YouVersion Logo
تلاش

ہوسِیعَ 1:9-17

ہوسِیعَ 1:9-17 URD

اَے اِسرائیل دُوسری قَوموں کی طرح خُوشی و شادمانی نہ کر کیونکہ تُو نے اپنے خُدا سے بیوفائی کی ہے۔ تُو نے ہر ایک کھلِیہان میں اُجرت تلاش کی ہے۔ کھلِیہان اور مَے کے حَوض اُن کی پرورِش کے لِئے کافی نہ ہوں گے اور نئی مَے کفایت نہ کرے گی۔ وہ خُداوند کے مُلک میں نہ بسیں گے بلکہ اِفرائِیم مِصرؔ کو واپس جائے گا اور وہ اسُور میں ناپاک چِیزیں کھائیں گے۔ وہ مَے کو خُداوند کے لِئے نہ تپائیں گے اور وہ اُس کے مقبُول نہ ہوں گے اُن کی قُربانِیاں اُن کے لِئے نَوحہ گروں کی روٹی کی مانِند ہوں گی۔ اُن کو کھانے والے ناپاک ہوں گے کیونکہ اُن کی روٹِیاں اُن ہی کی بُھوک کے لِئے ہوں گی اور خُداوند کے گھر میں داخِل نہ ہوں گی۔ مجمعِ مُقدّس کے روز اور خُداوند کی عِید کے روز کیا کرو گے؟ کیونکہ وہ تباہی کے خَوف سے چلے گئے لیکن مِصرؔ اُن کو سمیٹے گا۔ موف اُن کو دفن کرے گا۔ اُن کی چاندی کے اچّھے خزانوں پر بِچُّھو بُوٹی قابِض ہو گی۔ اُن کے خَیموں میں کانٹے اُگیں گے۔ سزا کے دِن آ گئے۔ جزا کا وقت آ پُہنچا۔ اِسرائیل کو معلُوم ہو جائے گا کہ اُس کی بدکرداری کی کثرت اور عداوت کی زِیادتی کے باعِث نبی بیوُقُوف ہے۔ رُوحانی آدمی دِیوانہ ہے۔ اِفرائِیم میرے خُدا کی طرف سے نِگہبان ہے۔ نبی اپنی تمام راہوں میں چِڑِیمار کا جال ہے۔ وہ اپنے خُدا کے گھر میں عداوت ہے۔ اُنہوں نے اپنے آپ کو نِہایت خراب کِیا جَیسا جِبعہ کے ایّام میں ہُؤا تھا۔ وہ اُن کی بدکرداری کو یاد کرے گا اور اُن کے گُناہوں کی سزا دے گا۔ مَیں نے اِسرائیل کو بیابانی انگُوروں کی مانِند پایا۔ تُمہارے باپ دادا کو انجِیر کے پہلے پکّے پَھل کی مانِند دیکھا جو درخت کے پہلے مَوسم میں لگا ہو لیکن وہ بعل فغُور کے پاس گئے اور اپنے آپ کو اُس باعِث رُسوائی کے لِئے مخصُوص کِیا اور اپنے اُس محبُوب کی مانِند مکرُوہ ہُوئے۔ اہلِ اِفرائِیم کی شَوکت پرِندہ کی مانِند اُڑ جائے گی وِلادت و حامِلہ کا وجُود اُن میں نہ ہو گا اور قرارِ حمل مَوقُوف ہو جائے گا۔ اگرچہ وہ اپنے بچّوں کو پالیں تَو بھی مَیں اُن کو چِھین لُوں گا تاکہ کوئی آدمی باقی نہ رہے کیونکہ جب مَیں بھی اُن سے دُور ہو جاؤُں تو اُن کی حالت قابِل افسوس ہوگی۔ اِفرائِیم کو مَیں دیکھتا ہُوں کہ وہ صُور کی طرح نفِیس جگہ میں لگایا گیا لیکن اِفرائِیم اپنے بچّوں کو قاتِل کے سامنے لے جائے گا۔ اَے خُداوند اُن کو دے۔ تُو اُن کو کیا دے گا؟ اُن کو اِسقاطِ حمل اور خُشک پِستان دے۔ اُن کی ساری شرارت جِلجاؔل میں ہے۔ ہاں وہاں مَیں نے اُن سے نفرت کی۔ اُن کی بد اعمالی کے سبب سے مَیں اُن کو اپنے گھر سے نِکال دُوں گا اور پِھر اُن سے مُحبّت نہ رکُھّوں گا۔ اُن کے سب اُمرا باغی ہیں۔ بنی اِفرائیِم تباہ ہو گئے۔ اُن کی جڑ سُوکھ گئی۔ اُن کے ہاں اَولاد نہ ہو گی اور اگر اَولاد ہو بھی تو مَیں اُن کے پِیارے بچّوں کو ہلاک کرُوں گا۔ میرا خُدا اُن کو ردّ کر دے گا کیونکہ وہ اُس کے شِنوا نہیں ہُوئے اور وہ اقوامِ عالَم میں آوارہ پِھریں گے۔