یسعیاہ 12:1-20

یسعیاہ 12:1-20 URD

جب تُم میرے حضُور آ کر میرے دِیدار کے طالِب ہوتے ہو تو کَون تُم سے یہ چاہتا ہے کہ میری بارگاہوں کو رَوندو؟ آیندہ کو باطِل ہدئے نہ لانا۔ بخُور سے مُجھے نفرت ہے۔ نئے چاند اور سبت اور عِیدی جماعت سے بھی کیونکہ مُجھ میں بدکرداری کے ساتھ عِید کی برداشت نہیں۔ میرے دِل کو تُمہارے نئے چاندوں اور تُمہاری مُقرّرہ عِیدوں سے نفرت ہے۔ وہ مُجھ پر بار ہیں۔ مَیں اُن کی برداشت نہیں کر سکتا۔ جب تُم اپنے ہاتھ پَھیلاؤ گے تو مَیں تُم سے آنکھ پھیر لُوں گا۔ ہاں جب تُم دُعا پر دُعا کرو گے تو مَیں نہ سنُوں گا۔ تُمہارے ہاتھ تو خُون آلُودہ ہیں۔ اپنے آپ کو دھو۔ اپنے آپ کو پاک کرو۔ اپنے بُرے کاموں کو میری آنکھوں کے سامنے سے دُور کرو۔ بد فِعلی سے باز آؤ۔ نیکوکاری سِیکھو۔ اِنصاف کے طالِب ہو۔ مظلُوموں کی مدد کرو۔ یتِیموں کی فریاد رسی کرو۔ بیواؤں کے حامی ہو۔ اب خُداوند فرماتا ہے آؤ ہم باہم حُجّت کریں۔ اگرچہ تُمہارے گُناہ قِرمزی ہوں وہ برف کی مانِند سفید ہو جائیں گے اور ہر چند وہ ارغوانی ہوں تَو بھی اُون کی مانِند اُجلے ہوں گے۔ اگر تُم راضی اور فرمانبردار ہو تو زمِین کے اچّھے اچّھے پَھل کھاؤ گے۔ پر اگر تُم اِنکار کرو اور باغی ہو تو تلوار کا لُقمہ ہو جاؤ گے کیونکہ خُداوند نے اپنے مُنہ سے یہ فرمایا ہے۔