YouVersion Logo
تلاش

یسعیاہ 1:51-16

یسعیاہ 1:51-16 URD

اَے لوگو جو صداقت کی پَیروی کرتے ہو اور خُداوند کے جویان ہو میری سُنو! اُس چٹان پر جِس میں سے تُم کاٹے گئے ہو اور اُس گڑھے کے سُوراخ پر جہاں سے تُم کھودے گئے ہو نظر کرو۔ اپنے باپ ابرہامؔ پر اور سارؔہ پر جِس سے تُم پَیدا ہُوئے نِگاہ کرو کہ جب مَیں نے اُسے بُلایا وہ اکیلا تھا پر مَیں نے اُس کو برکت دی اور اُس کو کثرت بخشی۔ یقِیناً خُداوند صِیُّون کو تسلّی دے گا۔ وہ اُس کے تمام وِیرانوں کی دِل داری کرے گا۔ وہ اُس کا بیابان عدن کی مانِند اور اُس کا صحرا خُداوند کے باغ کی مانِند بنائے گا۔ خُوشی اور شادمانی اُس میں پائی جائے گی۔ شُکرگُذاری اور گانے کی آواز اُس میں ہو گی۔ میری طرف مُتوجِّہ ہو اَے میرے لوگو! میری طرف کان لگا اَے میری اُمّت! کیونکہ شرِیعت مُجھ سے صادِر ہوگی اور مَیں اپنے عدل کو لوگوں کی رَوشنی کے لِئے قائِم کرُوں گا۔ میری صداقت نزدِیک ہے۔ میری نجات ظاہِر ہے اور میرے بازُو لوگوں پر حُکمرانی کریں گے۔ جزِیرے میرا اِنتظار کریں گے اور میرے بازُو پر اُن کا توکُّل ہو گا۔ اپنی آنکھیں آسمان کی طرف اُٹھاؤ اور نِیچے زمِین پر نِگاہ کرو کیونکہ آسمان دُھوئیں کی مانِند غائِب ہو جائیں گے اور زمِین کپڑے کی طرح پُرانی ہو جائے گی اور اُس کے باشِندے مچھّروں کی طرح مَر جائیں گے لیکن میری نجات ابد تک رہے گی اور میری صداقت مَوقُوف نہ ہو گی۔ اَے صداقت شِناسو! میری سُنو۔ اَے لوگو جِن کے دِل میں میری شرِیعت ہے! اِنسان کی ملامت سے نہ ڈرو اور اُن کی طعنہ زنی سے ہِراسان نہ ہو۔ کیونکہ کِیڑا اُن کو کپڑے کی مانِند کھائے گا اور کِرم اُن کو پشمِینہ کی طرح کھا جائے گا لیکن میری صداقت ابد تک رہے گی اور میری نجات پُشت در پُشت۔ جاگ جاگ اَے خُداوند کے بازُو۔ توانائی سے مُلبّس ہو! جاگ جَیسا قدِیم زمانہ میں اور گُذشتہ پُشتوں میں۔ کیا تُو وُہی نہیں جِس نے رہب کو ٹُکڑے ٹُکڑے کِیا اور اژدہا کو چھیدا؟ کیا تُو وُہی نہیں جِس نے سمُندر یعنی بحرِ عمِیق کے پانی کو سُکھا ڈالا۔ جِس نے بحر کی تہ کو راستہ بنا ڈالا تاکہ جِن کا فِدیہ دِیا گیا اُسے عبُور کریں؟ سو وہ جِن کو خُداوند نے مخلصی بخشی لَوٹیں گے اور گاتے ہُوئے صِیُّون میں آئیں گے اور ابدی سرُور اُن کے سروں پر ہو گا۔ وہ خُوشی اور شادمانی حاصِل کریں گے اور غم و اندوہ کافُور ہو جائیں گے۔ تُم کو تسلّی دینے والا مَیں ہی ہُوں۔ تُو کَون ہے جو فانی اِنسان سے اور آدمؔ زاد سے جو گھاس کی مانِند ہو جائے گا ڈرتا ہے۔ اور خُداوند اپنے خالِق کو بُھول گیا ہے جِس نے آسمان کو تانا اور زمِین کی بُنیاد ڈالی اور تُو ہر وقت ظالِم کے جوش و خروش سے کہ گویا وہ ہلاک کرنے کو تیّار ہے ڈرتا ہے؟ پر ظالِم کا جوش و خروش کہاں ہے؟ جلاوطن اسِیر جلدی سے آزاد کِیا جائے گا۔ وہ غار میں نہ مَرے گا اور اُس کی روٹی کم نہ ہو گی۔ کیونکہ مَیں ہی خُداوند تیرا خُدا ہُوں جو مَوجزن سمُندر کو تھما دیتا ہُوں۔ میرا نام ربُّ الافواج ہے۔ اور مَیں نے اپنا کلام تیرے مُنہ میں ڈالا اور تُجھے اپنے ہاتھ کے سایہ تلے چِھپا رکھّا تاکہ افلاک کو برپا کرُوں اور زمِین کی بُنیاد ڈالُوں اور اہلِ صِیُّون سے کہُوں کہ تُم میرے لوگ ہو۔

پڑھیں یسعیاہ 51

سنیں یسعیاہ 51