YouVersion Logo
تلاش

یسعیاہ 1:40-11

یسعیاہ 1:40-11 URD

تسلّی دو تُم میرے لوگوں کو تسلّی دو۔ تُمہارا خُدا فرماتا ہے۔ یروشلیِم کو دِلاسا دو اور اُسے پُکار کر کہو کہ اُس کی مُصِیبت کے دِن جو جنگ و جدل کے تھے گُذر گئے۔ اُس کے گُناہ کا کفّارہ ہُؤا اور اُس نے خُداوند کے ہاتھ سے اپنے سب گُناہوں کا بدلہ دو چند پایا۔ پُکارنے والے کی آواز! بیابان میں خُداوند کی راہ درُست کرو۔ صحرا میں ہمارے خُدا کے لِئے شاہراہ ہموار کرو۔ ہر ایک نشیب اُونچا کِیا جائے اور ہر ایک پہاڑ اور ٹِیلا پست کِیا جائے اور ہر ایک ٹیڑھی چِیز سِیدھی اور ہر ایک ناہموار جگہ ہموار کی جائے۔ اور خُداوند کا جلال آشکارا ہو گا اور تمام بشر اُس کو دیکھے گا کیونکہ خُداوند نے اپنے مُنہ سے فرمایا ہے۔ ایک آواز آئی کہ مُنادی کر اور مَیں نے کہا مَیں کیا مُنادی کرُوں؟ ہر بشر گھاس کی مانِند ہے اور اُس کی ساری رَونق مَیدان کے پُھول کی مانِند۔ گھاس مُرجھاتی ہے۔ پُھول کُملاتا ہے کیونکہ خُداوند کی ہوا اُس پر چلتی ہے۔ یقِیناً لوگ گھاس ہیں۔ ہاں گھاس مُرجھاتی ہے۔ پُھول کُملاتا ہے پر ہمارے خُدا کا کلام ابد تک قائِم ہے۔ اَے صِیُّون کو خُوشخبری سُنانے والی اُونچے پہاڑ پر چڑھ جا اور اَے یروشلیِم کو بشارت دینے والی زور سے اپنی آواز بُلند کر! خُوب پُکار اور مت ڈر۔ یہُوداؔہ کی بستِیوں سے کہہ دیکھو اپنا خُدا! دیکھو خُداوند خُدا بڑی قُدرت کے ساتھ آئے گا اور اُس کا بازُو اُس کے لِئے سلطنت کرے گا۔ دیکھو اُس کا صِلہ اُس کے ساتھ ہے اور اُس کا اجر اُس کے سامنے! وہ چَوپان کی مانِند اپنا گلّہ چرائے گا۔ وہ برّوں کو اپنے بازُوؤں میں جمع کرے گا اور اپنی بغل میں لے کر چلے گا اور اُن کو جو دُودھ پِلاتی ہیں آہِستہ آہِستہ لے جائے گا۔

پڑھیں یسعیاہ 40

سنیں یسعیاہ 40