YouVersion Logo
تلاش

ہوسِیعَ 2:2-13

ہوسِیعَ 2:2-13 URD

تُم اپنی ماں سے حُجّت کرو کیونکہ نہ وہ میری بِیوی ہے اور نہ مَیں اُس کا شَوہر ہُوں کہ وہ اپنی بدکاری اپنے سامنے سے اور اپنی زِناکاری اپنے پِستانوں سے دُور کرے۔ اَیسا نہ ہو کہ مَیں اُسے بے پردہ کرُوں اور اُس طرح ڈال دُوں جِس طرح وہ اپنی پَیدایش کے دِن تھی اور اُس کو بیابان اور خُشک زمِین کی مانِند بنا کر پِیاس سے مار ڈالُوں۔ مَیں اُس کے بچّوں پر رحم نہ کرُوں گا کیونکہ وہ حلال زادہ نہیں ہیں۔ اُن کی ماں نے چِھنالا کِیا۔ اُن کی والِدہ نے رُوسِیاہی کی کیونکہ اُس نے کہا مَیں اپنے یاروں کے پِیچھے جاؤُں گی جو مُجھ کو روٹی پانی اور اُونی اور کتانی کپڑے اور رَوغن و شربت دیتے ہیں۔ اِس لِئے دیکھو مَیں اُس کی راہ کانٹوں سے بند کرُوں گا اور اُس کے سامنے دِیوار بنا دُوں گا تاکہ اُسے راستہ نہ مِلے۔ اور وہ اپنے یاروں کے پِیچھے جائے گی پر اُن سے جا نہ مِلے گی اور اُن کو ڈُھونڈے گی پر نہ پائے گی۔ تب وہ کہے گی مَیں اپنے پہلے شَوہر کے پاس واپس جاؤُں گی کیونکہ میری وہ حالت اب سے بِہتر تھی۔ کیونکہ اُس نے نہ جانا کہ مَیں ہی نے اُسے غلّہ و مَے اور رَوغن دِیا اور سونے چاندی کی فراوانی بخشی جِس کو اُنہوں نے بعل پر خرچ کِیا۔ اِس لِئے مَیں اپنا غلّہ فصل کے وقت اور اپنی مَے کو اُس کے مَوسم میں واپس لے لُوں گا اور اپنے اُونی اور کتانی کپڑے جو اُس کی سترپوشی کرتے چِھین لُوں گا۔ اب مَیں اُس کی فاحِشہ گری اُس کے یاروں کے سامنے فاش کرُوں گا اور کوئی اُس کو میرے ہاتھ سے نہیں چُھڑائے گا۔ علاوہ اِس کے مَیں اُس کی تمام خُوشیوں اور جشنوں اور نئے چاند اور سبت کے ایّام اور تمام مُعیّن عِیدوں کو مَوقُوف کرُوں گا۔ اور مَیں اُس کے انگُور اور انجِیر کے درختوں کو جِن کی بابت اُس نے کہا ہے یہ میری اُجرت ہے جو میرے یاروں نے مُجھے دی ہے برباد کرُوں گا اور اُن کو جنگل بناؤُں گا اور جنگلی جانور اُن کو کھائیں گے۔ اور خُداوند فرماتا ہے مَیں اُسے بعلِیم کے ایّام کے لِئے سزا دُوں گا جِن میں اُس نے اُن کے لِئے بخُور جلایا جب وہ بالِیوں اور زیوروں سے آراستہ ہو کر اپنے یاروں کے پِیچھے گئی اور مُجھے بُھول گئی۔