YouVersion Logo
تلاش

پَیدائش 13:47-26

پَیدائش 13:47-26 URD

اور اُس سارے مُلک میں کھانے کو کُچھ نہ رہا کیونکہ کال اَیسا سخت تھا کہ مُلکِ مِصرؔ اور مُلکِ کنعانؔ دونوں کال کے سبب سے تباہ ہو گئے تھے۔ اور جِتنا رُوپَیہ مُلکِ مِصرؔ اور مُلکِ کنعانؔ میں تھا وہ سب یُوسفؔ نے اُس غلّہ کے بدلے جِسے لوگ خرِیدتے تھے لے لے کر جمع کر لِیا اور سب رُوپَے کو اُس نے فرِعونؔ کے محلّ میں پُہنچا دِیا۔ اور جب وہ سارا رُوپَیہ جو مِصرؔ اور کنعانؔ کے مُلکوں میں تھا خرچ ہو گیا تو مِصری یُوسفؔ کے پاس آ کر کہنے لگے ہم کو اناج دے کیونکہ رُوپَیہ تو ہمارے پاس رہا نہیں۔ ہم تیرے ہوتے ہُوئے کیوں مَریں؟ یُوسفؔ نے کہا کہ اگر رُوپَیہ نہیں ہے تُو اپنے چَوپائے دو اور مَیں تُمہارے چَوپایوں کے بدلے تُم کو اناج دُوں گا۔ سو وہ اپنے چَوپائے یُوسفؔ کے پاس لانے لگے اور یُوسفؔ گھوڑوں اور بھیڑ بکرِیوں اور گائے بَیلوں اور گدھوں کے بدلے اُن کو اناج دینے لگا اور پُورے سال بھر اُن کو اُن کے سب چَوپایوں کے بدلے اناج کِھلایا۔ جب یہ سال گذر گیا تو وہ دُوسرے سال اُس کے پاس آ کر کہنے لگے کہ اِس میں ہم اپنے خُداوند سے کُچھ نہیں چِھپاتے کہ ہمارا سارا رُوپَیہ خرچ ہو چُکا اور ہمارے چَوپایوں کے گلّوں کا مالِک بھی ہمارا خُداوند ہو گیا ہے اور ہمارا خُداوند دیکھ چُکا ہے کہ اب ہمارے جِسم اور ہماری زمِین کے سِوا کُچھ باقی نہیں۔ پس اَیسا کیوں ہو کہ تیرے دیکھتے دیکھتے ہم بھی مَریں اور ہماری زمِین بھی اُجڑ جائے؟ سو تُو ہم کو اور ہماری زمِین کو اناج کے بدلے خرِید لے کہ ہم فرِعونؔ کے غُلام بن جائیں اور ہماری زمِین کا مالِک بھی وُہی ہو جائے اور ہم کو بیج دے تاکہ ہم ہلاک نہ ہوں بلکہ زِندہ رہیں اور مُلک بھی وِیران نہ ہو۔ اور یُوسفؔ نے مِصرؔ کی ساری زمِین فرِعونؔ کے نام پر خرِید لی کیونکہ کال سے تنگ آ کر مِصریوں میں سے ہر شخص نے اپنا کھیت بیچ ڈالا۔ سو ساری زمِین فرِعونؔ کی ہو گئی۔ اور مِصرؔ کے ایک سِرے سے لے کر دُوسرے سِرے تک جو لوگ رہتے تھے اُن کو اُس نے شہروں میں بسایا۔ لیکن پُجاریوں کی زمِین اُس نے نہ خرِیدی کیونکہ فرِعونؔ کی طرف سے پُجاریوں کو رسد مِلتی تھی۔ سو وہ اپنی اپنی رسد جو فرِعونؔ اُن کو دیتا تھا کھاتے تھے اِس لِئے اُنہوں نے اپنی زمِین نہ بیچی۔ تب یُوسفؔ نے وہاں کے لوگوں سے کہا کہ دیکھو مَیں نے آج کے دِن تُم کو اور تُمہاری زمِین کو فرِعونؔ کے نام پر خرِید لِیا ہے۔ سو تُم اپنے لِئے یہاں سے بیج لو اور کھیت بو ڈالو۔ اور فصل پر پانچواں حِصّہ فرِعونؔ کو دے دینا اور باقی چار تُمہارے رہے تاکہ کھیتی کے لِئے بیج کے بھی کام آئیں اور تُمہارے اور تُمہارے گھر کے آدمِیوں اور تُمہارے بال بچّوں کے لِئے کھانے کو بھی ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ تُو نے ہماری جان بچائی ہے۔ ہم پر ہمارے خُداوند کے کرم کی نظر رہے اور ہم فرِعونؔ کے غُلام بنے رہیں گے۔ اور یُوسفؔ نے یہ آئِین جو آج تک ہے مِصرؔ کی زمِین کے لِئے ٹھہرایا کہ فرِعونؔ پَیداوار کا پانچواں حِصّہ لِیا کرے۔ سو فقط پُجارِیوں کی زمِین اَیسی تھی جو فرِعونؔ کی نہ ہُوئی۔