YouVersion Logo
تلاش

قُضاۃ 1:16-22

قُضاۃ 1:16-22 URD

پِھر سمسُوؔن غزّہ کو گیا۔ وہاں اُس نے ایک کسبی دیکھی اور اُس کے پاس گیا۔ اور غزّہ کے لوگوں کو خبر ہُوئی کہ سمسُوؔن یہاں آیا ہے۔ اُنہوں نے اُسے گھیر لِیا اور ساری رات شہر کے پھاٹک پر اُس کی گھات میں بَیٹھے رہے پر رات بھر چُپ چاپ رہے اور کہا کہ صُبح کو رَوشنی ہوتے ہی ہم اُسے مار ڈالیں گے۔ اور سمسُوؔن آدھی رات تک لیٹا رہا اور آدھی رات کو اُٹھ کر شہر کے پھاٹک کے دونوں پلّوں اور دونوں بازُوؤں کو پکڑ کر بینڈے سمیت اُکھاڑ لِیا اور اُن کو اپنے کندھوں پر رکھّ کر اُس پہاڑ کی چوٹی پر جو حبرُوؔن کے سامنے ہے لے گیا۔ اِس کے بعد سُورِؔق کی وادی میں ایک عَورت سے جِس کا نام دلِیلہ تھا اُسے عِشق ہو گیا۔ اور فِلستِیوں کے سرداروں نے اُس عَورت کے پاس جا کر اُس سے کہا کہ تُو اُسے پُھسلا کر دریافت کر لے کہ اُس کی شہزوری کا بھید کیا ہے اور ہم کیوں کر اُس پر غالِب آئیں تاکہ ہم اُسے باندھ کر اُس کو اذِیّت پُہنچائیں اور ہم میں سے ہر ایک گیارہ سَو چاندی کے سِکّے تُجھے دے گا۔ تب دلِیلہ نے سمسُوؔن سے کہا کہ مُجھے تو بتا دے کہ تیری شہزوری کا بھید کیا ہے اور تُجھے اذِیّت پُہنچانے کے لِئے کِس چِیز سے تُجھے باندھنا چاہِئے؟ سمسُوؔن نے اُس سے کہا کہ اگر وہ مُجھ کو سات ہری ہری بیدوں سے جو سُکھائی نہ گئی ہوں باندھیں تو مَیں کمزور ہو کر اَور آدمیوں کی طرح ہو جاؤں گا۔ تب فِلستِیوں کے سردار سات ہری ہری بیدیں جو سُکھائی نہیں گئی تِھیں اُس عَورت کے پاس لے آئے اور اُس نے سمسُوؔن کو اُن سے باندھا۔ اور اُس عَورت نے کُچھ آدمی اندر کی کوٹھری میں گھات میں بِٹھا لِئے تھے سو اُس نے سمسُوؔن سے کہا کہ اَے سمسُوؔن فِلستی تُجھ پر چڑھ آئے! تب اُس نے اُن بیدوں کو اَیسا توڑا جَیسے سَن کا سُوت آگ پاتے ہی ٹُوٹ جاتا ہے۔ سو اُس کی طاقت کا بھید نہ کُھلا۔ تب دلِیلہ نے سمسُوؔن سے کہا دیکھ تُو نے مُجھے دھوکا دِیا اور مُجھ سے جُھوٹ بولا۔ اب تُو ذرا مُجھ کو بتا دے کہ تُو کِس چِیز سے باندھا جائے۔ اُس نے اُس سے کہا اگر وہ مُجھے نئی نئی رسِیّوں سے جو کبھی کام میں نہ آئی ہوں باندھیں تو مَیں کمزور ہو کر اَور آدمیوں کی طرح ہو جاؤں گا۔ تب دلِیلہ نے نئی رسِّیاں لے کر اُس کو اُن سے باندھا اور اُس سے کہا اَے سمسُوؔن فِلستی تُجھ پر چڑھ آئے! اور گھات والے اندر کی کوٹھری میں ٹھہرے ہی ہُوئے تھے۔ تب اُس نے اپنے بازُوؤں پر سے دھاگے کی طرح اُن کو توڑ ڈالا۔ سو دلِیلہ سمسُوؔن سے کہنے لگی اب تک تُو نے مُجھے دھوکا ہی دِیا اور مُجھ سے جُھوٹ بولا۔ اب تو بتا دے کہ تُو کِس چِیز سے بندھ سکتا ہے؟ اُس نے اُسے کہا اگر تُو میرے سر کی ساتوں لٹیں تانے کے ساتھ بُن دے۔ تب اُس نے کُھونٹے سے اُسے کَس کر باندھ دِیا اور اُس سے کہا اَے سمسُوؔن فِلستی تُجھ پر چڑھ آئے! تب وہ نِیند سے جاگ اُٹھا اور بَلّی کے کُھونٹے کو تانے کے ساتھ اُکھاڑ ڈالا۔ پِھر وہ اُس سے کہنے لگی تُو کیونکر کہہ سکتا ہے کہ مَیں تُجھے چاہتا ہُوں جب کہ تیرا دِل مُجھ سے لگا نہیں؟ تُو نے تِینوں بار مُجھے دھوکا ہی دِیا اور نہ بتایا کہ تیری شہزوری کا بھید کیا ہے۔ جب وہ اُسے روز اپنی باتوں سے تنگ اور مجبُور کرنے لگی یہاں تک کہ اُس کا دَم ناک میں آ گیا۔ تو اُس نے اپنا دِل کھول کر اُسے بتا دِیا کہ میرے سر پر اُسترہ نہیں پِھرا ہے۔ اِس لِئے کہ مَیں اپنی ماں کے پیٹ ہی سے خُدا کا نذِیر ہُوں۔ سو اگر میرا سر مُونڈا جائے تو میرا زور مُجھ سے جاتا رہے گا اور مَیں کمزور ہو کر اَور آدمِیوں کی طرح ہو جاؤں گا۔ جب دلِیلہ نے دیکھا کہ اُس نے دِل کھول کر سب کُچھ بتا دِیا تو اُس نے فِلستِیوں کے سرداروں کو کہلا بھیجا کہ اِس بار اَور آؤ کیونکہ اُس نے دِل کھول کر مُجھے سب کُچھ بتا دِیا ہے۔ تب فِلستِیوں کے سردار اُس کے پاس آئے اور روپے اپنے ہاتھ میں لیتے آئے۔ تب اُس نے اُسے اپنے زانُوؤں پر سُلا لِیا اور ایک آدمی کو بُلوا کر ساتوں لٹیں جو اُس کے سر پر تِھیں مُنڈو اڈالِیں اور اُسے اذِیّت دینے لگی اور اُس کا زور اُس سے جاتا رہا۔ پِھر اُس نے کہا اَے سمسُوؔن فِلستی تُجھ پر چڑھ آئے! اور وہ نِیند سے جاگا اور کہنے لگا کہ مَیں اَور دفعہ کی طرح باہر جا کر اپنے کو جھٹکُوں گا لیکن اُسے خبر نہ تھی کہ خُداوند اُس سے الگ ہو گیا ہے۔ تب فِلستِیوں نے اُسے پکڑ کر اُس کی آنکھیں نِکال ڈالِیں اور اُسے غزّہ میں لے آئے اور پِیتل کی بیڑیوں سے اُسے جکڑا اور وہ قَید خانہ میں چکّی پِیسا کرتا تھا۔ تَو بھی اُس کے سر کے بال مُنڈائے جانے کے بعد پِھر بڑھنے لگے۔

پڑھیں قُضاۃ 16

سنیں قُضاۃ 16