YouVersion Logo
تلاش

ہوسِیعَ 14:2-23

ہوسِیعَ 14:2-23 URD

تَو بھی مَیں اُسے فریفتہ کر لُوں گا اور بیابان میں لا کر اُس سے تسلّی کی باتیں کہُوں گا۔ اور وہاں سے اُس کے تاکِستان اُسے دُوں گا اور عکُور کی وادی بھی تاکہ وہ اُمّید کا دروازہ ہو اور وہ وہاں گایا کرے گی جَیسے اپنی جوانی کے ایّام میں اور مُلکِ مِصرؔ سے نِکل آنے کے دِنوں میں گایا کرتی تھی۔ اور خُداوند فرماتا ہے تب وہ مُجھے اِیشی کہے گی اور پِھر بعلی نہ کہے گی۔ کیونکہ مَیں بعلِیم کے نام اُس کے مُنہ سے دُور کرُوں گا اور پِھر کبھی اُن کا نام نہ لِیا جائے گا۔ تب مَیں اُن کے لِئے جنگلی جانوروں اور ہوا کے پرِندوں اور زمِین پر رینگنے والوں سے عہد کرُوں گا اور کمان اور تلوار اور لڑائی کو مُلک سے نیست کرُوں گا اور لوگوں کو امن و امان سے لیٹنے کا مَوقع دُوں گا۔ اور تُجھے اپنی ابدی نامزد کرُوں گا۔ ہاں تُجھے صداقت اور عدالت اور شفقت و رحمت سے اپنی نامزد کرُوں گا۔ مَیں تُجھے وفاداری سے اپنی نامزد بناؤُں گا اور تُو خُداوند کو پہچانے گی۔ اور اُس وقت مَیں سنُوں گا خُداوند فرماتا ہے۔ مَیں آسمان کی سنُوں گا اور آسمان زمِین کی سُنے گا۔ اور زمِین اناج اور مَے اور تیل کی سُنے گی اور وہ یِزرعیل کی سُنیں گے۔ اور مَیں اُس کو اُس سرزمِین میں اپنے لِئے بوؤُں گا اور لورُؔحامہ پر رحم کرُوں گا اور لوعمّی سے کہُوں گا تُم میرے لوگ ہو اور وہ کہیں گے اَے ہمارے خُدا!