YouVersion Logo
تلاش

قُضاۃ 23:16-31

قُضاۃ 23:16-31 URD

اور فِلستِیوں کے سردار فراہم ہُوئے تاکہ اپنے دیوتا دجوؔن کے لِئے بڑی قُربانی گُذرانیں اور خُوشی کریں کیونکہ وہ کہتے تھے کہ ہمارے دیوتا نے ہمارے دُشمن سمسُوؔن کو ہمارے ہاتھ میں کر دِیا ہے۔ اور جب لوگ اُس کو دیکھتے تو اپنے دیوتا کی تعرِیف کرتے اور کہتے تھے کہ ہمارے دیوتا نے ہمارے دُشمن اور ہمارے مُلک کو اُجاڑنے والے کو جِس نے ہم میں سے بُہتوں کو ہلاک کِیا ہمارے ہاتھ میں کر دِیا ہے۔ اور اَیسا ہُؤا کہ جب اُن کے دِل نِہایت شاد ہُوئے تو وہ کہنے لگے کہ سمسُوؔن کو بُلاؤ کہ ہمارے لِئے کوئی کھیل کرے۔ سو اُنہوں نے سمسُوؔن کو قَید خانہ سے بُلوایا اور وہ اُن کے لِئے کھیل کرنے لگا اور اُنہوں نے اُس کو دو سُتُونوں کے بِیچ کھڑا کِیا۔ تب سمسُوؔن نے اُس لڑکے سے جو اُس کا ہاتھ پکڑے تھا کہا مُجھے اُن سُتُونوں کو جِن پر یہ گھر قائِم ہے تھامنے دے تاکہ مَیں اُن پر ٹیک لگاؤُں۔ اور وہ گھر مَردوں اور عَورتوں سے بھرا تھا اور فِلستِیوں کے سب سردار وہِیں تھے اور چھت پر قرِیباً تِین ہزار مَرد و زن تھے جو سمسُوؔن کے کھیل دیکھ رہے تھے۔ تب سمسُوؔن نے خُداوند سے فریاد کی اور کہا اَے مالِک خُداوند مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کہ مُجھے یاد کر اور مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں اَے خُدا فقط اِس دفعہ اَور تُو مُجھے زور بخش تاکہ مَیں یکبارگی فِلستِیوں سے اپنی دونوں آنکھوں کا بدلہ لُوں۔ اور سمسُوؔن نے دونوں درمِیانی سُتُونوں کو جِن پر گھر قائِم تھا پکڑ کر ایک پر دہنے ہاتھ سے اور دُوسرے پر بائیں سے زور لگایا۔ اور سمسُوؔن کہنے لگا کہ فِلستِیوں کے ساتھ مُجھے بھی مَرنا ہی ہے۔ سو وہ اپنے سارے زور سے جُھکا اور وہ گھر اُن سرداروں اور سب لوگوں پر جو اُس میں تھے گِر پڑا۔ پس وہ مُردے جِن کو اُس نے اپنے مَرتے دَم مارا اُن سے بھی زِیادہ تھے جِن کو اُس نے جِیتے جی قتل کِیا۔ تب اُس کے بھائی اور اُس کے باپ کا سارا گھرانا آیا اور وہ اُسے اُٹھا کر لے گئے اور صُرؔعہ اور اِستاؔل کے درمِیان اُس کے باپ منوحہ کے قبرستان میں اُسے دفن کِیا۔ وہ بِیس برس تک اِسرائیلِیوں کا قاضی رہا۔

پڑھیں قُضاۃ 16

سنیں قُضاۃ 16