دِیا اور اُن کو جلد نہ نِکال دِیا اور یشُوع کے ہاتھ میں بھی اُن کو حوالہ نہ کِیا۔

پڑھیں قُضاۃ 2

سنیں قُضاۃ 2

اس قُضاۃ 12:2-23 کے مطابق مفت مطالعاتی منصوبے اور عقیدت بھرے پیغام