YouVersion Logo
تلاش

حبقُّوق 1:1-11

حبقُّوق 1:1-11 URD

حبقُّوق نبی کی رویا کا بارِ نبُوّت۔:- اَے خُداوند! مَیں کب تک نالہ کرُوں گا اور تُو نہ سُنے گا؟ مَیں تیرے حضُور کب تک چِلاّؤُں گا ظُلم! ظُلم! اور تُو نہ بچائے گا؟ تُو کیوں مُجھے بدکرداری اور کج رفتاری دِکھاتا ہے؟ کیونکہ ظُلم اور سِتم میرے سامنے ہیں۔ فِتنہ و فساد برپا ہوتے رہتے ہیں۔ اِس لِئے شرِیعت کمزور ہو گئی اور اِنصاف مُطلق جاری نہیں ہوتا کیونکہ شرِیر صادِقوں کو گھیر لیتے ہیں۔ پس اِنصاف کا خُون ہو رہا ہے۔ قَوموں پر نظر کرو اور دیکھو اور مُتعجِّب ہو کیونکہ مَیں تُمہارے ایّام میں ایک اَیسا کام کرنے کو ہُوں کہ اگر کوئی تُم سے اُس کا بیان کرے تو تُم ہرگِز باور نہ کرو گے۔ کیونکہ دیکھو مَیں کسدیوں کو چڑھا لاؤُں گا۔ وہ تُرش رُو اور تُند مِزاج قَوم ہیں جو وُسعتِ زمِین سے ہو کر گُذرتے ہیں تاکہ اُن بستِیوں پر جو اُن کی نہیں ہیں قبضہ کر لیں۔ وہ ڈراؤنے اور ہَیبت ناک ہیں۔ وہ خُود ہی اپنی عدالت اور شان کا مصدر ہیں۔ اُن کے گھوڑے چِیتوں سے بھی تیز رفتار اور شام کو نِکلنے والے بھیڑیوں سے زیادہ خُون خوار ہیں اور اُن کے سوار کُودتے پھاندتے آتے ہیں۔ ہاں وہ دُور سے چلے آتے ہیں۔ وہ عُقاب کی مانِند ہیں جو اپنے شِکار پر جھپٹتا ہے۔ وہ سب غارت گری کو آتے ہیں۔ وہ سِیدھے بڑھے چلے آتے ہیں اور اُن کے اسِیر ریت کے ذرّوں کی مانِند بے شُمار ہوتے ہیں۔ وہ بادشاہوں کو ٹھٹّھوں میں اُڑاتے اور اُمرا کو مسخرہ بناتے ہیں۔ وہ قلعوں کو حقِیر جانتے ہیں کیونکہ وہ مِٹّی سے دمدمے باندھ کر اُن کو فتح کر لیتے ہیں۔ تب وہ گِردباد کی طرح گُذرتے اور خطا کر کے گُنہگار ہوتے ہیں کیونکہ اُن کا زور ہی اُن کا خُدا ہے۔