دارا بادشاہ کی سلطنت کے دُوسرے برس کے چھٹے مہِینے کی پہلی تارِیخ کو یہُوداؔہ کے ناظِم زرُبّاؔبل بِن سیالتی ایل اور سردار کاہِن یشُوع بِن یہُوصدؔق کو حجَّی نبی کی معرفت خُداوند کا کلام پُہنچا۔ کہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ یہ لوگ کہتے ہیں ابھی خُداوند کے گھر کی تعمِیر کا وقت نہیں آیا۔ تب خُداوند کا کلام حجَّی نبی کی معرفت پُہنچا۔ کہ کیا تُمہارے لِئے مُسقّف گھروں میں رہنے کا وقت ہے جب کہ یہ گھر وِیران پڑا ہے؟ اور اب ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ تُم اپنی روِش پر غَور کرو۔ تُم نے بُہت سا بویا پر تھوڑا کاٹا۔ تُم کھاتے ہو پر آسُودہ نہیں ہوتے۔ تُم پِیتے ہو پر پیاس نہیں بجُھتی۔ تُم کپڑے پہِنتے ہو پر گرم نہیں ہوتے اور مزدُور اپنی مزدُوری سُوراخدار تَھیلی میں جمع کرتا ہے۔ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ اپنی روِش پر غَور کرو۔ پہاڑوں سے لکڑی لا کر یہ گھر تعمِیر کرو اور مَیں اِس سے خُوش ہُوں گا اور میری تمجِید ہو گی خُداوند فرماتا ہے۔ تُم نے بُہت کی اُمّید رکھّی اور دیکھو تھوڑا مِلا اور جب تُم اُسے اپنے گھر میں لائے تو مَیں نے اُسے اُڑا دِیا۔ ربُّ الافواج فرماتا ہے کیوں؟ اِس لِئے کہ میرا گھر وِیران ہے اور تُم میں سے ہر ایک اپنے گھر کو دَوڑا چلا جاتا ہے۔ اِس لِئے نہ آسمان سے اوس گِرتی ہے اور نہ زمِین اپنا حاصِل دیتی ہے۔ اور مَیں نے خُشک سالی کو طلب کِیا کہ مُلک اور پہاڑوں پر اور اناج اور نئی مَے اور تیل اور زمِین کی سب پَیداوار پر اور اِنسان و حَیوان پر اور ہاتھ کی ساری مِحنت پر آئے۔ تب زرُبّاؔبل بِن سیالتی ایل اور سردار کاہِن یشُوع بِن یہُوصدؔق اور لوگوں کا سب بقِیّہ خُداوند اپنے خُدا کے کلام اور اُس کے بھیجے ہُوئے حجَّی نبی کی باتوں کے شِنوا ہُوئے اور لوگ خُداوند کے حضُور ترسان ہُوئے۔ تب خُداوند کے پَیغمبر حجَّی نے خُداوند کا پَیغام اُن لوگوں کو سُنایا کہ خُداوند فرماتا ہے مَیں تُمہارے ساتھ ہُوں۔ پِھر خُداوند نے یہُوداؔہ کے ناظِم زرُبّاؔبل بِن سیالتی ایل کی اور سردار کاہِن یشُوع بِن یہُوصدؔق کی اور لوگوں کے بقِیّہ کی رُوح کو ترغِیب دی۔ پس وہ آ کر ربُّ الافواج اپنے خُدا کے گھر کی تعمِیر میں مشغُول ہُوئے۔
پڑھیں حجَّی 1
سنیں حجَّی 1
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: حجَّی 1:1-14
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos