YouVersion Logo
تلاش

یسعیاہ 1:30-17

یسعیاہ 1:30-17 URD

خُداوند فرماتا ہے اُن باغی لڑکوں پر افسوس جو اَیسی تدبِیر کرتے ہیں جو میری طرف سے نہیں اور عہد و پَیمان کرتے ہیں جو میری رُوح کی ہِدایت سے نہیں تاکہ گُناہ پر گُناہ کریں۔ وہ مُجھ سے پُوچھے بغیر مِصرؔ کو جاتے ہیں تاکہ فرِعونؔ کے پاس پناہ لیں اور مِصرؔ کے سایہ میں امن سے رہیں۔ لیکن فرِعونؔ کی حِمایت تُمہارے لِئے خجالت ہو گی اور مِصرؔ کے سایہ میں پناہ لینا تُمہارے واسطے رُسوائی ہو گا۔ کیونکہ اُس کے سردار ضُعن میں ہیں اور اُس کے ایلچی حنِیس میں جا پُہنچے۔ وہ اُس قَوم سے جو اُن کو کُچھ فائِدہ نہ پُہنچا سکے اور مدد و یاری نہیں بلکہ خجالت اور ملامت کا باعِث ہو شرمِندہ ہوں گے۔ جنُوب کے جانوروں کی بابت بارِ نبُوّت۔ دُکھ اور مُصِیبت کی سرزمِین میں جہاں سے نر و مادہ شیرِ بَبر اور افعی اور اُڑنے والے آتشی سانپ آتے ہیں وہ اپنی دَولت گدھوں کی پِیٹھ پر اور اپنے خزانے اُونٹوں کے کوہان پر لاد کر اُس قَوم کے پاس لے جاتے ہیں جِس سے اُن کو کُچھ فائِدہ نہ پُہنچے گا۔ کیونکہ مِصریوں کی کُمک باطِل اور بے فائِدہ ہو گی اِسی سبب سے مَیں نے اُسے رہب کہا جو سُست بَیٹھی ہے۔ اب جا کر اُن کے سامنے اِسے تختی پر لِکھ اور کِتاب میں قَلم بند کر تاکہ آیندہ ابدُالآباد تک قائِم رہے۔ کیونکہ یہ باغی لوگ اور جُھوٹے فرزند ہیں جو خُداوند کی شرِیعت کو سُننے سے اِنکار کرتے ہیں۔ جو غَیب بِینوں سے کہتے ہیں غَیب بِینی نہ کرو اور نبِیوں سے کہ ہم پر سچّی نُبُوّتیں ظاہِر نہ کرو۔ ہم کو خُوش گوار باتیں سُناؤ اور ہم سے جُھوٹی نبُوّت کرو۔ راہ سے باہر جاؤ۔ راستہ سے برگشتہ ہو اور اِسرائیل کے قُدُّوس کو ہمارے درمِیان سے مَوقُوف کرو۔ پس اِسرائیل کا قُدُّوس یُوں فرماتا ہے چُونکہ تُم اِس کلام کو حقِیر جانتے اور ظُلم اور کج روی پر بھروسا رکھتے اور اُسی پر قائِم ہو۔ اِس لِئے یہ بدکرداری تُمہارے لِئے اَیسی ہو گی جَیسی پھٹی ہُوئی دِیوار جو گِرا چاہتی ہے۔ اُونچی اُبھری ہُوئی دِیوار جِس کا گِرنا ناگہان ایک دم میں ہو۔ وہ اِسے کُمہار کے برتن کی طرح توڑ ڈالے گا۔ اِسے بے دریغ چکنا چُور کرے گا چُنانچہ اِس کے ٹُکڑوں میں ایک ٹِھیکرا بھی نہ مِلے گا جِس میں چُولھے پر سے آگ اُٹھائی جائے یا حَوض سے پانی لِیا جائے۔ کیونکہ خُداوند یہوواؔہ اِسرائیل کا قُدُّوس یُوں فرماتا ہے کہ واپس آنے اور خاموش بَیٹھنے میں تُمہاری سلامتی ہے۔ خاموشی اور توکُّل میں تُمہاری قُوّت ہے پر تُم نے یہ نہ چاہا۔ تُم نے کہا نہیں ہم تو گھوڑوں پر چڑھ کر بھاگیں گے۔ اِس لِئے تُم بھاگو گے اور کہا ہم تیز رفتار جانوروں پر سوار ہوں گے پس تُمہارا پِیچھا کرنے والے تیز رفتار ہوں گے۔ ایک کی جِھڑکی سے ایک ہزار بھاگیں گے۔ پانچ کی جِھڑکی سے تُم اَیسا بھاگو گے کہ تُم اُس علامت کی مانِند جو پہاڑ کی چوٹی پر اور اُس نِشان کی مانِند جو کوہ پر نصب کِیا گیا ہو رہ جاؤ گے۔

پڑھیں یسعیاہ 30

سنیں یسعیاہ 30