اَے صِیُّون کو خُوشخبری سُنانے والی اُونچے پہاڑ پر چڑھ جا اور اَے یروشلیِم کو بشارت دینے والی زور سے اپنی آواز بُلند کر! خُوب پُکار اور مت ڈر۔ یہُوداؔہ کی بستِیوں سے کہہ دیکھو اپنا خُدا! دیکھو خُداوند خُدا بڑی قُدرت کے ساتھ آئے گا اور اُس کا بازُو اُس کے لِئے سلطنت کرے گا۔ دیکھو اُس کا صِلہ اُس کے ساتھ ہے اور اُس کا اجر اُس کے سامنے! وہ چَوپان کی مانِند اپنا گلّہ چرائے گا۔ وہ برّوں کو اپنے بازُوؤں میں جمع کرے گا اور اپنی بغل میں لے کر چلے گا اور اُن کو جو دُودھ پِلاتی ہیں آہِستہ آہِستہ لے جائے گا۔ کِس نے سمُندر کو چُلّو سے ناپا اور آسمان کی پَیمایش بالِشت سے کی اور زمِین کی گرد کو پَیمانہ میں بھرا اور پہاڑوں کو پلڑوں میں وزن کِیا اور ٹِیلوں کو ترازُو میں تولا؟ کِس نے خُداوند کی رُوح کی ہدایت کی یا اُس کا مُشِیر ہو کر اُسے سِکھایا؟ اُس نے کِس سے مشورَت لی ہے جو اُسے تعلیِم دے اور اُسے عدالت کی راہ سُجھائے اور اُسے معرفت کی بات بتائے اور اُسے حِکمت کی راہ سے آگاہ کرے؟ دیکھ قَومیں ڈول کی ایک بُوند کی مانِند ہیں اور ترازُو کی بارِیک گرد کی مانِند گِنی جاتی ہیں۔ دیکھ وہ جزِیروں کو ایک ذرّہ کی مانِند اُٹھا لیتا ہے۔ لُبنان اِیندھن کے لِئے کافی نہیں اور اُس کے جانور سوختنی قُربانی کے لِئے بس نہیں۔ سب قَومیں اُس کی نظر میں ہیچ ہیں بلکہ وہ اُس کے نزدِیک بطالت اور ناچِیز سے بھی کمتر گِنی جاتی ہیں۔ پس تُم خُدا کو کِس سے تشبِیہ دو گے؟ اور کَون سی چِیز اُس سے مُشابہ ٹھہراؤ گے؟
پڑھیں یسعیاہ 40
سنیں یسعیاہ 40
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: یسعیاہ 9:40-18
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos