YouVersion Logo
تلاش

یسعیاہ 1:40-17

یسعیاہ 1:40-17 URD

تسلّی دو تُم میرے لوگوں کو تسلّی دو۔ تُمہارا خُدا فرماتا ہے۔ یروشلیِم کو دِلاسا دو اور اُسے پُکار کر کہو کہ اُس کی مُصِیبت کے دِن جو جنگ و جدل کے تھے گُذر گئے۔ اُس کے گُناہ کا کفّارہ ہُؤا اور اُس نے خُداوند کے ہاتھ سے اپنے سب گُناہوں کا بدلہ دو چند پایا۔ پُکارنے والے کی آواز! بیابان میں خُداوند کی راہ درُست کرو۔ صحرا میں ہمارے خُدا کے لِئے شاہراہ ہموار کرو۔ ہر ایک نشیب اُونچا کِیا جائے اور ہر ایک پہاڑ اور ٹِیلا پست کِیا جائے اور ہر ایک ٹیڑھی چِیز سِیدھی اور ہر ایک ناہموار جگہ ہموار کی جائے۔ اور خُداوند کا جلال آشکارا ہو گا اور تمام بشر اُس کو دیکھے گا کیونکہ خُداوند نے اپنے مُنہ سے فرمایا ہے۔ ایک آواز آئی کہ مُنادی کر اور مَیں نے کہا مَیں کیا مُنادی کرُوں؟ ہر بشر گھاس کی مانِند ہے اور اُس کی ساری رَونق مَیدان کے پُھول کی مانِند۔ گھاس مُرجھاتی ہے۔ پُھول کُملاتا ہے کیونکہ خُداوند کی ہوا اُس پر چلتی ہے۔ یقِیناً لوگ گھاس ہیں۔ ہاں گھاس مُرجھاتی ہے۔ پُھول کُملاتا ہے پر ہمارے خُدا کا کلام ابد تک قائِم ہے۔ اَے صِیُّون کو خُوشخبری سُنانے والی اُونچے پہاڑ پر چڑھ جا اور اَے یروشلیِم کو بشارت دینے والی زور سے اپنی آواز بُلند کر! خُوب پُکار اور مت ڈر۔ یہُوداؔہ کی بستِیوں سے کہہ دیکھو اپنا خُدا! دیکھو خُداوند خُدا بڑی قُدرت کے ساتھ آئے گا اور اُس کا بازُو اُس کے لِئے سلطنت کرے گا۔ دیکھو اُس کا صِلہ اُس کے ساتھ ہے اور اُس کا اجر اُس کے سامنے! وہ چَوپان کی مانِند اپنا گلّہ چرائے گا۔ وہ برّوں کو اپنے بازُوؤں میں جمع کرے گا اور اپنی بغل میں لے کر چلے گا اور اُن کو جو دُودھ پِلاتی ہیں آہِستہ آہِستہ لے جائے گا۔ کِس نے سمُندر کو چُلّو سے ناپا اور آسمان کی پَیمایش بالِشت سے کی اور زمِین کی گرد کو پَیمانہ میں بھرا اور پہاڑوں کو پلڑوں میں وزن کِیا اور ٹِیلوں کو ترازُو میں تولا؟ کِس نے خُداوند کی رُوح کی ہدایت کی یا اُس کا مُشِیر ہو کر اُسے سِکھایا؟ اُس نے کِس سے مشورَت لی ہے جو اُسے تعلیِم دے اور اُسے عدالت کی راہ سُجھائے اور اُسے معرفت کی بات بتائے اور اُسے حِکمت کی راہ سے آگاہ کرے؟ دیکھ قَومیں ڈول کی ایک بُوند کی مانِند ہیں اور ترازُو کی بارِیک گرد کی مانِند گِنی جاتی ہیں۔ دیکھ وہ جزِیروں کو ایک ذرّہ کی مانِند اُٹھا لیتا ہے۔ لُبنان اِیندھن کے لِئے کافی نہیں اور اُس کے جانور سوختنی قُربانی کے لِئے بس نہیں۔ سب قَومیں اُس کی نظر میں ہیچ ہیں بلکہ وہ اُس کے نزدِیک بطالت اور ناچِیز سے بھی کمتر گِنی جاتی ہیں۔

پڑھیں یسعیاہ 40

سنیں یسعیاہ 40

اس یسعیاہ 1:40-17 کے مطابق مفت مطالعاتی منصوبے اور عقیدت بھرے پیغام