جب اِسرائیل ابھی بچّہ ہی تھا مَیں نے اُس سے مُحبّت رکھّی اور اپنے بیٹے کو مِصرؔ سے بُلایا۔ اُنہوں نے جِس قدر اُن کو بُلایا اُسی قدر وہ دُور ہوتے گئے اُنہوں نے بعلِیم کے لِئے قُربانِیاں گُذرانِیں اور تراشی ہُوئی مُورتوں کے لِئے بخُور جلایا۔ مَیں نے بنی اِفرائِیم کو چلنا سِکھایا۔ مَیں نے اُن کو گود میں اُٹھایا لیکن اُنہوں نے نہ جانا کہ مَیں ہی نے اُن کو صِحت بخشی۔ مَیں نے اُن کو اِنسانی رِشتوں اور مُحبّت کی ڈوریوں سے کھینچا۔ مَیں اُن کے حق میں اُن کی گردن پر سے جُؤا اُتارنے والوں کی مانِند ہُؤا اور مَیں نے اُن کے آگے کھانا رکھّا۔ وہ پِھر مُلکِ مِصرؔ میں نہ جائیں گے بلکہ اسُور اُن کا بادشاہ ہو گا کیونکہ وہ واپس آنے سے اِنکار کرتے ہیں۔ تلوار اُن کے شہروں پر آ پڑے گی اور اُن کے اڑبنگوں کو کھا جائے گی اور یہ اُن ہی کی مشورَت کا نتِیجہ ہو گا۔ کیونکہ میرے لوگ مُجھ سے برگشتگی پر آمادہ ہیں۔ باوُجُودیکہ اُنہوں نے اُن کو بُلایا کہ حق تعالیٰ کی طرف رجُوع لائیں لیکن کِسی نے نہ چاہا کہ اُس کی تمجِید کرے۔ اَے اِفرائِیم مَیں تُجھ سے کیونکر دست بردار ہو جاؤُں؟ اَے اِسرائیل مَیں تُجھے کیونکر ترک کرُوں؟ مَیں کیونکر تُجھے ادمہ کی مانِند کرُوں اور ضِبوئِیم کی مانِند بناؤُں؟ میرا دِل مُجھ میں پیچ کھاتا ہے۔ میری شفقت مَوجزن ہے۔ مَیں اپنے قہر کی شِدّت کے مُطابِق عمل نہیں کرُوں گا۔ مَیں ہرگِز اِفرائِیم کو ہلاک نہ کرُوں گا کیونکہ مَیں اِنسان نہیں۔ خُدا ہُوں۔ تیرے درمِیان سکُونت کرنے والا قدُّوس اور مَیں قہر کے ساتھ نہیں آؤُں گا۔ وہ خُداوند کی پَیروی کریں گے جو شیرِ بَبر کی طرح گرجے گا کیونکہ وہ گرجے گا اور اُس کے فرزند مغرِب کی طرف سے کانپتے ہُوئے آئیں گے۔ وہ مِصرؔ سے پرِندہ کی طرح اور اسُور کے مُلک سے کبُوتر کی مانِند کانپتے ہُوئے آئیں گے اور مَیں اُن کو اُن کے گھروں میں بساؤُں گا خُداوند فرماتا ہے۔ اِفرائِیم نے دروغ گوئی سے اور اِسرائیل کے گھرانے نے مکّاری سے مُجھ کو گھیرا ہے لیکن یہُوداؔہ اب تک خُدا کے ساتھ ہاں اُس قدُّوس وفادار کے ساتھ حُکمران ہے۔
پڑھیں ہوسِیعَ 11
سنیں ہوسِیعَ 11
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: ہوسِیعَ 1:11-12
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos