YouVersion Logo
تلاش

یسعیاہ 12:66-24

یسعیاہ 12:66-24 URD

کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں سلامتی نہر کی مانِند اور قَوموں کی دَولت سَیلاب کی طرح اُس کے پاس رواں کرُوں گا تب تُم دُودھ پِیو گے اور بغل میں اُٹھائے جاؤ گے اور گُھٹنوں پر کُدائے جاؤ گے۔ جِس طرح ماں اپنے بیٹے کو دِلاسا دیتی ہے اُسی طرح مَیں تُم کو دِلاسا دُوں گا۔ یروشلیِم ہی میں تُم تسلّی پاؤ گے۔ اور تُم دیکھو گے اور تُمہارا دِل خُوش ہو گا اور تُمہاری ہڈِّیاں سبزہ کی مانِند نشو و نُما پائیں گی اور خُداوند کا ہاتھ اپنے بندوں پر ظاہِر ہو گا پر اُس کا قہر اُس کے دُشمنوں پر بھڑکے گا۔ کیونکہ دیکھو خُداوند آگ کے ساتھ آئے گا اور اُس کے رتھ گِردباد کی مانِند ہوں گے تاکہ اپنے قہر کو جوش کے ساتھ اور اپنی تنبِیہہ کو آگ کے شُعلہ میں ظاہِر کرے۔ کیونکہ آگ سے اور اپنی تلوار سے خُداوند تمام بنی آدمؔ کا مُقابلہ کرے گا اور خُداوند کے مقتُول بُہت سے ہوں گے۔ وہ جو باغوں کے وسط میں کِسی کے پِیچھے کھڑے ہونے کے لِئے اپنے آپ کو پاک و صاف کرتے ہیں جو سُؤر کا گوشت اور مکرُوہ چِیزیں اور چُوہے کھاتے ہیں خُداوند فرماتا ہے وہ باہم فنا ہو جائیں گے۔ اور مَیں اُن کے کام اور اُن کے منصُوبے جانتا ہُوں۔ وہ وقت آتا ہے کہ مَیں تمام قَوموں اور اہلِ لُغت کو جمع کرُوں گا اور وہ آئیں گے اور میرا جلال دیکھیں گے۔ تب مَیں اُن کے درمِیان ایک نِشان نصب کرُوں گا اور مَیں اُن کو جو اُن میں سے بچ نِکلیں قَوموں کی طرف بھیجُوں گا یعنی ترسِیس اور پُول اور لُود کو جو تِیرانداز ہیں اور تُوبل اور یاواؔن کو اور دُور کے جزِیروں کو جِنہوں نے میری شُہرت نہیں سُنی اور میرا جلال نہیں دیکھا اور وہ قَوموں کے درمیان میرا جلال بیان کریں گے۔ اور خُداوند فرماتا ہے کہ وہ تُمہارے سب بھائیوں کو تمام قَوموں میں سے گھوڑوں اور رتھوں پر اور پالکِیوں میں اور خچّروں پر اور سانڈنیوں پر بِٹھا کر خُداوند کے ہدیہ کے لِئے یروشلیِم میں میرے کوہِ مُقدّس کو لائیں گے جِس طرح سے بنی اِسرائیل خُداوند کے گھر میں پاک برتنوں میں ہدیہ لاتے ہیں۔ اور خُداوند فرماتا ہے کہ مَیں اُن میں سے بھی کاہِن اور لاوی ہونے کے لِئے لُوں گا۔ خُداوند فرماتا ہے جِس طرح نیا آسمان اور نئی زمِین جو مَیں بناؤُں گا میرے حضُور قائِم رہیں گے اُسی طرح تُمہاری نسل اور تُمہارا نام باقی رہے گا۔ اور یُوں ہو گا خُداوند فرماتا ہے کہ ایک نئے چاند سے دُوسرے تک اور ایک سبت سے دُوسرے تک ہر فردِ بشر عِبادت کے لِئے میرے حضُور آئے گا۔ اور وہ نِکل نِکل کر اُن لوگوں کی لاشوں پر جو مُجھ سے باغی ہُوئے نظر کریں گے کیونکہ اُن کا کِیڑا نہ مَرے گا اور اُن کی آگ نہ بُجھے گی اور وہ تمام بنی آدمؔ کے لِئے نفرتی ہوں گے۔

پڑھیں یسعیاہ 66

سنیں یسعیاہ 66

اس یسعیاہ 12:66-24 کے مطابق مفت مطالعاتی منصوبے اور عقیدت بھرے پیغام