اُس وقت یہُوداؔہ کے مُلک میں یہ گِیت گایا جائے گا۔ ہمارا ایک مُحکم شہر ہے جِس کی فصِیل اور پُشتوں کی جگہ وہ نجات ہی کو مُقرّر کرے گا۔ تُم دروازے کھولو تاکہ صادِق قَوم جو وفادار رہی داخِل ہو۔ جِس کا دِل قائِم ہے تُو اُسے سلامت رکھّے گا کیونکہ اُس کا توکُّل تُجھ پر ہے۔ ابد تک خُداوند پر اِعتماد رکھّو کیونکہ خُداوند یہوواؔہ ابدی چٹان ہے۔ کیونکہ اُس نے بُلندی پر بسنے والوں کو نِیچے اُتارا۔ بُلند شہر کو زیر کِیا۔ اُس نے اُسے زیر کر کے خاک میں مِلایا۔ وہ پاؤں تلے رَوندا جائے گا۔ ہاں مِسکِینوں کے پاؤں اور مُحتاجوں کے قدموں سے۔ صادِق کی راہ راستی ہے۔ تُو جو حق ہے صادِق کی راہبری کرتا ہے۔ ہاں تیری عدالت کی راہ میں اَے خُداوند ہم تیرے مُنتظِر رہے۔ ہماری جان کا اِشتِیاق تیرے نام اور تیری یاد کی طرف ہے۔ رات کو میری جان تیری مُشتاق ہے۔ ہاں میری رُوح تیری جُستجُو میں کوشان رہے گی کیونکہ جب تیری عدالت زمِین پر جاری ہے تو دُنیا کے باشِندے صداقت سِیکھتے ہیں۔ ہرچند شرِیر پر مِہربانی کی جائے پر وہ صداقت نہ سِیکھے گا۔ راستی کے مُلک میں ناراستی کرے گا اور خُداوند کی عظمت کو نہ دیکھے گا۔ اَے خُداوند! تیرا ہاتھ بُلند ہے پر وہ نہیں دیکھتے لیکن وہ لوگوں کے لِئے تیری غَیرت کو دیکھیں گے اور شرمسار ہوں گے بلکہ آگ تیرے دُشمنوں کو کھا جائے گی۔ اَے خُداوند! تُو ہی ہم کو سلامتی بخشے گا کیونکہ تُو ہی نے ہمارے سب کاموں کو ہمارے لِئے انجام دِیا ہے۔ اَے خُداوند! ہمارے خُدا تیرے سِوا دُوسرے حاکِموں نے ہم پر حُکُومت کی ہے لیکن تیری مدد سے ہم صِرف تیرا ہی نام لِیا کریں گے۔
پڑھیں یسعیاہ 26
سنیں یسعیاہ 26
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: یسعیاہ 1:26-13
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos